رہبر انقلاب کا شیخ نعیم قاسم کو پیغام، امریکہ اور صہیونی حکومت کے خلاف مقاومت کی حمایت کا اعادہ

Rate this item
(0 votes)
رہبر انقلاب کا شیخ نعیم قاسم کو پیغام، امریکہ اور صہیونی حکومت کے خلاف مقاومت کی حمایت کا اعادہ

حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رہبر معظم انقلاب آیت اللہ مجتبی خامنہ ای نے حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم کے نام اپنے پیغام میں امام خامنہ ای کی شہادت پر ان کی جانب سے تعزیت اور ہمدردی پر شکریہ ادا کیا۔

پیغام میں رہبر معظم نے اس بات پر زور دیا کہ امت مسلمہ کے سب سے سخت دشمنوں، یعنی امریکہ اور صہیونی حکومت کے مقابلے میں ثابت قدمی اور استقامت، شہید امام خامنہ ای کی نمایاں ترین خصوصیات میں سے تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس عظیم رہبر کے دور قیادت میں مزاحمت کا راستہ مسلسل جاری رہا اور اس راستے کی سچائی کی گواہی ان عظیم شہداء نے دی، جن میں حاج قاسم سلیمانی اور سپاہ پاسداران و فوج کے دیگر اعلی کمانڈر شامل ہیں۔

آیت اللہ خامنہ‌ای نے تاکید کی کہ اسلامی مزاحمت کی تاریخ جدوجہد، شجاعت اور قربانی سے بھری ہوئی ہے، جہاں مزاحمتی رہنماؤں نے کسی خوف کے بغیر امت کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ حزب اللہ کے رہنما، شہید شیخ راغب حرب اور سید عباس موسوی سے لے کر سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین تک، اس راہ کے حقیقی اور ثابت قدم نمونے رہے ہیں۔

رہبر انقلاب نے شیخ نعیم قاسم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس حساس دور میں مزاحمت کی قیادت کی ذمہ داری آپ کے کندھوں پر ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ شیخ نعیم قاسم اپنی ہوشیاری، ذہانت اور شجاعت کے ذریعے صہیونی دشمن کو شکست دیں گے اور لبنان کے عوام کو عزت و سعادت واپس دلائیں گے۔

آیت اللہ خامنہ‌ای نے تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران صہیونی حکومت اور امریکہ کے مقابلے میں مزاحمت کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے تمام مجاہدین کے لیے کامیابی کی دعا بھی کی۔

Read 57 times