Print this page

ایران کے پاس ایسے ہتھیار موجود ہیں جو ابھی تک استعمال بھی نہیں کیے گئے، دفاعی ذرائع

Rate this item
(0 votes)
ایران کے پاس ایسے ہتھیار موجود ہیں جو ابھی تک استعمال بھی نہیں کیے گئے، دفاعی ذرائع

امریکی دھمکیوں کے دوبارہ سامنے آنے کے بعد ایک ایرانی فوجی ذریعے نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے پاس ایسے جدید ہتھیار موجود ہیں جو ابھی تک نہ تو میدانِ جنگ میں استعمال کیے گئے ہیں اور نہ ہی عملی طور پر آزمائے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، روسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی فوجی ذریعے نے کہا کہ تہران نے کئی جدید ہتھیار مقامی سطح پر تیار کیے ہیں جو امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران استعمال نہیں کیے گئے۔

فوجی ذریعے نے کہا کہ ہم نے ایسے جدید ہتھیار تیار کیے ہیں جو ابھی تک میدانِ جنگ میں استعمال نہیں ہوئے اور عملی طور پر ان کا تجربہ بھی نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی سازوسامان اور فوجی صلاحیت کے لحاظ سے ایران کو کسی قسم کی کمی کا سامنا نہیں ہے اور ملک کے دفاع میں کوئی رکاوٹ موجود نہیں۔ ان کے بقول اس مرتبہ ایران تحمل کا مظاہرہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب نے بھی حالیہ دھمکیوں کے جواب میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ایران کے خلاف دوبارہ جارحیت کی گئی تو جنگ کا دائرہ کار خطے سے باہر تک پھیل جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور صہیونی حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنی بار بار کی اسٹریٹجک شکستوں سے کوئی سبق حاصل نہیں کرسکے اور ایک بار پھر دھمکیوں کا سہارا لے رہے ہیں۔

سپاہ پاسداران کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے دنیا کی دو مہنگی ترین افواج کی تمام صلاحیتوں کے ساتھ ایران پر حملہ کیا، تاہم ایران نے اس مقابلے میں اپنی تمام دفاعی صلاحیتیں استعمال نہیں کیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر ایران پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو وہ علاقائی جنگ جس کی پہلے تنبیہ کی جا چکی ہے، اس بار خطے کی حدود سے باہر تک پھیل جائے گی اور ایران کے کاری وار دشمنوں کو ایسے مقامات پر تباہی سے دوچار کریں گے جہاں وہ تصور بھی نہیں کر سکتے۔

Read 13 times