اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل شہرام ایرانی نے تہران میں نماز جمعہ کے خطبوں سے قبل خطاب کرتے ہوئے جنگ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور بحریہ کے اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اس عزم کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے کہ شہداء کے راستے پر مضبوطی سے گامزن رہیں اور ان کے راستے سے انحراف نہ کریں۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء، امام شہید، شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کو خراج عقیدت پیش کیا اور رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کو خصوصی طور پر سلام پیش کیا۔
ایڈمرل ایرانی نے کہا کہ آج میں اپنے تمام ساتھیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے آپ کے سامنے حاضر ہوا ہوں، جو دنیا کے مختلف سمندروں اور بین الاقوامی پانیوں میں تعینات ہیں۔ ہمارے اہلکار سمندروں کی گہرائیوں سے لے کر ساحلوں، آبنائے احد ولایت اور آبنائے ہرمز تک تجارتی جہازوں اور تیل بردار بحری جہازوں کی حفاظت اور نگرانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت پر ایرانی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہماری تمام کامیاب کارروائیاں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مبارک نام سے انجام پاتی ہیں اور کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔
ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے یوم بحریہ کے حوالے سے کہا کہ یہ دن ایران کے عوام، بالخصوص امام شہید کے لیے مبارک باد کا دن ہے، جنہوں نے سمندری محاذ پر تعینات بحری اہلکاروں پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے بحریہ کے اہلکاروں کے اہل خانہ کا بھی شکریہ ادا کیا، جو شب و روز اپنے پیاروں کی حمایت کرتے ہیں اور انہیں دشمن کے مقابلے کے لیے تیار رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی حمایت کی بدولت ہمارے اہلکار پوری طاقت کے ساتھ دشمن کے سامنے کھڑے ہیں اور ولایت کے پرچم تلے میدان، سڑک اور سفارت کاری کے تینوں محاذوں کو متحد رکھ کر دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
ایڈمرل ایرانی نے اس دن کی تاریخی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ کے دوران بعثی حکومت کے خلاف بحریہ کے جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ان جوانوں نے قرآن و عترت سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اور ولایت سے وفاداری کے اصول پر عمل کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دشمن کو سمندری محاذ سے پیچھے دھکیلا اور ملک کی اہم اقتصادی گزرگاہوں کو محفوظ رکھا۔
ماضی اور موجودہ حالات کا موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آٹھ سالہ جنگ کے دوران ہماری کارروائیاں خلیج فارس کے شمالی حصے تک محدود تھیں اور آبنائے ہرمز ہمارے لیے دفاعی محاذ کی حیثیت رکھتی تھی، لیکن آج جنگ کا دائرہ سمندروں اور بحرِ اعظم تک پھیل چکا ہے۔ اب آبنائے ہرمز کے دفاعی حصار کو بھی ہم نے وسعت دی ہے اور اسے ’’آبنائے احد ولایت‘‘ کا نام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ولایت کے سپاہیوں نے رہبر کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے دشمن کو اپنی تمام تر فوجی طاقت کے باوجود بحیرہ عمان کے پانیوں کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی، چہ جائیکہ وہ ایران کے خصوصی اقتصادی اور علاقائی پانیوں تک پہنچ سکے۔
ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے جنگ کے ابتدائی دنوں میں بحریہ کی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی دن ہمارے ساتھیوں نے دشمن کے مرکزی ٹھکانے اور طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کی درست نشاندہی کی اور اپنے پہلے غیر آزمودہ میزائل کا تجربہ کرتے ہوئے دشمن کے قلب پر حملہ کیا۔ اللہ کا شکر ہے کہ میزائل اپنے ہدف پر لگا اور دشمن کو نقصان پہنچایا۔