Print this page

کمزور اور پست قومیں ہی غیروں کی غلامی قبول کرتی ہیں، مومن کو ذلیل ہونے کی اجازت نہیں

Rate this item
(0 votes)
کمزور اور پست قومیں ہی غیروں کی غلامی قبول کرتی ہیں، مومن کو ذلیل ہونے کی اجازت نہیں

 مسجد اعظم قم میں 27 ستمبر 2025 کو درسِ فقہ کے اختتام پر آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے امیرالمؤمنین علیہ السلام کے کلام «لَا یَمْنَعُ الضَّیْمَ الذَّلِیلُ» کی روشنی میں کہا کہ جس قوم کا یقین یہ ہو کہ دنیا کی زندگی چند سانسوں کی مہمان ہے اور شہادت ’’روح و ریحان‘‘ ہے، وہ کبھی بھی دھمکیوں اور دباؤ سے مرعوب نہیں ہوتی۔ اسلام کا بھی یہی پیغام ہے کہ عزت اور مزاحمت کے ساتھ جیا جائے۔ امام علی علیہ السلام نے فرمایا: ’’پتھر جہاں سے آیا ہے وہیں واپس پھینکو، مرد بنو اور مردانہ زندگی بسر کرو۔‘‘

انہوں نے کہا کہ روایاتِ معصومینؑ کے مطابق انسان اپنی عزت و آبرو کا مالک مطلق نہیں بلکہ اللہ کی امانت دار ہے، جس طرح عورت کی عصمت اور ناموس الٰہی امانت ہے۔ لہٰذا کوئی بھی شخص اپنی یا کسی مومن کی آبرو کو ذلت کے ساتھ برباد کرنے کا حق نہیں رکھتا۔

حضرت آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے امام معصوم علیہ السلام کا فرمان نقل کیا کہ: «إنَّ اللّه فَوَّضَ إلَی المُؤمِنِ اُمورَهُ کُلَّها، و لَم یُفَوِّضْ إلَیهِ أن یَکونَ ذَلیلاً» یعنی خدا نے مؤمن کے تمام امور اس کے سپرد کیے ہیں، مگر اسے کبھی ذلت برداشت کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اسی طرح ایک قوم کو بھی حق نہیں کہ وہ خود کو ذلیل کرے اور اپنی اجتماعی عزت کو پامال کرے۔

آخر میں آپ نے دعا کی کہ خداوند متعال اہل بیت علیہم السلام کی آبرو کے صدقے اس ملک کو ظہور امام زمانہؑ تک ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھے۔

Read 10 times