امریکہ اور صیہونیوں کی دھونس کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، آخری دم تک دفاع کریں گے، پزشکیان

Rate this item
(0 votes)
امریکہ اور صیہونیوں کی دھونس کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، آخری دم تک دفاع کریں گے، پزشکیان

 ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بدھ کی شام کو صوبۂ خراسان رضوی کے دورے کے دوران صوبے کے دانشوروں، سماجی اور ثقافتی کارکنوں کے ساتھ ایک نشست میں خطاب کرتے ہوئے رہبرِ شہید، تمام مجاہدین، سائنس دانوں، طلبہ اور ایرانی عوام کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جنہوں نے دشمنوں کے جرائم اور دباؤ کے مقابلے میں ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں دانشوروں اور سماجی و ثقافتی کارکنوں کے درمیان موجودگی پر خوشی ہے اور امید ہے کہ باہمی تعاون اور مشاورت کے ذریعے ملک کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جاسکیں گے۔

انہوں نے اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص صبح بیدار ہو اور اپنے اردگرد کے مسلمانوں اور انسانوں کی حالت سے بے پروا رہے، وہ اپنی سماجی ذمہ داری پوری کرنے کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔ یہ سوچ حکومت کے وسائل اور اقدامات سے قطع نظر عوام اور محلوں میں پروان چڑھنی چاہیے۔

پزشکیان نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کا حل صرف سرکاری اداروں کے منصوبوں اور پروگراموں تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ اگر مسجد کو محور بنانا ہے تو عوام کے مسائل کی نشاندہی بھی مسجد میں ہو اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات بھی وہیں سے کیے جائیں۔ لوگوں کو صرف کاغذوں پر لکھے منصوبے اور رپورٹیں نہیں بلکہ اپنی زندگی میں ان کے نتائج نظر آنے چاہئیں۔

انہوں نے قرآن کریم کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن پہلے والدین کے ساتھ نیکی اور احسان کی تاکید کرتا ہے، پھر فقراء، یتیموں، مسکینوں، قریبی اور دور کے پڑوسیوں، ساتھیوں اور زندگی کے سفر میں انسان سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کا ذکر کرتا ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ لوگوں کی خدمت ایک عمومی اور اعتقادی ذمہ داری ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ہر محلے میں ایسے افراد موجود ہیں جو علم، تخصص، مہارت اور صلاحیت رکھتے ہیں اور عوامی مسائل کے حل میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ حکومت، فلاحی ادارے، امداد کمیٹی، بہزیستی اور دیگر حمایتی اداروں کی اپنی ذمہ داریاں ہیں، لیکن مسجد عوام کی ضروریات اور مشکلات کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مشترکہ مرکز بن سکتی ہے۔ اسی طرح غیر سرکاری تنظیمیں بھی مختلف علاقوں کی ضروریات پوری کرنے کی ذمہ داری سنبھال سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے لیے ایک ہی نسخہ تجویز کرنے کے بجائے اگر ہر علاقہ اپنے عوام اور دانشوروں کی صلاحیتوں سے اپنے مسائل حل کرے تو بتدریج ہر محلے اور علاقے کو مطلوبہ نمونے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ اس سلسلے میں ماضی میں رہبرِ شہید، متعلقہ حکام اور کمانڈروں کے ساتھ متعدد مرتبہ گفتگو کی گئی ہے اور بسیج کے برادران و خواہران کے ساتھ بھی اجلاس منعقد کیے گئے ہیں۔

پزشکیان نے زور دیا کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے درست اخلاق، اچھا رویہ اور بلا کسی احسان کے خدمت ضروری ہے۔ حکم دینے، ڈانٹنے، روکنے اور سختی کرنے سے معاشرے کی اصلاح نہیں ہوسکتی بلکہ اس سے بالآخر محاذ آرائی پیدا ہوتی ہے۔ اگر عوام کے لیے کچھ کرنا ہے تو بلا احسان ان کی خدمت، مدد اور حمایت کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بھی عوام کے مسائل حل کرنے کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے، تاہم ملک کے سخت اور پیچیدہ حالات کے باعث بعض مسائل فوری طور پر حل نہ کر پانے پر ہم عوام کے سامنے شرمندہ ہیں۔

ادویات اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے حوالے سے صدر نے کہا کہ آج ملک کی منڈیوں میں ادویات موجود ہیں اور ایسا نہیں کہ دوائیں دستیاب نہ ہوں۔ ہم ہر ممکن طریقے سے عوام کی ادویات سے متعلق مشکلات حل کریں گے۔ بنیادی اشیائے ضروریہ کے بارے میں بھی یہی پالیسی ہے اور ہم نے ان کی فراہمی کا انتظام کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

انہوں نے امریکہ اور اسرائیلی حکومت کی جانب سے ایران پر عائد دباؤ اور پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سمندری اور فضائی راستوں میں رکاوٹوں اور حتیٰ کہ زمینی راستوں کو محدود کرنے کی کوششوں کے باوجود ملک کو تیل فروخت کرنا، تجارت جاری رکھنا اور آمدنی حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ عوام اور ملک کے امور چلائے جاسکیں۔ دشمن کا خیال تھا کہ راستے بند کرنے اور اقتصادی دباؤ بڑھانے سے بازاروں میں قلت پیدا ہوگی اور عوام مشکلات کے باعث سڑکوں پر نکل آئیں گے، لیکن ایرانی عوام نے تمام دباؤ کے باوجود استقامت کا مظاہرہ کیا اور حکومت کا ساتھ دیا۔

پزشکیان نے کہا کہ دنیا بھر میں بہت سی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور یورپ، امریکہ سمیت مختلف ممالک میں بھی مہنگائی کی خبریں آرہی ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارے عوام کو مہنگائی اور معاشی مشکلات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے۔ ہماری کوشش ہے کہ تمام دباؤ کے باوجود عوام کی ضروریات پوری کریں اور معاشی مشکلات کو ان کی زندگی پر بوجھ نہ بننے دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکام خود کو عوام کا سربراہ نہیں بلکہ خادم سمجھتے ہیں۔ ہم آپ کے خادم ہیں، سربراہ نہیں اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے پوری توانائی صرف کررہے ہیں۔ تاہم یہ بتانا آسان نہیں کہ تمام مسائل کب اور کس طرح حل ہوں گے، کیونکہ ملک اس وقت ’’نہ جنگ، نہ صلح‘‘ کی صورتِ حال سے دوچار ہے، جس میں مستقبل کے لیے فیصلے اور منصوبہ بندی کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

پزشکیان نے رہبرِ شہید انقلاب کی جانب سے ’’نہ جنگ، نہ صلح‘‘ کی کیفیت کا فیصلہ کرنے پر زور دینے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس صورتِ حال کا خاتمہ ضروری ہے۔ اس کا مطلب لازماً جنگ کرنا نہیں ہے۔ البتہ جنگ کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے، لیکن ہر فیصلہ ملکی توانائی، صلاحیت، نتائج اور آخری مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے ہونا چاہیے۔ جنگ میں داخل ہونے والے کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ کن وسائل کے ساتھ جنگ کرے گا، اس کے نتائج کیا ہوں گے، جنگ کہاں لڑی جائے گی اور اس کا اختتام کہاں ہوگا۔

صدر نے کہا کہ سب سے پہلے ملک کے اندر مشترکہ زبان اور نقطۂ نظر پیدا کرنا ہوگا، اس کے بعد سب کو مل کر رہبرِ انقلاب کے مقرر کردہ ہدف کی جانب بڑھنا چاہیے۔ ’’نہ جنگ، نہ صلح‘‘ کی کیفیت ملک کو غیر یقینی صورتِ حال میں رکھتی ہے اور آج ہم اسی کیفیت سے دوچار ہیں۔

پزشکیان نے کہا کہ دشمن کا ایک اہم مقصد ملک کے اندر اختلافات اور سماجی خلیج کو بڑھانا ہے۔ اقتصادی دباؤ اور مختلف راستوں کی بندش کے ذریعے دشمن عوام کو مشکلات سے دوچار کرنا، ان میں ناراضی پیدا کرنا اور اندرونی اختلافات کو ہوا دینا چاہتا ہے تاکہ اپنے آئندہ منصوبوں پر عمل کرسکے۔ اگر تمام ایرانی عوام، گروہ بندیوں سے بالاتر ہوکر اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ملک کے انتظامی امور میں ایک دوسرے کا تعاون کریں تو دشمن مایوس ہوجائے گا، لیکن اگر معاشرے میں تفرقہ اور تقسیم کو فروغ دیا گیا تو دشمن اس سے فائدہ اٹھائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہمیں اپنے بیانات اور اختلافات کو دشمن کے ہاتھوں استعمال ہونے سے بچانا چاہیے۔ دشمن کے سامنے ہمارا مؤقف واضح ہے؛ ہم اس سرزمین کے دفاع کے لیے آخری دم تک کھڑے ہیں اور امریکہ، صہیونیوں اور دیگر طاقتوں کی دھونس کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے سب سے بڑھ کر داخلی اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے۔

صدر نے قومی اتحاد کے لیے محدود اور تنگ نظری پر مبنی سوچ ترک کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی بعض تنگ نظریوں سے باہر نکلنا ہوگا۔ اس ملک میں رہنے والے تمام افراد، خواہ عرب ہوں یا عجم، اور تمام اقوام و گروہ اسی مٹی، وطن اور سرزمین سے تعلق رکھتے ہیں۔ اگر ملک کا دفاع کرنا ہے تو سب کو مل کر ایران کا دفاع کرنا ہوگا۔ گزشتہ عرصے میں بھی تمام عوام نے دفاع اور مزاحمت میں اپنا کردار ادا کیا، محنت کی اور کوششیں کیں، جس کے نتیجے میں یہ افتخار حاصل ہوا۔

پزشکیان نے فنون لطیفہ کے مشیر کی تقرری سے متعلق پیش کردہ تجویز کا بھی جائزہ لینے کا وعدہ کیا اور کہا کہ اس مقصد کے لیے کسی موزوں فرد کا انتخاب کیا جائے گا تاکہ آرٹس فیکلٹی کے مسائل کو زیادہ سنجیدگی سے حل کیا جاسکے۔

انہوں نے خراسان رضوی کے دانشوروں، ثقافتی اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں معاشرے میں دو آوازوں کو تقویت دینی چاہیے: ایک اتحاد کی آواز اور دوسری ملک کی صنعتوں اور کارخانوں کا پہیہ چلانے کی آواز۔

صدر نے صوبے کے سماجی اور کھیلوں سے وابستہ کارکنوں کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کے بارے میں بھی کہا کہ حکومت اپنی استطاعت کے مطابق ان کے حل کے لیے اقدامات کرے گی۔ کھلاڑیوں کے مسائل تہران اور خراسان رضوی کے گورنر دونوں کی جانب سے زیرِ پیگیری رہیں گے۔ انہوں نے فنکاروں اور ثقافتی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں اتحاد کی دھن کو فروغ دیں۔ فنون لطیفہ کے مشیر کی تقرری اور آرٹس یونیورسٹی کے قیام جیسے امور بھی انجام دیے جائیں گے۔

آخر میں انہوں نے صوبہ خراسان رضوی کے دانشوروں، سماجی و ثقافتی کارکنوں اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کی شرکت اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اتحاد، باہمی ہمدردی اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ملک کے مسائل اور مشکلات پر قابو پایا جاسکے گا۔

Read 27 times