Print this page

ایران اور روس کے درمیان مضبوط اور مستحکم تعلقات خطے کی سلامتی کے لئے مؤثر ہیں

Rate this item
(0 votes)
ایران اور روس کے درمیان مضبوط اور مستحکم تعلقات خطے کی سلامتی کے لئے مؤثر ہیں

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین ابو ترابی فرد کی امامت میں منعقد ہوئی،  جس میں تہران کے مؤمنین نے بھر پور شرکت کی۔ نماز جمعہ کے خطیب جمعہ نے ایرانی صدر سید ابراہیم کے دورہ ماسکو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور روس کے درمیان مضبوط اور مستحکم تعلقات خطے کی سلامتی کے لئے مؤثر ہیں۔

خطیب جمعہ نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی ولادت باسعادت کی آمد کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ مسلم کی بیٹی، صدیقہ، طاہرہ ہونے کے ساتھ صداقت، شجاعت ، معرفت، زہد اور علم و دانش کا مظہر ہیں اور ان کی ولادت کے دن کو ایران میں یوم مادر اور یوم خاتون کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔ خطیب جمعہ نے کہا کہ دنیا کی تمام عورتوں اور خاص طور پر مسلمانوں عورتوں کی لئے پیغمبر اسلام (ص) کی بیٹی حضرت فاطمہ زہرا (س) بہترین نمونہ ہیں۔

خطیب جمعہ نے ایران، چین اور روس کی مشترکہ بحری مشقوں کو بھی اہم قراردیا اور ایرانی صدر کے دورہ روس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ روس ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور روس کے ساتھ ایران کے اقتصادی، سیاسی اور تجارتی تعلقات دونوں ممالک کے لئےمفید اور سود مند ثابت ہوں گے۔

حجۃ الاسلام ابو ترابی فرد نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان مضبوط و مستحکم تعلقات کے علاقائی اور عالمی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور دونوں ممالک کے گہرے تعلقات سے علاقائی سطح پر امن و سلامتی برقرار رکھنے میں مدد ملےگی۔

Read 537 times