Print this page

آبنائے ہرمز میں امریکہ سے دفاعی تعاون، ایران کی جنوبی کوریا کو سخت وارننگ

Rate this item
(0 votes)
آبنائے ہرمز میں امریکہ سے دفاعی تعاون، ایران کی جنوبی کوریا کو سخت وارننگ

 ایران نے آبنائے ہرمز میں ممکنہ فوجی مداخلت کے حوالے سے جنوبی کوریا کو سخت خبردار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ایک اعلی ایرانی سیاسی و سکیورٹی عہدیدار نے المیادین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران جنوبی کوریا کو خبردار کرتا ہے کہ وہ واشنگٹن کے دباؤ میں آکر امریکی فوج کی غیر قانونی کارروائیوں میں تعاون پر مجبور نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ سیول کو امریکی دشمنانہ پالیسیوں کی خاطر اپنے مفادات اور خطے میں اپنی حیثیت کو قربان نہیں کرنا چاہیے۔

ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ جنوبی کوریا اچھی طرح جانتا ہے کہ آبنائے ہرمز میں موجودہ عدم تحفظ کی بنیادی وجہ امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت ہے، اس لیے اسے اس حقیقت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز میں ایران کے خلاف جنوبی کوریا کی کسی بھی قسم کی شرکت کو تہران ایران کے خلاف براہ راست فوجی حملے میں شرکت تصور کرے گا۔

ایرانی عہدیدار نے خبردار کیا کہ ایران اپنے عوام کے خلاف دشمنانہ کارروائیوں میں کسی بھی قسم کی ملی بھگت کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق جب تک ایران کے خلاف امریکہ کی غیر قانونی مداخلت، دشمنانہ محاصرہ اور معاشی جنگ جاری رہے گی، خطے میں حقیقی امن و سلامتی بحال نہیں ہوسکتی۔

یاد رہے کہ جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے ایک روز قبل دعوی کیا تھا کہ حکومت آبنائے ہرمز کے معاملے پر مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے، جن میں فوجی کارروائی بھی شامل ہے، تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

Read 50 times