Print this page

عراق سے امریکہ کے دہشت گرد فوجی جلد ہی نکل جائیں گے، بدر الزایدی

Rate this item
(0 votes)
عراق سے امریکہ کے دہشت گرد فوجی جلد ہی نکل جائیں گے، بدر الزایدی

شیعیت نیوز: عراقی پارلیمنٹ کی دفاعی و سیکورٹی امور کی کمیٹی کے رکن بدر الزایدی نے بتایا کہ اکتوبر کے مہینے سے عراق سے امریکی فوج کے نکلنے کا عمل شروع ہو جائے گا۔

ارنا کے مطابق بدر الزایدی نے جمعرات کے روز کہا کہ عراق سے امریکی فورسز کا انخلا جولائی کے مہینے میں بغداد-واشنگٹن کے درمیان ہوئی موافقت کے تحت انجام پائے گا۔

اس موافقت کے تحت امریکی فورسز مرحلہ وار باہر نکالی جائے گی۔ انہوں نے آگے کہا 1 جنوری 2022 تک ایک بھی امریکی فوجی عراق میں باقی نہیں رہے گا۔

عراقی پارلیمنٹ کی دفاعی و سیکورٹی امور کی کمیٹی کے ممبر بدر الزایدی نے ملک میں امریکی فورسز کے آپریشن کے بارے میں کہا: داعش کے خلاف بین الاقوامی اتحاد کے ممبرکی حیثیت سے امریکہ عراق میں ہوائی حملے نیز عراقی فورسز کی ٹریننگ اور اسے مشورہ دینے کا عمل جاری رکھے گا۔

الزایدی نے کہا اس وقت عراق میں 2500 امریکی فوجی موجود ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کتنی تعداد میں یہ فوجی عراق میں ٹریننگ اور مشاورتی امور کے لئے باقی رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عراق سے امریکی فوج کے فوجی سازوسامان دوسرے عرب ملک منتقل ہوں گے۔

 

بغداد-واشنگٹن معاہدے کے مطابق، عراق میں امریکی فوجی مشن ختم کرنے میں چار مہینے سے بھی کم وقت رہ گیاہے۔ اس معاہدے کے مطابق، جس پر عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی اور امریکی صدر جو بائیڈن نے دستخط کئے ہیں، 31 دسمبر 2021 تک عراق میں امریکہ کا فوجی مشن ختم ہو جائے گا تاہم دیگر عناوین سے امریکی عراق میں بدستور موجود رہیں گے۔

یاد رہے جنوری 2020ء میں بغداد ایئرپورٹ کے قریب امریکی ڈرونز کے دہشت گردانہ حملے میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف نبرد آزما سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور حشد الشعبی عراق کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس شہید ہو گئے تھے۔

اس واقعے کے بعد عراقی پارلیمنٹ نے اسی سال فروری میں بھاری اکثریت سے ایک بل منظور کیا تھا جس میں امریکہ سمیت غیر ملکی افواج کے جلد از جلد انخلاء پر زور دیا گیا تھا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اس انخلاء کو یقینی بنائے۔ اس مقصد کیلئے اب تک عراقی اور امریکی حکام میں اسٹریٹجک مذاکرات کے چار دور منعقد ہو چکے ہیں۔

امریکی حکام نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس سال کے آخر تک عراق سے اپنے تمام فوجی باہر نکال لیں گے۔

Read 438 times