امام خمینی رح ایک تاریخ سازہستی

Rate this item
(0 votes)

امام خمینی رح ایک تاریخ سازہستی

امام خمینی نے ایک ایسے دور میں جبکہ پوری دنیا کی نظروں میں صرف دو طاقتیں اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی تھی یہ واضح کردیا کہ دنیا کے اندر صرف دو طاقتیں ( مغربی دنیا اور کمیونسٹ ) ہی نہیں بلکہ تیسری ایک بہت بڑی طاقت بھی اسلام اور ایمان کی شکل میں موجود ہے

تحریر:ذاکر حسین جامعۃ النجف اسکردو پاکستان

تاریخ انسانیت ایسی عظیم شخصیتوں کے ذکر سے بھری پڑی ہے جنھوں نے اپنی پاک سیرت، مہر و محبت اور انسان دوستی کی بناء پر لوگوں کے دلوں پر حکومت کی۔ انسان دوستی، نرم مزاجی، پاک کردار و گفتار اور مظلوم پروری وغیرہ ایسی صفات ہیں جو اپنے اندر ایک پر کشش مقناطیسی طاقت رکھتی ہیں۔ لھذا جس کے اندر یہ چیزیں موجود ہوں وہ ایسی مقبول شخصیت بن جاتی ہیں کہ بے اختیار انسانی توجہ ان پر مرکوز ہوتی ہے۔ خدا کے انہی پاک طینت اور پاکیزہ کردار بندوں میں سے ایک فرد صالح امام خمینی رح کی ذات ہے جنھوں نے اپنے کردار و گفتار کے ذریعے نہ صرف ایرانی قوم کے دلوں پر حکومت کی بلکہ پورے جہاں کے مظلوں کے دلوں کو اپنی طرف مبذول کیا۔ دنیا اس بات پر یقیناً حیرانگی کا مظاہرہ کرے گی کہ وہ انسان جس کے ہاتھ ہر قسم کے مادی وسائل سے خالے تھے، جس کے پاس نہ فوجی طاقت تھی نہ مادی وہ فرد واحد جو دنیا کی سپر پاور طاقتوں کا مقابلہ کر رہے تھے کس طاقت کے بل بوتے ایک قلیل عرصے کے اندر کڑوڑوں انسانوں کے دلوں پر چھا گئے یقیناً ان کے اندر یقین کامل، اعمال صالح اور الہی طاقت تھی جس کے سامنے دنیا کی مادی طاقتیں ٹک نہ سکی۔

تاریخ اسلام میں بہت سارے علمائے حق ایسے نظر آ ئیں گے جنھوں نے تہہ تیغ کلمہ حق کی آواز بلند کی انھوں نے کلمہ حق کی سر بلندی کیلئے کتنی زحمتیں برداشت کیں، کتنے مظالم کا مقابلہ کیا مگر یہ تاج کسی کے سر پہ نہیں رکھا گیا کہ وہ بے سر و سامانی کے باوجود ایک اسلامی انقلاب برپا کر سکیں۔ لیکن بیسویں صدی کے اس عظیم رہنما کو یہ منفرد مقام حاصل ہے کہ انھوں نے روئے زمین کے اندر الہی حکومت کا قیام عمل میں لاکر عالم اسلام کے اوپر یہ واضح کر دیا کہ اگر مسلمان اپنے یقین کامل، اعمال صالح اور علم آگہی کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوں تو دنیا کی کوئی ایسی طاقت نہیں جو مسلمانوں کو زیر کر سکے۔ امام خمینی نے ایک ایسے دور میں جبکہ پوری دنیا کی نظروں میں صرف دو طاقتیں اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی تھی یہ واضح کردیا کہ دنیا کے اندر صرف دو طاقتیں ( مغربی دنیا اور کمیونسٹ ) ہی نہیں بلکہ تیسری ایک بہت بڑی طاقت بھی اسلام اور ایمان کی شکل میں موجود ہے۔ وہ چند ایک خصوصیات جن کی بناء پر امام خمینی بیسویں صدی کے آخری عظیم رہنما کے طور ابھرے۔

* امام خمینی نے عالم اسلام کی نئی نسلوں کو اپنے انقلابی افکار و نظریات سے متاثر کیا۔

* ایک ایسے دور میں جبکہ مسلمانان عالم مایوسی اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے امام خمینی نے اپنے کردار و عمل کے ذریعے مسلمانوں کو یہ بات سمجھا دی کہ اسلام ہی وہ مذہب ہے جو اس دور کے تمام فتنوں، الجھنوں اور مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔

* امام خمینی نے اپنے وقت کے سامراجی و استعماری طاقتوں کے خلاف ( بے سر و سامانی کے عالم میں ) بغاوت کا علم اٹھا کر مسلمانوں کو آگاہ کیا کہ انہیں خدا، رسول اور قرآن کے علاوہ کسی قسم کا خوف نہیں۔

* امام خمینی کی شخصیت نے عالم اسلام کے فکری کردار کو اعتماد فراہم کیا۔

* امام امت کی شخصیت کے انقلابی اثرات عالم اسلام کے نوجوان نسل پر پڑے اور ان میں مجاہدانہ کردار ابھرے۔

* انقلاب اسلامی کے ظہور کے ساتھ امام امت نے اتحاد بین المسلمین کا نعرہ بلند کرتے ہوئے فرمایا کہ جو شخص شیعہ اور سنی کے درمیان اختلافات کا باعث بنے تو وہ نہ شیعہ ہے اور نہ سنی بلکہ استعمار کا ایجنٹ ہے۔

* دشمنوں کی طرف سے مختلف قسم کے مخالفانہ پروپیگنڈے کے باوجود امام خمینی نے اسلامی اصولوں کی پاسداری کرنے میں انحراف نہیں کیا۔

* امام خمینی نے عالم اسلام کے قلب میں جو لرزشیں پوشیدہ تھیں ان کو رفع کیا اور اپنی قیادت کے کرشمہ سے عالمی سیاسیات میں اسلام اور بلاد اسلام کو مرکزی اہمیت فراہم کی۔

* امام امت مستضعفین جہاں کی آواز بن کر ابھرے۔

* امام خمینی نے اپنی جدوجہد اور کاوشوں کے ذریعے عالم اسلام پر یہ واضح کردیا کہ خمینی ذاتی اقدار کا حصول نہیں چاہتے بلکہ ان کا مقصد دین محمدی کو لے کر پوری دنیا میں چھا جانا ہے۔

آج اگرچہ امام امت ہمارے درمیان نہیں ہے لیکن امام کے افکار و نظریات آج بھی خواب غفلت میں پڑے ہوئے مسلمانوں کو پکار پکار کر یہ کہہ رہے ہیں کہ مسلمانو! تمہارے تمام مصائب و مشکلات کا حل اسلام اور قرآن کے اندر موجود ہے اگر تم آج بھی امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو شکست دینا چاہتے ہو تو قرآن کو عملی میدان میں لے آو۔ یقیناً آج مسلمان جس قدر مظلومانہ اور مایوسی کی زندگی گزار رہے ہیں اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ایک طرف مسلمانوں کے اوپر مظالم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں اور دوسری طرف مسلمانوں دہشت گرد قرار دینے کی مذموم کو ششیں کر رہی ہیں۔

افغانستان، عراق اور فلسطین کی صورتحال سے کون ناواقف ہے، ایک خونخوار درندے کی شکل میں امریکہ ان ملکوں میں نمودار ہوا اور یہاں کے بچوں، بوڑھوں اور عورتوں تک کو اپنے ظلم کا نشانہ بنایا لیکن کسی مسلمان کے اندر یہ جرات پیدا نہ ہو سکی کہ وہ آگے بڑھ کر کہے کہ اس دور میں سب سے بڑا دہشت گرد خود امریکہ ہے اور اس کا اپنا وجود انسانیت کی بقاء کے لئے خطرناک اور ضرر رساں ہے۔ امام خمینی تو وہ عظیم مرد مجاہد ہے جنھوں نے ان حالات کے پیدا ہونے سے پہلے ہی پیشن گوئی دیتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کا سب سے بڑا شیطان امریکہ ہے اور اس کے وجود سے عالم اسلام کو خطرات لاحق ہیں۔ لیکن عقل کے کھوٹے مسلمانوں نے اس پر کسی قسم کی توجہ نہیں دی جس کی سزا آج پوری امت مسلمہ بھگت رہی ہے۔

بشکریہ اسلام ٹائمز

Read 2757 times