Print this page

ملائیشیاء کی جامع مسجد کلانگ؛ ثقافتی اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت

Rate this item
(0 votes)
ملائیشیاء کی جامع مسجد کلانگ؛ ثقافتی اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت

 چینی مسلمانوں کی جامع مسجد کلانگ (Masjid Jamek Cina Muslim Klang)، جسے بعض ذرائع ابلاغ میں غلطی سے ’’مسجد جامع سینا‘‘ بھی کہا جاتا ہے، ملائیشیا کی ریاست سلانگور میں ثقافتی اور مذہبی ہم آہنگی کی جدید اور نمایاں علامت کے طور پر دنیا بھر کے سیاحوں اور ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

اس مسجد کی تعمیر کا تصور ملائیشیا کی چینی مسلم ایسوسی ایشن کی حمایت اور سلطان سلانگور سلطان شرف الدین ادریس شاہ کی سرپرستی میں سامنے آیا۔ اس کے تعمیراتی ڈیزائن کی اصل چینی شناخت برقرار رکھنے کے لیے حتمی نقشہ تیار کرنے سے قبل چین میں خصوصی مطالعاتی دورے اور میدانی تحقیقات کی گئیں۔ مسجد کی تعمیر کا آغاز 2019ء کے اواخر میں ہوا اور کورونا وبا کے باعث پیش آنے والی مشکلات کے باوجود اگست 2024ء میں اس منصوبے کو مکمل کرکے افتتاح کر دیا گیا۔

یہ منفرد شاہکار شہر کلانگ کے علاقے بندر بوٹانک (Bandar Botanik) میں تعمیر کیا گیا ہے، جس پر تقریباً 19.3 ملین ملائیشین رنگٹ (تقریباً 4.7 ملین امریکی ڈالر) لاگت آئی۔ اس عمارت میں اسلامی فنون اور روایتی چینی طرزِ تعمیر کا غیر معمولی امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔

مسجد کا بیرونی ڈیزائن مکمل طور پر چین کی تاریخی ’’جامع مسجد شی آن‘‘ سے متاثر ہے، جو دنیا کی قدیم ترین مساجد میں شمار ہوتی ہے۔ اس کی ڈھلوان چھتیں، سرمئی رنگ کی روایتی ٹائلیں، سرخ دیواریں اور مشرقی طرز کے تین منزلہ پاگوڈا نما مینار پہلی نظر میں دیکھنے والوں کو روایتی چینی فنِ تعمیر کی یاد دلاتے ہیں۔

اس مذہبی کمپلیکس میں ایک ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش موجود ہے۔ یہاں اسلامی فنون کی گیلری، خصوصی لائبریری، چینی زبان (مینڈرین) میں قرآن کریم کے تراجم اور ایک ثقافتی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔

مسجد کا محراب چینی طرزِ خطاطی سے مزین عربی تحریروں سے آراستہ ہے۔ اس کے علاوہ مسجد کے احاطے میں ہاتھ سے تراشے گئے 30 کدو نما برتن (Labu Air) محفوظ کیے گئے ہیں، جن میں سے ہر ایک قرآن کریم کے ایک پارے کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس مسجد کے دروازے غیر مسلم سیاحوں اور تمام دیگر زائرین کے لیے بھی کھلے ہیں۔

مسجد کے احاطے میں مختلف حصوں میں داخلے کے لیے مخصوص دروازے بنائے گئے ہیں، جن کے بالائی حصوں پر قرآن کریم کی آیات عربی زبان میں درج ہیں۔ مسجد کے مرکزی صحن میں رنگ برنگی کوائی مچھلیوں (Koi Fish) کے لیے خوبصورت تالاب بھی بنائے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ مسجد کے احاطے میں ایک روایتی چینی حلال کیفے بھی قائم ہے، جہاں ہاتھ سے تیار کردہ چینی نوڈلز (Mi Tarik) اور ڈِم سم سمیت مختلف روایتی چینی کھانے پیش کیے جاتے ہیں۔ ان سہولیات نے اس مسجد کو ریاست سلانگور میں ایک مقبول ثقافتی اور سیاحتی مرکز بنا دیا ہے۔

یہ منفرد عمارت محض عبادت گاہ نہیں بلکہ کثیرالثقافتی معاشرے کے حامل ملائیشیا میں ملائی اور چینی مسلم برادریوں کے درمیان تعلقات، باہمی احترام اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت بھی ہے

Read 4 times