Print this page

ایرانی کھلاڑیوں کی اولمپک اور پیراولمپک مقابلوں میں کامیابی ان کی ہمت، نشاط اور استقامت کا مظہر

Rate this item
(0 votes)
ایرانی کھلاڑیوں کی اولمپک اور پیراولمپک مقابلوں میں کامیابی ان کی ہمت، نشاط اور استقامت کا مظہر

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ٹوکیو میں اولمپک اور پیرالمپک 2020 مقابلوں میں میڈلز حاصل کرنے والے ایرانی کھلاڑیوں سے ملاقات ميں فرمایا: اولمپک اور پیراولمپک مقابلوں میں آپ کی کامیابی درحقیقت عالمی سطح پر آپ کی ہمت، نشاط اور استقامت پر مبنی اہم پیغام ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عالمی سطح پر کامیابی کے پیغامات  کو معاشرے کے جوانوں اور نوجواں کے لئے بھی اہم قراردیتے ہوئے فرمایا: ان پیغامات کا تعلق دل کی گہرائیوں سے ہے اور ہم اس کی قدر و قیمت کو اچھی طرح جانتے ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے بعض پابندیوں اور محدودیتوں کے باوجود عالمی سطح پر ایران کے پرچم کو کامیابی کے ساتھ لہرانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: آپ نے پابندیوں کے باوجود ملک کے پرچم کو عالمی پلیٹ فارمز پر بلند کیا یہ آپ کے مضبوط و مستحکم ارادے اور خلاقیت کا مظہر ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی خواتین کی طرف سے ٹوکیو مقابلوں میں باحجاب شرکت کرنے اور میڈلز حاصل کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی خواتین نے ثابت کردیا ہے کہ حجاب ان کی ترقی اور پیشرفت میں مانع اور رکاوٹ نہیں ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایران کی باپردہ اور باحجاب خواتین کھلاڑي آج دیگر اسلامی ممالک کی خواتین کھلاڑيوں کے لئے بھی بہترین نمونہ ہیں اور آج 10 ممالک کی مسلمان خواتین حجاب کے ساتھ عالمی کھیلوں میں شرکت کرتی ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسرائيل کی طرف سے عالمی مقابلوں میں شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اسرائیل کی غاصب حکومت عالمی سطح پر اپنے لئے قانونی جواز تلاش کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اس سلسلے میں کھیل کے میدان سے بھی استفادہ کررہی ہے اور اسے اس سلسلے میں عالمی سامراجی طاقتوں کی حمایت بھی حاصل ہے، لیکن ایران نے عالمی سطح پر واضح کردیا ہے کہ وہ اسرائيل کی غاصب ، ناجائز اور نامشروع حکومت کو کھیل کے میدان میں بھی تسلیم نہیں کرتا اور یہی وجہ ہے کہ ایرانی کھلاڑی اسرائيل کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے تیار نہیں ، لہذا ایران کے کھیل کے حکام کو بھی اس موضوع پر خاص توجہ مبذول کرنی چاہیے۔

Read 488 times