Print this page

عوام کی طاقت سے بڑھ کر کوئی طاقت نہیں، امریکا ہمیں کبھی شکست نہیں دے سکتا: پزشکیان

Rate this item
(0 votes)
عوام کی طاقت سے بڑھ کر کوئی طاقت نہیں، امریکا ہمیں کبھی شکست نہیں دے سکتا: پزشکیان

صدر مسعود پزشکیان نے عوام کی قدر و منزلت اور حکومتی اداروں کی جانب سے ان کی خدمت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہم ایک دوسرے کا ساتھ دیں تو عوام کی طاقت سے بڑھ کر کوئی طاقت نہیں ہوگی اور امریکا اور دیگر دشمن کبھی ہمیں گرا نہیں سکیں گے۔

صدر پزشکیان نے پیر 23 نومبر 2026 کو تہران کی ایک مسجد میں مسجدوں کو مرکز و محور بنانے کے ایک منصوبے کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کیا۔ اس تقریب میں وزیر داخلہ، وزیر ثقافت و اسلامی تعلیمات، وزیر تعاون، محنت و سماجی بہبود، تہران میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر اور رضاکار فورس بسیج کے سربراہ نے شرکت کی۔ انھوں نے اسلامی انقلاب کے بانی، رہبر شہید اور انقلاب اسلامی و اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام شہداء کی پاک ارواح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ہمیں مسجدوں کے فروغ اور استحکام کے لیے پوری سنجیدگی کے ساتھ وقت صرف کرنا چاہیے۔ ہماری گفتگو اور عمل کا معیار ان تعلیمات پر مبنی ہونا چاہیے جن پر قرآن مجید کی آیات اور نہج البلاغہ میں زور دیا گیا ہے۔

صدر نے ملک کے دانشوروں اور بااثر شخصیات کو قتل کرنے کے لیے دشمنوں کی مجرمانہ کارروائیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان اقدامات کو ان ممالک کا کھلا جرم قرار دیا جو جمہوریت کے دعوے دار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جن سائنس دانوں کو شہید کیا گیا، وہ ایرانی قوم کے خادم تھے۔ دشمن ان باشعور اور صاحب علم افراد کو شہید کر کے ملک کو ان کی خدمات سے محروم کرنا چاہتے تھے۔ ہمارے شہید سائنس دانوں اور کمانڈروں نے سادہ زندگی گزاری، ان میں سے بعض کے پاس تو اپنا ذاتی مکان بھی نہیں تھا۔

پزشکیان نے اسلامی حکومت کی بعض خصوصیات بیان کرتے ہوئے عدل، مہربانی، شفقت اور انصاف کو اس کی بنیادی اقدار قرار دیا اور کہا کہ معاشرے کا ہر فرد درست بات بیان کر سکتا ہے۔ ضروری ہے کہ ہم عوام سے احترام کے ساتھ بات کریں اور محاذ آرائی پیدا کرنے سے گریز کریں۔ اگر ہم ایک دوسرے کا ساتھ دیں تو عوام کی طاقت سے بڑھ کر کوئی طاقت نہیں ہوگی اور امریکا اور دیگر دشمن کبھی ہمیں گرا نہیں سکیں گے البتہ اگر ہم عوام کو نظر انداز کریں گے تو خود ہی ملک کو کمزور کرنے کے اسباب فراہم کریں گے۔

صدر مملکت نے اپنی تقریر کے ایک اور حصے میں ہمسایہ مسلم ممالک کے ساتھ رابطے اور تعاون کو ایک ناقابل انکار ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم ہمسایہ ممالک ہمارے دینی بھائی ہیں۔ امریکا اور دشمن، پابندیاں عائد کرکے ہمارے ملک کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا چاہتے ہیں۔ ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعمیری اور ہمہ جہت تعاون کے ذریعے زمینی راستوں کو دیگر راستوں کا متبادل بنا سکتے ہیں اور اس طرح پابندیوں اور مشکلات میں کمی کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ ہم سب کو ایسے اقدامات کرنے چاہیے جن سے کمیوں اور مشکلات میں کمی آئے۔

صدر نے اپنی تقریر کے ایک اور حصے میں معاشرے میں اختلاف اور تفرقہ پیدا کرنے کی دشمنوں کی سازش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن جنگ کے ذریعے ہمارے ملک کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکے اور نہ ہی کر سکیں گے۔ اسی وجہ سے وہ اختلاف اور تفرقہ پیدا کر کے ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ رائے کا اختلاف اور طرز زندگی میں فرق ہمیشہ موجود رہا ہے اور ہمیں مختلف نظریات کو قبول کرنا چاہیے۔ اگر ہم اصولوں کو تسلیم کر لیں تو جزوی معاملات میں بھی مشترکہ سوچ تک پہنچ جائیں گے۔ ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنا چاہیے اور ایک دوسرے کی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔ اگر ہم اتحاد اور یکجہتی برقرار رکھیں تو اپنے محلے، شہر، صوبے اور ملک کو آباد کر سکتے ہیں۔

Read 53 times