ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امام خمینی، شہید امام خامنہ ای اور رہبر معظم آیت اللہ مجتبی خامنہ ای کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔
ملک کے ثقافتی شعبے سے تعلق رکھنے والے دانشوروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ میں پورے وجود کے ساتھ یہ کہتا ہوں کہ میرے لیے شہید امام اور رہبر معظم انقلاب کے درمیان کوئی فرق نہیں، ولی فقیہ اور رہبر کا حکم ہی آخری اور فیصلہ کن حکم ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید امام خامنہ ای نے ہمیں شہادت، شجاعت، مزاحمت، عقلانیت اور استکبار ستیزی جیسے مفاہیم سے آشنا کیا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ہمیں اپنے شہید امام کو یاد کرنا چاہیے، وہ شخصیت جنہوں نے اپنی گفتگو، کردار اور عمل کے ذریعے ہم سب کو سکھایا، تربیت دی اور قدم بہ قدم ہماری رہنمائی کی۔
قالیباف نے مزید کہا کہ ان تمام چیزوں کے ساتھ شہید امام نے ہمیں سوچنا بھی سکھایا، محبت اور درگزر کا درس دیا اور زندگی گزارنے کا طریقہ سکھایا۔ انہوں نے ہمیں تنظیمی کام، خود اعتمادی اور حقیقی جمہوری طریقہ بھی سکھایا۔
قالیباف نے تاکید کی کہ میں پورے یقین کے ساتھ کہتا ہوں اور یہی میرا عقیدہ ہے کہ امام خمینی، شہید امام خامنہ ای اور موجودہ رہبر معظم انقلاب اسلامی میرے لیے ایک دوسرے سے مختلف نہیں ہیں۔ ولی فقیہ کا حکم حرف آخر ہے اور رہبر معظم کا حکم ہی آخری حکم ہے۔