اسرائیلی اخبار ہاآٹز نے بتایا ہے کہ جنگ سے پہلے کی دہائی میں اسرائیلی فوج کے حاضر سروس اہلکاروں میں خودکشی کی سالانہ اوسط تقریباً 12 تھی، تاہم 2024ء میں یہ تعداد بڑھ کر 21 اور 2025ء میں 22 ہوگئی، جبکہ رواں سال کے آغاز سے اب تک 23 فوجی خودکشی کرچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، رواں سال کم از کم 17 ایسے سابق فوجیوں نے بھی خودکشی کی ہے جو جنگ کے دوران باقاعدہ فوجی یونٹوں یا ریزرو فورسز میں خدمات انجام دے چکے تھے۔ اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں میں خودکشی کے پانچ واقعات اور اسرائیلی وزارت جنگ کے بحالی کے شعبے میں زیر علاج افراد میں خودکشی کے چھ واقعات بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
ہاآرٹز نے نشاندہی کی کہ خودکشیوں میں اضافے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، حالانکہ 7 اکتوبر کے حملے کے بعد ابتدائی مہینوں کے مقابلے میں فوجی خدمات کے لیے طلب کیے جانے والے اہلکاروں کی تعداد کم ہو چکی ہے۔
اخبار نے مزید بتایا کہ اسرائیلی فوج کے جاری کردہ اعداد و شمار خودکشیوں کی مکمل تصویر پیش نہیں کرتے، کیونکہ ماضی میں ان اعداد و شمار میں ان فوجیوں کو شامل نہیں کیا جاتا تھا جنہوں نے فوجی ملازمت ختم ہونے کے بعد خودکشی کی۔
ہاآرٹز نے اسرائیلی فوج کے شعبہ افرادی قوت کے ایک افسر کے حوالے سے لکھا کہ ممکن ہے گزشتہ برسوں میں بھی خودکشیوں کی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ رہی ہو۔
اس افسر نے خودکشیوں میں نمایاں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بعض فوجی جب اپنے گھروں کو واپس آتے ہیں تو انہیں اپنی نفسیاتی ضروریات کے لیے مناسب مدد اور علاج میسر نہیں آتا۔
اٰخبار نے متعدد فوجیوں کے حوالے سے بتایا کہ جنگی محاذوں پر نفسیاتی صحت کے افسران کی موجودگی کم ہوگئی ہے۔ اسی طرح ریزرو فوجیوں کو شہری زندگی میں واپسی سے پہلے جنگ کے دوران پیش آنے والے تکلیف دہ تجربات سے نمٹنے اور ان کے علاج کے لیے دی جانے والی مدت بھی کم کر دی گئی ہے۔
اخبار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اسرائیلی فوج نے جنگ کے دوران بعض ایسے افراد کو بھی دوبارہ فوجی خدمات کے لیے طلب کیا جو نفسیاتی مسائل کے باعث وزارت جنگ کی نگرانی میں زیر علاج تھے۔ بعض معاملات میں ان کی فوجی خدمات انجام دینے کی اہلیت اور ذہنی آمادگی کا جائزہ بھی نہیں لیا گیا۔
دوسری جانب، بعض فوجیوں نے بتایا کہ افرادی قوت کی کمی یا نفسیاتی صحت کے حوالے سے پرانے اور غلط تصورات کی وجہ سے ان کے کمانڈروں نے انہیں نفسیاتی علاج تک رسائی حاصل کرنے سے روکا۔