حضرت فاطمہ زہرا (س) عالمِ ہستی میں عبد و معبود کے درمیان رابطے کی سب سے عظیم کڑی ہیں

Rate this item
(0 votes)
حضرت فاطمہ زہرا (س) عالمِ ہستی میں عبد و معبود کے درمیان رابطے کی سب سے عظیم کڑی ہیں

 حوزہ علمیہ ایران کے بین الاقوامی امور کے سربراہ، حجۃ الاسلام و المسلمین سید مفید حسینی کوہساری نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پوری کائنات میں انسان اور خدای متعال کے درمیان رابطے اور اتصال کا عظیم ترین وسیلہ ہیں، جن کی معرفت انسان کو قربِ الٰہی تک پہنچاتی ہے۔

حجۃ الاسلام و المسلمین کوہساری نے قزوین میں شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے منعقدہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی بی دو عالم سلام اللہ علیہا نبوت اور امامت کے درمیان ایک مقدس اور ناگزیر حلقۂ اتصال ہیں، جنہوں نے امت اسلامیہ تک معارفِ نبوت اور تعلیماتِ امامت کی صحیح اور محفوظ شکل پہنچانے میں بے مثال کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا وجود خداوندِ متعال کی سب سے بڑی نعمت ہے، اور ہمیں اس عظیم عطیۂ الٰہی پر ہمیشہ شکر گزار رہنا چاہیے۔

حوزہ علمیہ ایران کے بین الاقوامی امور کے سربراہ نے مزید کہا: "مشکلات اور گرفتاریوں میں سب سے کارگر وسیلہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا توسل ہے۔ اگر کوئی پریشانی لاحق ہو تو اس صلوات کو اخلاص کے ساتھ ایک بار پڑھیں: «اَللّهُمَّ صَلِّ عَلی فاطِمَة وَ اَبیها وَ بَعْلِها وَ بَنیها وَ سِرِّ الْمُسْتَوْدَعِ فیها بِعَدَدِ ما اَحَاطَ بِهِ عِلْمُکَ»"

انہوں نے کہا کہ قرآن و احادیث میں حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی عظمت، مقام اور طہارت کے بارے میں بے شمار دلنشین اور ایمان افروز بیانات موجود ہیں، جو اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ آپ ہدایتِ انسانیت کا مرکزی نقطہ ہیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ خداوندِ عالم نے ہمیں دنیا میں اس لیے رکھا ہے کہ ہم قربِ الٰہی تک پہنچ سکیں، اور یہ راستہ اہل بیت علیہم‌ السلام کی پیروی کے بغیر ممکن نہیں۔ مومنین کو چاہیے کہ دعا، مناجات اور شکرگزاری کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنائیں اور خدا کی نعمتوں کو اس کی رضا کے راستے میں استعمال کریں۔

Read 2 times