Super User
اسلامی اور مغربی ثقافتوں میں عورت کا مقام
پہلا باب: اسلامی ثقافت میں عورت کی منزلت
اسلامی نقطہ نگاہ پر توجہ دینے کی ضرورت:
جب دنیا کے فکری میدان پر نظر دوڑائی جاتی ہے اور پھر اسلامی نقطہ نگاہ کا جائزہ لیا جاتا ہے تو صاف صاف یہ محسوس ہوتا ہے کہ انسانی معاشرہ اسی وقت مرد و زن کے رابطے کے سلسلے میں مطلوبہ منزل اور نہج پر پہنچ سکتا ہے جب اسلامی نظریات کو بغیر کسی کمی و بیشی کے اور بغیر کسی افراط و تفریط کے سمجھا اور درک کیا جائے اور انہیں پیش کرنے کی کوشش کی جائے۔ اس وقت مادہ پرست تہذیبوں میں عورت کے سلسلے میں جو طرز عمل اختیار کیا گيا ہے اور جو سلسلہ چل رہا ہے وہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے اور وہ عورت کے مفاد اور حق میں ہے نہ معاشرے کے فائدے میں۔
اسلام کی خواہش ہے کہ عورتوں کا فکری، علمی، سیاسی، سماجی اور سب سے بڑھ کر روحانی و معنوی نشو نما اپنی منزل کمال پر پہنچ جائے اور ان کا وجود انسانی معاشرے اور کنبے کے لئے، ایک اہم رکن کی حیثیت سے، آخری حد تک ثمر بخش اور مفید ثابت ہو۔ تمام اسلامی تعلیمات منجملہ مسئلہ حجاب کی بنیاد یہی ہے۔ قرآن کریم میں اللہ تعالی جب اچھے اور برے انسانوں کی مثال دینا چاہتا ہے تو دونوں کے سلسلے میں عورت کا انتخاب کرتا ہے۔ ایک مثال زوجہ فرعون کی ہے اور دوسری مثال حضرت نوح و حضرت لوط علیھم السلام کی بیویوں کی ہے۔ " و ضرب اللہ مثلا للذین آمنوا امرئۃ فرعون" اس کے مقابلے میں برے، نگوں بخت، منحرف اور غلط سمت میں بڑھنے والے انسان کی مثال کے طور پر حضرت نوح اور حضرت لوط کی ازواج کو پیش کرتا ہے۔ یہاں سوال یہ اٹھتا ہے کہ مرد بھی موجود تھے، ایک مثال مرد کی دے دی ہوتی اور ایک مثال عورت کی دی ہوتی۔ لیکن نہیں، پورے قرآن میں جب بھی ارشاد ہوتا ہے کہ " ضرب اللہ للذین آمنوا" یا " ضرب اللہ للذین کفروا" تو دونوں کی مثال عورتوں کے ذریعے پیش کی جاتی ہے۔
عورت کے سلسلے میں اسلام کا طرز سلوک:
عورت کے ساتھ اسلام اور اسلامی جمہوری نظام کا سلوک مودبانہ اور محترمانہ ہے، خیر اندیشانہ، دانشمندانہ اور توقیر آمیز ہے۔ یہ مرد و زن دونوں کے حق میں ہے۔ اسلام مرد و زن دونوں کے سلسلے میں اسی طرح تمام مخلوقات کے تعلق سے حقیقت پسندانہ اور حقیقی و بنیادی ضرورتوں اور مزاج و فطرت سے ہم آہنگ انداز اختیار کرتا ہے۔ یعنی کسی سے بھی قوت و توانائی سے زیادہ اور اس کو عطا کردہ وسائل سے بڑھ کر کوئی توقع نہیں رکھتا۔ عورت کے سلسلے میں اسلامی نقطہ نگاہ کو سمجھنے کے لئے اس کا تین زاویوں سے جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
اول: ایک انسان ہونے کی حیثیت سے روحانی و معنوی کمالات کی راہ میں اس کا کردار؛ اس زاویے سے مرد اور عورت میں کوئی فرق نہیں ہے۔ تاریخ میں جس طرح بہت سے با عظمت مرد گزرے ہیں، بہت سی عظیم اور نمایاں کردار کی حامل خواتین بھی گزری ہیں۔
دوم: سماجی، سیاسی، علمی اور معاشی سرگرمیاں؛ اسلام کے نقطہ نگاہ سے عورتوں کے لئے علمی، اقتصادی اور سیاسی فعالیت اور سرگرمیوں کا دروازہ پوری طرح کھلا ہوا ہے۔ اگر کوئی اسلامی نقطہ نگاہ کا حوالہ دے کر عورت کو علمی سرگرمیوں سے محروم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اقتصادی فعالیت سے دور رکھنے کے در پے ہے یا سیاسی و سماجی امور سے لا تعلق رکھنے پر مصر ہے تو وہ در حقیقت حکم خدا کے خلاف عمل کر رہا ہے۔ عورتیں، جہاں تک ان کی ضروریات و احتیاج کا تقاضا ہو اور جسمانی توانائی جس حد تک اجازت دے، سرگرمیاں انجام دے سکتی ہیں۔ جتنا ممکن ہو وہ سیاسی و معاشی و سماجی امور انجام دیں، شریعت اسلامی میں اس کی ہرگز مناہی نہیں ہے۔ البتہ چونکہ جسمانی ساخت کے لحاظ سے عورت مرد سے نازک ہوتی ہے لہذا اس کے اپنے کچھ تقاضے ہوتے ہیں۔ عورت پر طاقت فرسا کام مسلط کر دینا اس کے ساتھ زیادتی ہے، اسلام اس کا مشورہ ہرگز نہیں دیتا۔ البتہ اس نے (عورت کو ) روکا بھی نہیں ہے۔ حضرت امیر المومنین علیہ الصلاۃ و السلام سے منقول ہے کہ آپ فرماتے ہیں: " المرآۃ ریحانۃ و لیست بقھرمانۃ" یعنی عورت پھول کی مانند ہے "قہرمان" نہیں۔
"قہرمان" یعنی با عزت پیش کار اور خدمت گار۔ آپ مردوں کو مخاطب کرکے فرماتے ہیں: عورتیں تمہارے گھروں میں گل لطیف کی مانند ہیں ان کے ساتھ بڑی ظرافت اور توجہ سے پیش آؤ۔ عورت آپ کی خادمہ اور پیش کار نہیں ہے کہ آپ سخت اور طاقت فرسا کام اس کے سر مڑھ دیں۔ یہ بہت اہم بات ہے۔
یہ جو بعض افراد شادی سے پہلے شرط رکھ دیتے ہیں کہ عورت ملازمت پیشہ ہو، اس کی اپنی آمدنی اور کمائی ہو، بالکل غلط ہے۔ البتہ خلاف شریعت تو نہیں ہے لیکن اسلام اس چیز کا مشورہ ہرگز نہیں دیتا۔ اسلام نے ایسی کوئی بات نہیں کہی ہے جس کو اساس بناکر ہم عورت کو معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روک دیں لیکن دوسری طرف اسلام نے یہ بھی نہیں کہا ہے کہ عورت کو محنت شاقہ اور طاقت فرسائی کی متقاضی سیاسی و سماجی و معاشی سرگرمیوں میں لگا دیا جائے۔ اسلام کا نظریہ اعتدال پسندانہ ہے۔ یعنی عورت کے پاس اگر فرصت ہے، بچوں کی پرورش اس کی راہ میں حائل نہیں ہو رہی ہے، اس میں شوق و دلچسپی اور جسمانی طاقت و توانائی بھی ہے اور وہ سماجی، سیاسی اور معاشی امور میں حصہ لینا چاہتی ہے تو کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ لیکن یہ کہ اسے مجبور کر دیا جائے اور اسے حکم دیا جائے کہ جاؤ جیسے بھی ممکن ہو روزگار تلاش کرو اور یومیہ اتنا کام کرو تاکہ اس آمدنی سے گھر کے خرچ کا کچھ بوجھ تم اٹھاؤ، تو یہ مناسب نہیں ہے۔ اسلام نے عورت کو ہرگز اس کا حکم نہیں دیا ہے۔ اسے عورت کے ساتھ ایک طرح کی زیادتی قرار دیتا ہے۔
میں خاندانوں سے یہ سفارش کروں گا کہ وہ اپنی لڑکیوں کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیں۔ یہ نہ ہو کہ کوئی ماں باپ دینداری کے جذبے کے نام پر اپنی لڑکی کو اعلی تعلیم حاصل کرنے سے روک دیں! نہیں، دین نے ہرگز یہ بات نہیں کہی ہے۔ دین کی نظر میں تعلیم کے لحاظ سے لڑکے اور لڑکی میں کوئي فرق ہی نہیں ہے۔ اگر لڑکا اعلی تعلیم حاصل کرتا ہے تو لڑکی بھی اعلی تعلیم حاصل کر سکتی ہے۔ نوجوان لڑکیوں کو چاہئے کہ تعلیم حاصل کریں، علم کی منزلیں طے کریں، معلومات میں اضافہ کریں۔ اپنی اہمیت اور مقام و منزلت سے آگاہ ہوں اور اپنی قدر و قیمت کو سمجھیں، تاکہ انہیں یہ پتہ چلے کہ عورت کے سلسلے میں عالمی استکبار کے پروپیگنڈے کتنے کھوکھلے اور بے بنیاد ہیں۔ تعلیم کے ذریعے ان چیزوں کو سمجھا جا سکتا ہے۔
سوم: عورت کو خاندان اور کنبے کی ایک رکن کی حیثیت سے دیکھنا۔ یہ سب سے اہم اور با ارزش ہے۔ اسلام میں مرد کویہ اجازت نہیں ہے کہ عورت سے جبر و اکراہ کا برتاؤ کرے اور اس پر کوئي چیز مسلط کر دے۔ خاندان کے اندر مرد کے لئے محدود حقوق رکھے گئے ہیں جو در حقیقت بڑی حمکت آمیز بات ہے۔ یہ حقوق جس کے سامنے بھی رکھے اور بیان کئے جائیں، وہ اس کی حمایت او تائید کرے گا۔ اسی طرح عورت کے لئے بھی خاندان کے اندر کچھ حقوق رکھے گئے ہیں اور ان میں بھی بڑی مصلحت اندیشی پوشیدہ ہے۔ مرد و زن دونوں کے اپنے مخصوص جذبات، مزاج، اخلاق اور خواہشات ہیں۔ وہ دونوں اگر اپنے اپنے جذبات اور خواہشات کے مطابق صحیح طور پر عمل کریں تو گھر میں بڑا اچھا ہم آہنگ اور ایک دوسرے کے لئے سازگار جوڑا وجود میں آ جائے گا۔ اگر مرد زیادتی کرتا ہے تو توازن بگڑ جاتا ہے، اسی طرح عورت کوئی زیادتی کرے تو اس سے بھی توازن ختم ہو جاتا ہے۔ اسلام گھر کے اندر مرد اور عورت کو دروازے کے دو پلوں، چہرے کی دو آنکھوں، محاذ زندگی کے دو مجاہدوں اور ایک دوکان میں کام کرنے والے دو رفقائے کار کی حیثیت سے دیکھتا ہے۔ ان میں ہر ایک کا اپنا مزاج، اپنی خصوصیات، اپنی خصلتیں ہیں۔ جسمانی لحاظ سے بھی، روحانی لحاظ سے بھی، فکری لحاظ سے بھی او جذبات و خواہشات کے اعتبار سے بھی۔ یہ دونوں صنفیں اگر ان حدود اور معیاروں کی پابندی کرتے ہوئے جس کا تعین اسلام نے کیا ہے ایک ساتھ زندگی بسر کریں تو ایک مضبوط، مہربان، با برکت اور انتہائی کارآمد کنبہ معرض وجود میں آئے گا۔
اسلام ان مردوں کو جو اپنی جسمانی یا مالیاتی قوت کے بلبوتے پر عورتوں سے اپنی خدمت لیا کرتے تھے، عورتوں کو بسا اوقات اہانت اور تحقیر کا نشانہ بناتے تھے، ان کی حدود دکھائیں اور عورت کو اس کی حقیقی منزلت پر پہنچایا اور بعض چیزوں کے لحاظ سے اسے مرد کے برابر قرار دیا۔ "ان المسلمین و المسلمات و المؤمنین و المؤمنات" مسلمان مرد، مسلمان عورت، عبادت گزار مرد، عبادت گزار عورت، شبوں میں عبادت کرنے والے مرد اور راتوں کو جاگ کر عبادتیں کرنے والی عورتیں۔ معلوم ہوا کہ اسلام میں یہ تمام معنوی و روحانی مقامات اور اعلی انسانی درجات مرد اور عورت کے درمیان مساوی طور پر تقسیم کئے گئے ہیں۔ اس لحاظ سے عورتیں بھی مردوں کے برابر ہیں۔ جو بھی اللہ کے لئے کام کرے گا "من ذکر او انثی" خواہ وہ مرد ہو کہ عورت " فلنحیینھ حیاتا طیبۃ" (ہم اسے پاکیزہ زندگی عطا کریں گے)
اسلام نے بعض مقامات پر عورتوں کو مردوں پر ترجیح تک دی ہے۔ مثال کے طور پر ایک مرد اور ایک عورت کسی بچے کے ماں باپ ہیں اور یہ بچہ دونوں کا ہے لیکن اولاد کے لئے ماں کی خدمت کرنا زیادہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اولاد کی گردن پر ماں کا حق زیادہ ہے اور ماں کے تعلق سے اولاد کے فرائض زیادہ سنگین ہیں۔ پیغمبر اسلام نے اس سوال کے جواب میں کہ " من ابر" میں کس کے ساتھ بھلائی اور نیکی کروں؟ فرمایا ہے کہ "امک" یعنی اپنی ماں کے ساتھ۔ آپ نے دوبارہ اس کی تکرار کی اور تیسری بار بھی یہی جملہ دہرایا۔ جب پوچھنے والے نے چوتھی دفعہ یہی سوال کیا تب آپ نے فرمایا کہ " اباک" یعنی اپنے باپ کے ساتھ۔ بنابریں خاندان میں بچوں پر ماں کا حق زیادہ ہے اور ماں کے تعلق سے بچوں کے فرائض بھی زیادہ ہیں۔ البتہ اس کی وجہ یہ نہیں ہے کہ اللہ تعالی نے کچھ لوگوں کو بعض دیگر افراد پر (بے سبب) ترحیج دے دی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ عورتیں بہت زیادہ محنت و مشقت کرتی ہیں۔ یہ عدل الہی کا تقاضا ہے۔ جس کی زحمتیں زیادہ ہیں اس کا حق بھی زیادہ ہے۔ چونکہ (ماں) زیادہ مشقتیں برداشت کرتی ہے اس لئے اس کی قدر و منزلت بھی بالاتر ہے۔
یہ سب عدل و انصاف کا تقاضا ہے۔ مالیاتی امور میں، کنبے کے حق کے سلسلے میں، خاندان کی سرپرستی کے سلسلے میں اور گھر کے امور کو چلانے کے تعلق سے اسلام کی روش بڑی متوازن روش ہے۔ ان امور میں بھی اسلامی قانون نے ایسا بندو بست کیا ہے کہ مرد یا عورت کسی پر بھی ذرہ برابر ظلم و زیادتی نہ ہو۔ اس نے مردوں کے حقوق بھی معین کر دئے ہیں اور عورتوں کے حقوق کی بھی نشاندہی کر دی ہے۔ ایک چیز مرد کے پلڑے میں ڈالی ہے تو دوسری چیز عورت کے پلڑے میں رکھی ہے۔ جو لوگ صاحب نظر ہیں اگر وہ غور کرتے ہیں تو ان حقائق کو باقاعدہ محسوس بھی کرتے ہیں اور انہوں نے کتابوں میں یہ چیزیں لکھی بھی ہیں۔
اسلام کی نظر میں جنس یعنی مرد یا عورت ہونا موضوع بحث نہیں بلکہ ارتقاء انسانی پر گفتگو کی گئی ہے، اخلاق انسانی کو موضوع گفتگو بنایا گيا ہے، صلاحیتوں کو نکھارنے کی بات کی گئی ہے، ان فرائض کی بات کی گئی ہے جن کا تعلق کسی بھی جنس سے ہو سکتا ہے۔ البتہ اس کے لئے مزاج سے آشنائی ضروری ہے۔ اسلام مرد اور عورت دونوں کے مزاج کو بخوبی پہچانتا ہے۔ اسلام کی نظر میں سب سے اہم ہے توازن کا برقرار رہنا، یعنی انسانوں بشمول مرد و زن، کے درمیان عدل و انصاف کی مکمل پابندی۔ حقوق کی برابری موضوع گفتگو ہے۔ البتہ یہ ممکن ہے کہ بعض مقامات پر عورتوں اور مردوں کے سلسلے میں احکام مختلف ہوں۔ بالکل اسی طرح، جس طرح عورت اور مرد کے مزاج بعض خصوصیات کے لحاظ سے مختلف ہوتے ہیں۔ اسلامی تعلیمات میں مرد اور عورت سے متعلق زیادہ سے زیادہ حقائق فطری خصائل اور طینت اور نفسیات کو دیکھا جا سکتا ہے۔
اسلامی معاشرہ اور عورت
اسلامی جمہوریہ ایران میں عورت سے توقع یہ ہوتی ہے کہ وہ عالمہ ہو، سیاسی شعور رکھتی ہو، سماجی سرگرمیاں انجام دے، تمام شعبوں میں سرگرم عمل ہو۔ گھر میں مالکہ کا رول ادا کرے، شوہر اور بچوں کی نگہداشت اور اولاد کی تربیت کا ذمہ سنبھالے۔ گھر کے باہر عفت و طہارت و پاکدامنی کا مظہر ہو۔ ایران کے معاشرے میں اسلامی نظام ایسی عورتوں کو دیکھنا چاہتا ہے۔ یعنی عورت گھر کے اندر بچوں کی پرورش کرنے والی اور شوہر کے لئے سکون و چین کا سامان فراہم کرنے والی اور شوہر کے وجود سے سکون حاصل کرنے والی ہو، گھر کے باہر کی فضا میں اپنی پاکدامنی و عفت کی حفاظت کرتے ہوئے تمام سیاسی، علمی، سماجی اور دیگر شعبوں میں موجود رہے۔ اگر یہ ہدف پورا کرنا ہے تو اس کی اولیں شرط حجاب ہے۔ حجاب کے بغیر یہ ممکن نہیں ہے۔ حجاب کے بغیر عورت وہ بے فکری اور اطمینان خاطر حاصل نہیں کر سکتی جس کے ذریعے وہ ان منزلوں کو طے کر سکے۔
اسلامی معاشرے میں اور مسلمانوں کی زندگی کے اصلی بہاؤ میں مسلمان عورت کی خاص حرمت و وقار ہے اور اس کا مظہر حجاب ہے۔ جو (خاتون) حجاب میں ملبوس رہتی ہے، اس کا احترام کیا جاتا ہے۔ قدیم زمانے میں بھی وہ عورتیں زیادہ معزز اور قابل احترام ہوتی تھیں جو با حجاب رہتی تھیں۔ حجاب وقار کی علامت ہے۔ حجاب پہننے والی خواتین کا خاص احترام کیا جاتا ہے۔ اسلام تمام عورتوں کے لئے اسی حرمت و عزت کا خواہاں ہے۔
اسلامی حدود
سماجی سرگرمیوں کے سلسلے میں اسلام نے کچھ حدود معین کی ہیں جن کا تعلق عورت یا اس کی سرگرمیوں کی اجازت سے نہیں ہے بلکہ یہ مرد اور عورت کے اختلاط سے سے مربوط ہیں۔ اسلام اس سلسلے میں بہت محتاط ہے۔ اسلام کا کہنا ہے کہ ہر جگہ اور ہر مقام پر، سڑک پر، ادارے کے اندر، دوکان کے اندر مرد اور عورت کے ما بین ایک حد بندی ہونی چاہئے۔ مسلمان مرد و عورت کے بیچ حجاب اور ایک معینہ حدبندی رکھی گئی ہے۔ عورت اور مرد کا ملنا جلنا، مردوں کے آپسی اختلاط اور عورتوں کے باہمی اختلاط کی مانند نہیں ہے۔ اس بات کو ملحوظ رکھنا چاہئے۔ مرد بھی اس کا لحاظ کریں اور عورتیں بھی اس کی پابند رہیں۔ مرد اور عورت کے روابط اور ملنے جلنے کے سلسلے میں اگر اس احتیاط کو ملحوظ رکھا جائے تو سماجی میدان میں جو کام اور جو امور مرد انجام دیتے ہیں عورتیں بھی، اگر ان کے پاس جسمانی توانائی دلچسپی اور فرصت ہے، انجام دے سکتی ہیں۔
کامل نمونہ
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا چھے سات سال کی تھیں کہ شعب ابو طالب کا مرحلہ در پیش ہوا۔ صدر اسلام کی تاریخ میں شعب ابو طالب بے حد سخت اور دشوار دور تھا۔ یعنی پیغمبر اسلام کی تبلیغ دین شروع ہو چکی تھی، آپ نے اپنی نبوت کا اعلان کر دیا تھا۔ رفتہ رفتہ اہل مکہ بالخصوص نوجوان اور غلام، حضرت کے گرویدہ ہوتے جا رہے تھے اور اکابرین طاغوت کو محسوس ہونے لگا تھا کہ ان کے پاس سوائے اس کے کوئی چارہ نہیں کہ پیغمبر اور ان کے ارد گرد جمع افراد کو مکے سے باہر نکال دیا جائے۔ انہوں نے ایسا ہی کیا بھی۔ ان میں سے بہتوں کو جن میں درجنوں خاندان شامل تھے خود پیغمبر اسلام اور آپ کے قریبی رشتہ دار، خود حضرت ابو طالب جبکہ حضرت ابو طالب کا شمار بزرگوں میں کیا جاتا تھا، بچے اور بوڑھے شامل تھے۔ سب کو مکے سے باہر نکال دیا۔ حضرت ابو طالب کے پاس ایک چھوٹا پہاڑی درہ تھا۔ کہہ دیا گيا کہ آپ لوگ وہیں چلے جائیں۔ مکہ میں دن میں تو دھوپ کی شکل میں آگ برستی تھی لیکن رات کو کڑاکے کی سردی پڑتی تھی۔ یعنی موسم ناقابل برداشت تھا۔ ان لوگوں نے اس بیابان میں تین سال کاٹ دئے۔ کتنی سختیاں برداشت کیں اور بھوک کی شدت جھیلی! پیغمبر اسلام کی زندگی کا ایک انتہائی سخت دور یہی تھا۔ اس عرصے میں پیغمبر اسلام کی ذمہ داری صرف لوگوں کی ہدایت و رہنمائی نہیں تھی بلکہ انہیں سختیاں جھیلنے والے ان افراد کے سامنے بھی اپنے مشن کا دفاع کرنا تھا(کہ اس کے لئے اتنی سختیاں برداشت کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے)۔ ان دنوں جب پیغمبر اسلام انتہائی سخت حالات سے دوچار تھے حضرت ابو طالب، جو پیغمبر کے مددگار تھے اور ان سے پیغمبر اسلام کی امیدیں وابستہ تھیں، اسی طرح حضرت خدیجہ کبرا جو پیغمبر اسلام کی ایک اور بہت بڑی یاور و مددگار تھیں ایک ہفتے کے اندر دونوں دنیا سے رخصت ہو گئے۔! یہ بڑا عجیب سانحہ ہے، پیغمبر بالکل بے سہارا اور تنہا ہو گئے۔
فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے ایک مشیر اور ایک ماں کا کردار ادا کیا پیغمبر اسلام کے لئے۔ یہی وجہ تھی کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے سلسلے کہا گیا کہ آپ تو "ام ابیھا" یعنی اپنے والد کی ماں ہیں۔ یہ اسی وقت کی بات ہے۔ یعنی ایک چھے سات سال کی بچی کا یہ کردار تھا۔ البتہ یہ بھی ہے کہ عرب ماحول میں اور گرم علاقوں میں لڑکیوں کا جسمانی اور ذہنی نشونما تیزی سے ہوتا ہے اس لحاظ سے آج کی دس بارہ سالہ لڑکی کے برابر رہی ہوں گی۔ تو یہ احساس ذمہ داری اور فرض شناسی ہے۔ کیا ایک نوجوان لڑکی کے لئے یہ چیز نمونہ عمل اور درس نہیں ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے مسائل کے تعلق سے جلد ہی اپنی ذمہ داری کا احساس کرے، اپنے وجود میں پنہاں جوش و نشاط کے اس خزانے کو بروئے کار لاتے ہوئے باپ کے چہرے سے جو اس وقت غالبا پچاس سال کا ہو چکا ہے اور بڑھاپے کی سمت گامزن ہے غم و غصے کے غبار کو جھاڑے، یہ ایک نوجوان لڑکی کے لئے کیا بہترین نمونہ نہیں ہے؟
دوسرا نمونہ ہے شوہر کے تعلق سے اپنے فرائض کی ادائیگی کا ہے۔ بعض اوقات لوگ یہ سمجھنے لگتے ہیں کہ شوہر کے حقوق ادا کرنے کا مطلب یہ ہے کہ عورت باورچی خانہ سنبھالے، کھانا پکائے، کمرے کی صفائی ستھرائی کرے، بستر بچھائے اور گاؤ تکیہ لگائے کہ شوہر نامدار دفتر یا دکان سے آ رہے ہوں گے! اسی کو شوہر کے حقوق کی ادائیگی نہیں کہتے۔ آپ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کو دیکھئے کہ کس انداز سے شوہر کے تعلق سے اپنے فرائض ادا کر رہی ہیں۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے مدینہ میں دس برس گزارے ان میں نو برس وہ تھے جن میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا اور امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام نے شوہر اور زوجہ کی حیثیت سے ایک ساتھ زندگی گزاری۔ ان نو برسوں میں جن چھوٹی بڑی جنگوں کا ذکر کیا گيا ہے وہ تقریبا ساٹھ جنگیں ہیں۔ ان میں اکثر و بیشتر جنگوں میں حضرت امیر المومنین علیہ السلام نے شرکت کی۔ اب آپ غور کیجئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا گھر میں موجود ہیں اور آپ کے شوہر مسلسل محاذ جنگ سنبھالے ہوئے ہیں۔ کیونکہ آپ کے وجود پر محاذ جنگ کی مضبوطی کا دار و مدار تھا، آپ نہ ہوتے تو محاذ کمزور پڑ جاتا۔ گھر کی مالی حالت بھی اچھی نہیں ہے، بلکہ حقیقت میں آپ کی زندگی غربت و عسرت و تنگدستی میں گزر رہی تھی۔ جبکہ آپ قائد ملت کی دختر گرامی ہیں، پیغمبر کی لخت جگر ہیں اور آپ کے اندر ایک احساس ذمہ داری اور فرض شناسی بھی موجود ہے۔ بے حد مضبوط اعصاب اور قوی جذبات کی ضرورت ہے کہ انسان اپنے شوہر کو آمادہ کرے، اس کے ذہن و دل کو گھر کے مسائل و مشکلات اور بال بچوں کی فکر سے آزاد اور مطمئن رکھے، اس کی حوصلہ افزائی کرے اور بچوں کی ایسی مثالی تربیت کرے جیسی صدیقہ طاہرہ نے کی۔ آپ خود کہئے! حضرت امام حسن اور حضرت امام حسین علیہما السلام تو امام تھے اور سرشت و طینت امام رکھتے تھے لیکن حضرت زینب سلام اللہ علیہا تو امام نہیں تھیں۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا نے انہی نو برسوں میں آپ کی تربیت کی تھی۔ پیغمبر اسلام کی وفات کے بعد تو آپ زیادہ دن زندہ بھی نہیں رہیں۔
اس انداز سے گھر چلایا، اس انداز سے شوہر کے تئیں اپنے فرائض ادا کئے اور اس انداز سے گھر کی مالکہ کا کردار ادا کیا کہ تاریخ میں پائيدار خاندانی زندگی کا محور قرار پائیں۔ کیا یہ نوجوان لڑکی، گھریلو عورت یا گھریلو زندگی شروع کرنے جا رہی خاتون کے لئے آپ اسوہ حسنہ نہیں ہیں؟ یہ بڑی اہم باتیں ہیں۔
عورت کا ملکوتی مرتبہ
چودہ سو سال سے بھی پہلے پیغمبر اسلام نے ایک ایسی بیٹی کی تربیت کی کہ یہ دختر نیک اختر لیاقت و شائستگی کی اس منزل پر پہنچ گئی کہ خدا کا رسول اس کے ہاتھوں کے بوسے لیتا ہے! حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ہاتھوں پر پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے بوسے کو جذباتی مسئلے پر ہرگز محمول نہ کیجئے۔ یہ سوچنا کہ چونہ وہ آپ کی بیٹی تھیں اور آپ کو ان سے بڑی محبت و انسیت تھی لہذا آپ ان کے ہاتھوں کو بوسہ دیتے تھے، بالکل غلط اور سطحی فکر ہے۔
اس بے مثال اور گراں قدر شخصیت کا مالک اور زیور عدل و حکمت سے آراستہ پیغمبر کہ جس کے افعال و اقوال کا دار و مدار وحی و الہام پر ہے، بھلا کیسے ممکن ہے کہ جھکے اور اپنی بیٹی کے ہاتھ چومے؟ یہ نہیں ہو سکتا، یہاں مسئلہ کچھ اور ہے، یہ ماجرا ہی کچھ اور ہے، یہ اس بات کی علامت ہے کہ یہ دختر نیک اختر یہ خاتون جس کی دنیا سے رخصت کے وقت عمر اٹھارہ سے پچیس سال کے درمیان تھی، در حقیقت انسان کی ملکوتی بلندیوں پر فائز تھی اور ایک غیر معمولی ہستی کی مالک تھی۔ یہ ہے عورت کے سلسلے میں اسلام کا نقطہ نگاہ۔
اسلامی قوانین میں عورت کی حمایت
خاندان کے سلسلے میں اسلام کے احکامات اتنے درخشاں اور قابل فخر ہیں کہ انسان ان اسلامی احکام کا مشاہدہ کرکے عزت و وقار کا احساس کرتا ہے۔ خاندان اور کنبے کی تشکیل کے بالکل ابتدائی مرحلے میں شریک زندگی کے انتخاب کے سلسلے میں اسلام کے جو قوانین اور احکامات ہیں وہ عورت کے لئے مددگار ہیں۔ چونکہ بعض مرد، عورتوں کے ساتھ ظلم و جارحیت و زیادتی کرتے تھے اور سختی سے پیش آتے تھے اس لئے اسلام نے اس ظلم اور اس زیادتی پر روک لگائی۔ جب ایک کنبہ تشکیل پاتا ہے تو اسلام کا کہنا یہ ہے کہ کنبے کے اندر شوہر او زوجہ ایک دوسرے کے شریک زندگی ہیں، انہیں ایک دوسرے سے محبت آمیز برتاؤ کرنا چاہئے۔ مرد کو کوئی حق نہیں کہ وہ بیوی کے ساتھ زیادتی کرے اور اس پر جبر کرے، اسی طرح عورت کو بھی حق نہیں ہے کہ مرد کے ساتھ زیادتی کرے۔ کنبے اور خاندان کے اندر مرد اور عورت کے تعلقات اور روابط کے سلسلے میں اسلامی احکامات اور ضوابط بڑی ظرافت اور باریک بینی کے ساتھ معین کئے گئے ہیں۔ اللہ تعالی نے عورت اور مرد کے مزاج کو بنیاد بنا کر، اسلامی معاشرے کے مفادات کی مناسبت سے اور مرد اور عورت کی بھلائی اور اچھائی کے مطابق ان اصولوں، ضوابط اور احکامات کا تعین فرمایا ہے۔ مرد کو صرف چند امور میں یہ حق ہے کہ عورت کو حکم دے اور عورت پر لازم ہے کہ اس حکم کی تعمیل کرے۔ مرد کو یہ حق ہے کہ عورت کو بغیر اجازت گھر سے باہر جانے سے روک دے، البتہ اس کے لئے ضروری ہے کہ عقد کے موقع پر اس سلسلے میں کوئی شرط نہ رکھ دی گئی ہو۔ اگر کوئي شرط نہیں رکھی گئی ہے تو مرد کو یہ حق ہے کہ روک دے۔ یہ در حقیقت احکام الہی کے بے حد ظریف اسرار میں سے ایک ہے۔ یہ حق صرف شوہر کو دیا گيا ہے، حتی باپ کو بھی یہ حق نہیں دیا گيا ہے۔ باپ اپنی بیٹی کو اس کا پابند نہیں کر سکتا کہ جب بھی وہ باہر جانا چاہے تو پہلے اس سے اجازت حاصل کرے۔ والد کو یہ حق نہیں دیا گيا ہے۔ اسی طرح بھائی کو بھی اپنی بہن کے سلسلے میں یہ حق حاصل نہیں ہے۔ لیکن شوہر کو زوجہ کے سلسلے میں یہ حق حاصل ہے۔ البتہ عورتوں کو یہ حق ہے کہ وہ نکاح کے وقت شرط عقد کے طور پر کچھ شرطیں رکھوا لیں۔
دو ثقافتوں کا ٹکراؤ
یہ اسلامی ثقافت نہیں ہے جسے اپنے موقف کا دفاع کرنا ہے، دفاع تو مغرب کی انحطاط پذیر ثقافت کو کرنا چاہئے۔ عورتوں کے سامنے جو بات ہم پیش کرتے ہیں اس کا کوئي بھی با شعور اور منصف مزاج انسان منکر نہیں ہو سکتا۔ ہم عورت کو عفت، عصمت، حجاب، مرد و زن کی حد سے زیادہ آمیزش سے اجتناب، انسانی وقار کی حفاظت، غیر مردوں کے سامنے سجنے سنورنے سے گریز کی دعوت دیتے ہیں۔ کیا یہ بری چیزیں ہیں؟ یہ تو مسلمان عورت کے وقار کی ضمانت ہے، یہ عورت کے عز و شرف کی بات ہے۔ جو لوگ عورت کو اس انداز کے میک اپ کی ترغیب دلاتے ہیں کہ گلی کوچے کے لوگ اسے ہوسناک نظروں سے دیکھیں، انہیں اپنے اس نظرئے کا دفاع کرنا چاہئے کہ انہوں نے عورت کو اتنا کیوں گرا دیا ہے اور اس کی اس انداز سے تذلیل کیوں کر رہے ہیں؟! ان کو اس کا جواب دینا چاہئے۔ ہماری ثقافت تو ایسی ثقافت ہے جسے مغرب کے بھی با شعور افراد اور اچھے انسان پسند کرتے ہیں اور اسی انداز سے زندگی گزارتے ہیں۔ وہاں بھی باعفت و پاکیزہ صفت خواتین اور وہ عورتیں جو اپنی شخصیت کو اہمیت دیتی ہیں کبھی بھی غیروں کی ہوسناک نگاہوں کی تسکین کا ذریعہ بننا پسند نہیں کرتیں۔
مغربی ثقافت کٹہرے میں
عورت کے مسئلے میں مغربی ثقافت کا سختی سے مقابلہ کرنا چاہئے۔ یہ ایک واجب عمل کا درجہ رکھتا ہے۔ مغرب عورتوں کی توہین و تذلیل کر رہا ہے۔ عورت کو اس کے مقام و مرتبے سے نیچے گرا رہا ہے۔ ان کی یہ بات سراسر جھوٹ ہے کہ " ہم تو دونوں صنفوں کو مساوی اور برابر سمجھتے ہیں" ہرگز ایسا نہیں ہے۔ یہ ایک طرح کا فریب اور سیاسی و ثقافتی حربہ ہے۔ اس طرز عمل کے ذریعے عورت کے ساتھ دھوکہ کیا جا رہا ہے، خیانت کی جا رہی ہے۔ اسلام کا کہنا ہے کہ عورت مناسب لباس اور حجاب کے ذریعے اپنے وقار اور اپنے عز و شرف کی حفاظت کرتی ہے، خود کو اس (گھٹیہ اور پست) منزل سے بلند تر کرتی ہے جہاں دنیا کے بے راہرو مرد اسے پہنچانا چاہتے ہیں، یہ بے راہرو مرد ہر زمانے اور ہر علاقے میں پائے جاتے رہے ہیں۔ قرآن میں عورتوں سے کہا گيا ہے کہ " فلا تخضعن بالقول" خضوع نہ کرو۔ خضوع کرنے کا مسئلہ ہے۔ مرد کے سلسلے میں عورت کا انداز خاضعانہ اور خاکسارانہ نہیں ہونا چاہئے۔ مرد اور عورت کے اندر فطری اور قدرتی امور جو ہیں وہ اپنی جگہ، اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ مرد کے مقابلے میں عورت کی خاکساری اور حقارت آج مغرب میں باقاعدہ دیکھی جا سکتی ہے۔ عورت کو پست اور حقیر بنانا دینا چاہتے ہیں۔ ویسے وہ یہ کام کر چکے ہیں، ایسا نہیں ہے کہ اب اسے حقارت میں مبتلا کرنے جا رہے ہیں۔ اس خاص روش کے تحت آمد و رفت میں عورت کو مرد کے آگے کر دیا جاتا ہے اور یہ اصرار ہوتا ہے کہ خاتون، مرد سے آگے چلے لیکن یہ تو ظاہری صورت ہے، حقیقت اور باطن اس کے بالکل بر عکس ہے۔ بڑی حیرت ناک بات ہے کہ عورتوں کے سلسلے میں اپنے ان بڑے بڑے دعوؤں کے باوجود ان تمام ریاکارانہ اور جھوٹے تکلفات کے باوجود، جو عزت افزائی اور توقیر کے نام پر انجام پاتے ہیں جو در حقیقت توہین آمیز حرکتیں ہوتی ہیں، گھروں کے اندر شوہر اور بیوی کے تعلقات اور روابط کا وہ عالم ہے کہ خدا کی پناہ! یہ باتیں سن کر اور اس حقیقت سے آگاہ ہوکر انسان ایران کے قدیم رجعت پسند خاندانوں کے زن و شوہر کے روابط کو یاد کرنے لگتا ہے۔ عورت کی پٹائی، مار مار کر اس کے جسم کو سیاہ کر دینا، کسی معمولی سی بات پر عورت کو قتل کر ڈالنا، یہ سب مغرب میں معمول کی باتیں بن چکی ہیں۔
دوسرا باب: مغربی ثقافت میں عورت کا مقام
عورت اور مغربی فن و ادب:
عورت کے مزاج سے آشنائی اور اس صنف نازک سے برتاؤ کی نوعیت کے سلسلے میں مغرب والے ہمیشہ افراط و تفریط سے کام لیتے آئے ہیں۔ بنیادی طور پر عورت کے سلسلے میں مغرب کا نقطہ نگاہ عدم مساوات اور عدم توازن پر مبنی نقطہ نگاہ ہے۔ مغرب والے جو نعرے بازی کرتے ہیں اور جو بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں وہ کھوکھلے ہیں، حقیقت کے عکاس نہیں ہیں۔ مغرب کی سرزمین پر عورت کے سلسلے میں وہ نظریہ اور ایسی فکر پائی جاتی ہے کہ جس کا سرچشمہ اور جس کی جائے پیدائش وہی یورپ ہے۔ اگر کہیں اور یہ فکر پہنچی ہے تو یورپ ہی سے پہنچی ہے۔ ان نعروں کے آئينے میں تو مغربی ثقافت کا ادراک نہیں کیا جا سکتا۔ مغربی ثقافت سے آشنائی اور واقفیت چاہئے تو مغربی ادب میں اسے تلاش کیجئے۔ جو لوگ یورپی ادب، یورپی اشعار، یورپی ناولوں، افسانوں اور ڈراموں سے واقف اور آگاہ ہیں، وہ بخوبی جانتے اور محسوس کرتے ہیں کہ مغربی ثقافت میں قرون وسطی سے لے کر بعد کے ادوار تک اور حتی بیسویں صدی کے وسط تک عورت دوسرے درجے کی مخلوق سمجھی جاتی رہی ہے۔ اس کے بر خلاف وہ جو بھی دعوے کرتے ہیں سراسر جھوٹ ہے۔ شیکسپیئر کے معروف انگریزی ڈراموں میں اور دیگر مغربی ادبی تخلیقات میں عورت کو کس نظر سے دیکھا جاتا ہے اور اس کے لئے کس زبان کا استعمال کیا جاتا ہے؟! مغربی ادب میں مرد، عورت کا مالک، آقا اور حاکم ہے۔ اس ثقافت اور اس فکر کے کچھ اثرات آج بھی باقی ہیں۔ اہل یورپ نے عورت پر معاشی امور، صنعتی سرگرمیوں اور اس جیسے دیگر شعبوں میں ظلم و زیادتی کا نشانہ بنایا ہی، ادب میں بھی انہوں نے عورت پر ظلم کیا ہے۔ ناولوں میں، افسانوں اور داستانوں میں، مصوری کے نمونوں میں اور دیگر فنکارانہ تخلیقات میں دیکھنا چاہئے کہ عورت کو کس نظر سے پیش کیا گیا ہے؟ کیا عورت سے متعلق اعلی اقدار اور مثبت و تعمیری پہلوؤں کو قابل اعتناء سمجھا گیا ہے؟ کیا وہ لطیف جذبات اور وہ مہر و الفت سے معمور مزاج جو اللہ تعالی نے عورت کو ودیعت کیا ہے، وہ مامتا، وہ بچوں کی تربیت ، پرورش اور نگہداشت کا جذبہ، توجہ کا مرکز بنا ہے یا شہوانی پہلو جسے وہ عشق کا نام دیتے ہیں؟ در حقیقت یہ لفظ کا غلط استعمال ہے، یہ عشق نہیں شہوت پرستی ہے۔ عورت کو یہ ترغیب دینے اور ان عادتوں میں مبتلا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ایک صارف مخلوق بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ دست و دل باز صارف اور سستی اور کم اجرت پر دستیاب مزدور۔ مغربی داستانوں اور یورپی اشعار میں آپ کو بہت ملے گا کہ شوہر مزاج اور عادت کے اختلاف کی بنیاد پر اپنی بیوی کو قتل کر دیتا ہے اور کوئی اسے روکنے ٹوکنے والا نہیں ہے! بیٹی کو اپنے باپ کے گھر میں کسی بھی انتخاب کا حق نہیں دیا گيا ہے۔ ان کے ڈراموں میں جو چیز نظر آتی ہے وہ یہی ہے۔ کوئی لڑکی ہے جس کی جبرا شادی کروائی جا رہی ہے۔ کوئی عورت ہے جسے اس کے شوہر نے قتل کر دیا ہے۔ کوئی خاندان ہے جس میں عورت پر شدید مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ جو چیزیں نظر آتی ہیں وہ اسی طرح کی اور اسی انداز کی ہیں۔ یہ مغربی ادب ہے۔ بیسویں صدی کے وسط تک یہی ماحول تھا، اگرچہ انیسویں صدی کے اواخر سے عورتوں کی آزادی کے نام سے کچھ تحریکیں بھی شروع ہو چکی تھیں۔
تہذیب سے پرے
رومی ثقافت میں اور چیزوں کے سلسلے میں نرمی برتی جاتی ہے لیکن دو تین چیزوں میں کوئی نرمی نہیں ہے۔ ان میں سے ایک جو شاید سب سے اہم بھی ہے، مرد اور عورت کے بیچ معینہ حد بندی کا ہونا ہے(اس کی ان کے ہاں ہرگز اجازت نہیں ہے)۔ یعنی نام نہاد جنسی آزادی کے مقابلے میں ضبط نفس (انہیں ناپسند ہے)۔ اس مسئلے میں یہ ثقافت بہت سخت گیر واقع ہے۔ دوسری باتوں پر وہ اتنے حساس نہیں ہیں۔ ان لوگوں کے خیال میں رجعت پسند وہ ہے جو اسی ( حد بندی یا حجاب) کو بنیاد بنا لے۔ اگر کسی ملک میں عورتیں خاص حدود کی پابندی کرتے ہوئے مردوں سے ایک دوری بنائے رہتی ہیں تو اسے خلاف تہذیب کہا جاتا ہے! ان کی بات بھی صحیح ہے کیونکہ ان کی تہذیب کا ڈھانچہ اسی رومی تہذیب کے ویرانے پر کھڑا کیا گيا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ لیکن اقدار کی رو سے دیکھا جائے تو یہ غلط ہے۔ اس کا بر عکس رخ درست ہے۔
مغربی معاشروں میں عورت کی مظلومی:
مغرب کے (نام نہاد) مہذب معاشرے میں عورت، مردوں کی تسکین ہوس کا سامان ہے، ایک آزاد شخصیت کی مالک نہیں جو دوسروں کی منشاء کی پابند رہے بغیر اپنی مرضی کے مطابق اپنا کام کر سکے۔ ایک ایسی مخلوق ہے جسے اپنا رہن سہن ایسا رکھنا ہے کہ گلی کوچے کے مردوں کے من کو بھائے انہیں دیدہ زیب لگے، وہ اپنی رفتار و گفتار اور عادات و اطوار میں غیر اور اجنبی مردوں کی پست حرکتوں کو تحمل کرے۔ سماجی حلقوں میں عورت کی حالت یہ ہے۔ البتہ کچھ استثنائات بھی ہیں لیکن مجموعی طور پر حالات یہی ہیں۔ عورت کو کسی قسم کی عزت دینے کو تیار نہیں ہیں۔ جہاں کسی مزدور سے کام لینے کا معاملہ آتا ہے ان کی نظر میں مرد اور عورت کے درمیان کوئی فرق نہیں رہ جاتا، مالک کے مفاد کے مطابق عورت سے جم کر محنت کروائی جاتی ہے۔ یعنی روزمرہ کے سخت کوشی کے کاموں میں صنف نازک سے تعلق رکھنے کے باعث عورت کا جو لحاظ کیا جانا چاہئے وہ ہرگز نہیں کیا جاتا، لیکن جب مرد، عورت کو اپنی ہوس کی تسکین کے سامان کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے تو اس کے لئے مرد کے ہاتھ کھلے ہوئے ہیں، اس کے پاس وسائل ہیں اور عورت کے پاس اپنے دفاع کا کوئی راستہ نہیں ہے۔
فیشن، انحراف اور لغزش کی تمہید:
میرے خیال میں فیشن، مردوں کے سامنے حد سے زیادہ سجنا سنورنا اور نئے نئے روپ میں آنے کی خواہش معاشرے کے بہکنے اور عورت کے بھٹکنے کی ایک بہت بڑی وجہ اور سبب ہے۔ مغرب والے عورت کو ایک ایسی مخلوق میں تبدیل کر دینے کے لئے جو ان کی مرضی اور خواہش کے مطابق ہو، تواتر کے ساتھ نئے نئے فیشن ایجاد کرنے پر مجبور ہیں تاکہ ان (عورتوں) کے دلوں، ذہنوں اور آنکھوں کو انہی ظاہری اور سطحی چیزوں میں مصروف رکھیں۔ جو کوئی بھی ان چیزوں میں کھو گیا وہ کہاں اور کب اعلی اور حقیقی اقدار کو سمجھ سکتا ہے؟ اسے ان (اقدار) تک رسائی کی فرصت ہی نہیں ملے گی۔ جس عورت کا سارا ہم و غم اور فکر یہی ہے کہ جیسے بھی ہو خود کو مردوں کے لئے پر کشش بنائے، اسے کب اس کا موقع مل سکتا ہے کہ اخلاقی پاکیزگی کے بارے میں سوچے اور غور کرے؟ یورپی سامراجیوں کو ہرگز گوارا نہیں ہے کہ تیسری دنیا کے سماجوں میں عورتیں روشن خیال اور بلند اہداف والی ہوں، جو خود تو بلند اہداف کی سمت گامزن ہوں ہی، اپنے شوہر اور بچوں کو بھی اپنے ساتھ آگے بڑھائیں۔ اسلامی معاشرے کی نوجوان لڑکیاں بہت ہوشیار اور محتاط رہیں تاکہ مغربی فکر اور مغربی ثقافت کے اس بے حد خطرناک اور غیر مرئی جال کو دیکھ لیں، پہچان لیں، اس سے خود کو محفوظ رکھیں اور عورتوں کو اس سے دور رکھیں۔
مغربی ثقافت میں عورتوں کی آزادی کی حقیقت
مغرب میں جو سب سے بڑے دعوے ہیں ان میں سب سے پہلے نمبر پر عورتوں کی آزادی کا نعرہ ہے۔ لفظ آزادی کے معنی بہت وسیع ہیں۔ اس کا اطلاق قید سے رہائی پر بھی ہوتا ہے اور اخلاقیات سے خود کو الگ کر لینے پر بھی ہوتا ہے، کیونکہ اخلاقیات بھی ایک طرح کی حدبندی اور پابندی ہے، اس کا اطلاق اس دباؤ سے چھٹکارے پر بھی ہوتا ہے جو سرمایہ دار کی طرف سے استحصال سے عبارت ہوتا ہے اور وہ کم اجرت پر عورت سے کام لیتا ہے، اس کا اطلاق ان قوانین اور ضوابط سے آزادی پر بھی ہوتا ہے جو شوہر کے تعلق سے بیوی پر کچھ فرائض اور ذمہ داریاں عائد کر دیتے ہیں۔ آزادی کی یہ تمام قسمیں تصور کی جا سکتی ہیں۔ عورت کے سلسلے میں جو یہ نعرے ہیں ان میں بہت سے مطالبات ایسے ہیں جو ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔ اس آزادی کا کیا مطلب ہوا؟
بد قسمتی سے مغربی دنیا میں آزادی سے جس چیز کا تصور ذہن میں ابھرتا ہے وہ آزادی کا وہی غلط اور ضرر رساں مفہوم ہے۔ یعنی خاندانی حدود و قیود سے آزادی، مرد کے ہر طرح کے اختیار سے مکمل آزادی، حتی شادی، خاندان کی تشکیل اور بچوں کی پرورش کی ذمہ داری سے بھی آزادی، ان جگہوں پر جہاں عارضی شہوانی ہدف ان چيزوں سے ٹکرانے لگے۔ مغرب میں جو مسئلہ بڑے شد و مد سے اٹھایا جاتا ہے اس میں حمل ساقط کرنے کی آزادی کا مسئلہ بھی شامل ہے، یہ بڑا ہی سنگین مسئلہ ہے۔ یہ بظاہر تو معمولی اور چھوٹی بات ہے لیکن فی الواقع یہ بے حد خطرناک اور ہولناک مضمرات والی بات ہے۔ یہ وہ نعرہ اور مطالبہ ہے کہ مغرب میں جو بہت عام ہے، چنانچہ اسے عورتوں کی آزادی کی تحریک کا نام دیا جاتا ہے۔ سراپا جہالت سامراجی و استکباری نظام کی یہ بہت بڑی غلطی ہے کہ وہ اس خام خیالی میں ہے کہ عورت کی قدر و قیمت کا دار و مدار مردوں کے لئے سجنے سنورنے اور پر کشش لگنے میں ہے کہ گندی نگاہیں اسے دیکھیں، محظوظ ہوں اور اس کی تعریف کریں۔ دنیا میں مغرب کی جانب سے عورت کی آزادی کی جو بساط بچھائی گئی ہے اس کا لب لباب یہ ہے کہ عورت کو مردوں کی نطروں کے سامنے لایا جائے تاکہ ان کی ہوس اور شہوت پرستی کے جذبے کو تسکین ملے۔ مرد ان سے لذت حاصل کریں اور عورتیں مردوں کی لذت کا سامان فراہم کریں۔ یہ عورت کی آزادی ہے؟ مغرب کی جاہل و غافل و گمراہ ثقافت میں جو لوگ انسانی حقوق کے دفاع کے دعوے کرتے ہیں وہ در حقیقت عورت کے حق میں سب سے بڑے ظالم ہیں۔
مغرب میں عورت کے حقوق کے دفاع کی تحریک:
عورت کے حق میں ظلم و جور اور ستم و زیادتی کے اس ماحول میں جب عورتوں کے دفاع کے لئے کوئی تحریک معرض وجود میں آئے گی تو فطری طور پر وہ افراط و تفریط کا شکار ہو جائے گی۔ یہی وجہ ہے کہ کئی عشروں کے دوران عورتوں کی آزادی کے نام پر وہ فحاشی اور بے راہروی پھیلی ہے کہ خود مغربی مفکرین وحشت زدہ ہو گئے ہیں! آج مغربی ممالک میں ہمدرد، خردمند، مصلح اور با ضمیر افراد موجودہ صورت حال پر فکرمند اور تشویش میں مبتلا ہیں لیکن وہ اس پر قابو بھی نہیں پا سکتے۔ چلے تھے عورت کی خدمت اور مدد کرنے لیکن اس کی زندگی پر بہت بڑی ضرب لگا بیٹھے ہیں۔ بے راہروی، فحاشی و جنسی آزادی اور بغیر شادی بیاہ کئے مرد اور عورت کی ایک ساتھ وقت گزاری سے خاندانوں اور کنبوں کی بنیادیں تباہ ہو گئیں۔ جو مرد معاشرے میں آزادانہ اپنی ہوس کی بھوک مٹا سکتا ہے اور جو عورت معاشرے میں بغیر کسی روک ٹوک کے متعدد مردوں سے جسمانی تعلقات قائم کر سکتی ہے وہ گھر میں کبھی بھی اچھا شوہر یا اچھی بیوی نہیں بن سکتے۔ اس طرح خاندان اور کنبے کا ڈھانچہ تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔
در حقیقت مغرب میں عورتوں کے حقوق کے دفاع کی تحریک، ایک طرح کی سراسیمگی اور نامعقولیت سے دوچار تحریک، جہالت پر مبنی تحریک، الہی روایات سے خالی تحریک اور مرد اور عورت کے مزاج اور فطرت سے غیر ہم آہنگ تحریک بن گئی تھی جس نے ہر کسی کو شدید نقصان پہنچایا۔ عورتوں کے لئے زیاں بار ثابت ہوئی اور مردوں کے لئے ضرر رساں بنی، زیادہ نقصان عورتوں کو پہنچا۔ اس کی تقلید اور پیروی ہرگز نہیں کی جا سکتی۔ یہ کوئی ایسی تحریک نہیں جسے کسی اسلامی ملک میں زیر غور لایا جائے اور اس سے کچھ سیکھنے اور حاصل کرنے کی کوشش کی جائے، اسے پوری طرح مسترد کر دینے کی ضرورت ہے۔
عورتوں پر گھروں کے اندر مظالم
آج بھی جب کوئی عورت کسی مرد سے شادی کرکے دلہن کے طور پر شوہر کے گھر جاتی ہے تو اس کا فیملی نیم تک تبدیل ہو جاتا ہے اور شوہر کا فیملی نیم اسے استعمال کرنا ہوتا ہے۔ عورت کا فیملی نیم اسی وقت تک محفوظ رہتا ہے جب تک اس نے شادی نہیں کی ہے، ادھر اس نے شادی کی اور ادھر اس کا اپنا فیملی نیم اس سے رخصت ہو جاتا ہے اور اس کی جگہ شوہر کا فیملی نیم لے لیتا ہے۔ یہ مغربی طریقہ ہے۔ ایران میں ایسا کبھی نہیں تھا، آج بھی نہیں ہے۔ یورپی سماج میں جب عورت شادی کرکے اپنے تمام سرمائے اور اثاثے کے ساتھ شوہر کے گھر جاتی تھی اس کا جسم ہی شوہر کے اختیار میں نہیں جاتا تھا بلکہ اس کی تمام دولت اور اس کا سارا اثاثہ جو اسے اس کے والد اور گھر والوں سے ملا تھا شوہر کی ملکیت میں چلا جاتا تھا! یہ ایسی اٹل حقیقت ہے جس کا مغرب والے انکار نہیں کر سکتے۔ یہ چیز مغربی تہذیت میں تھی۔ مغربی تہذیب میں جب کوئی عورت شوہر کے گھر رخصت ہوکر جاتی تھی تو شوہر اس کی زندگی کا مالک ہو جاتا تھا! یہی وجہ ہے کہ مغربی اشعار اور افسانوں میں یہ چیز آپ کو جگہ جگہ نظر آئے گی کہ شوہر عادت اور مزاج کے معمولی سے اختلاف کی بنا پر بیوی کو قتل کر دیتا ہے اور کوئی اسے ملامت تک نہیں کرتا! لڑکی کو باپ کے گھر میں کسی طرح کا حق انتخاب اور اختیار نہیں تھا۔ اس زمانے میں بھی مغرب والوں کے درمیان عورت اور مرد کے تعلقات کے لئے کسی حد تک آزادی تھی لیکن شادی کا اختیار اور شوہر کے انتخاب کا حق پوری طرح باپ کو حاصل تھا۔
مغربی خاندانوں میں حتی اس عورت پر بھی، جو شوہر کی طرح ملازمت پیشہ ہے اور دونوں ہی ایک محدود اور معینہ وقت ہی گھر میں گزارتے ہیں، ظلم ہوتا ہے! کیونکر ظلم کیا جاتا ہے؟ صرف اس لئے کہ ان دونوں میں ایک مرد ہے اور دوسری عورت ہے۔ دو افراد ہیں، ملازمت کرتے ہیں، رات کو گھر آتے ہیں اور سو جاتے ہیں، صبح اٹھتے ہیں اور روانہ ہو جاتے ہیں۔ دونوں مرد نہیں ہیں، ایک مرد ہے اور دوسری عورت ہے۔ مرد اور عورت دونوں کو کچھ چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ مرد کے ساتھ بھی زیادتی ہوتی ہے لیکن جو ظلم کا یقینی طور پر نشانہ بنتی ہے وہ عورت ہے۔ کیونکہ اس عورت کا جو شوہر ہے اس کے دوسری کئی عورتوں سے جذباتی اور جنسی تعلقات ہیں۔ بڑے گہرے، دوستانہ اور بے تکلفانہ تعلقات ہیں، اتنے ہی گہرے تعلقات جتنے اپنے کنبے کے افراد سے ہیں۔ عورت کے لئے یہ کسی گہرے زخم کی مانند ہے۔ عورت چاہتی ہے کہ اپنے شوہر کے ساتھ گہرے جذباتی تعلقات اور روابط رکھے اور دونوں پوری دنیا میں ایک دوسرے کے لئے سب سے زیادہ قریبی اور نزدیک ہوں۔ گھر میں عورت سے سب سے پہلے جو چیز لے لی جاتی ہے وہ یہی حق ہے۔
عزت افزائی یا توہین
کبھی کبھی دیکھنے میں آتا ہے کہ مغربی سماجوں میں کسی مخصوص انداز سے عورت کا احترام کیا جا رہا ہے۔ جیسے فلمی ستاروں، اداکاروں، مقابلہ حسن میں شریک پرکشش عورتوں کا احترام کیا جاتا ہے، یہ احترام بھی ویسا ہی ہوتا ہے۔ یعنی احترام کی جگہ توہین، یعنی احترام کے روپ میں تذلیل۔ انسان کی نجی اور شخصی زندگی میں اس کی بہت مثالیں ملتی ہیں اور ہر کوئی اسے دیکھ اور سمجھ سکتا ہے کہ احترام کی شکل میں توہین اور توہین کی شکل میں احترام کسے کہتے ہیں؟ احترام کے نام پر توہین، بڑی تشویشناک بات ہے۔ مرد اور عورت کے آزادانہ تعلقات کی لپیٹ میں اگر عورت آ گئی تو وہی حالت ہو جائے گی جو استبدادی شاہی دور میں تھی۔ یعنی پھر اس کے قدم عریانیت کی جانب، فیشن کے جنون کی جانب، گوناگوں انداز سے جسم کی نمائش کی جانب بڑھیں گے۔ ایک مناسب حد تک میک اپ اور فیشن کی بات تو سمجھ میں آتی ہے اور اسلام نے بھی اس کی مناہی نہیں کی ہے لیکن جب یہ سلسلہ معمول کی حدود سے تجاوز کر جائے، مقابلہ آرائی شروع ہو جائے، ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑ دینے کی دوڑ شروع ہو جائے اور عورت کی شخصیت کا دار و مدار یہی بناؤ سنگار ہی ہو جائے تو یہ غلط بات اور انحرافی بات ہوگی۔ یہ عورتوں کے سلسلے میں اسلامی انقلاب کے معینہ ہدف اور سمت کے بالکل برخلاف ہے۔
مسلمان عورت کے طور طریقے کی مخالفت
ان (مغرب والوں) کو مسلمان عورتوں کی کس چیز پر سب سے زیادہ اعتراض ہے؟ اس کے حجاب پر۔ وہ مسلمان عورت کے صحیح اور مناسب حجاب کے سب سے بڑے دشمن ہیں، کیوں؟ کیونکہ ان کی ثقافت میں اس کی گنجائش نہیں اور ان کا رہن سہن کا طریقہ اسے قبول نہیں کرتا۔ یورپیوں کی فطرت ایسی ہے۔ ان کا اصرار ہے کہ جو بات ہمیں مناسب لگتی ہے پوری دنیا کو چاہئے اس کی تقلید کرے اور اس پر عمل پیرا رہے۔ ان کو اس میں بھی کوئی تامل نہیں ہوگا کہ اپنی جہالت کو دنیا کے علم و معرفت پر مسلط کر دیں۔ ان کی کوشش ہے کہ معاشرے میں یورپی وضع قطع کی ہی عورت نظر آئے۔ یعنی فیشن کی دلدادہ ہو، پوری طرح صارف ہو، تمام مردوں کی آنکھوں کو پر کشش لگے اور دونوں صنفوں کے درمیان جنسی مسائل بالکل معمول کی چیز بن جائیں اور اس کے لئے عورتوں کو استعمال کیا جائے۔ مغرب والوں کی اس پالیسی اور حکمت عملی کی جہاں بھی مخالفت ہوتی ہے مغرب والے چراغ پا ہو جاتے ہیں۔ ان میں صبر و تحمل بھی نہیں ہے۔ مغرب کے یہ بڑے بڑے دعوے دار اپنے مسلمہ اصولوں کی ذرہ برابر بھی مخالفت برداشت نہیں کر پاتے۔
وہ دنیا کے تمام علاقوں کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے ہیں سوائے حقیقی اسلامی معاشروں کے۔ افریقا کے غربت سے دوچار علاقوں میں، لاطینی امریکا اور مشرقی ایشیا میں جہاں جہاں بھی قومیں آباد ہیں، وہ اپنے نقطہ نگاہ اور اپنی پسند کو یعنی وہی میک اپ، وہی صارف کلچر، وہی عورت کا کھلونا بن جانا، ان چیزوں کو وہ رائج کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کا تیر صرف وہاں خطا گیا ہے جہاں اسلامی ماحول ہے۔ اس کی ایک مثال اسلامی جمہوریہ ایران کا عظیم معاشرہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی زبردست مخالفت کی جا رہی ہے۔
اسلامی اور یورپی ثقافتوں میں عورتوں کے مالکانہ حقوق
ساٹھ ستر سال قبل تک پورے یورپ میں اور مغربی ممالک میں عورت کا وجود کسی مرد کے زیر تسلط ہی ممکن تھا۔ یا اپنے شوہر کے زیر تسلط یا کارخانے اور کھیت کے مالک کے زیر تسلط ۔ عورت کو ایسا کوئی حق حاصل نہیں تھا جو ایک مہذب معاشرے میں عورتوں کو حاصل ہوتا ہے۔ اسے حق انتخاب، مالکانہ حقوق اور داد و ستد کا اختیار نہیں تھا۔ بعد میں عورت کو تجارتی میدان اور سماجی امور میں شامل کیا گیا۔ یورپ میں جو عورت کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ کیا گيا، خود یورپی ماہرین عمرانیات کی باریک بینی پر مبنی تجزیوں کے مطابق، اس کی وجہ یہ تھی کہ کارخانوں نے نئی نئی صنعت اور ٹکنالوجی کی بساط بچھائی تھی اور ان کو محنت کش مزدوروں اور کام کرنے والوں کی ضرورت تھی لیکن مزدوروں کی قلت تھی۔ مزدوروں کی قلت سے انہیں بڑی تکلیف ہو رہی تھی۔ انہوں نے عورتوں کو کارخانوں میں لانے اور اس افرادی قوت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا، ویسے عورتوں کو مزدوری بھی کم ہی دی جاتی تھی، ان لوگوں نے اعلان کیا کہ عورت کو بھی مالکانہ حقوق حاصل ہیں۔ بیسویں صدی کے اوائل میں یورپ والوں نے عورت کو مالکانہ حقوق دئے لیکن ساتھ ہی انہوں نے عورت کی لغزش کا سارا سامان بھی فراہم کر دیا۔ انہوں نے عورت کو معاشرتی بہاؤ میں لاکر بے سہارا چھوڑ دیا۔ یہ عورت کے سلسلے میں مغرب اور یورپ میں پایا جانے والا ظالمانہ اور غلط طرز فکر اور طرز عمل ہے۔
اسلام میں ایسا نہیں ہے۔ اسلام میں عورت اپنی ثروت اور اثاثے کی خود مالک ہے۔ خواہ شوہر کو یہ بات پسند آئے یا نہ آئے، باپ کو یہ چیز اچھی لگے یا اچھی نہ لگے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وہ اپنا سرمایہ، اپنا سامان اور اپنی وہ دولت جو اس نے جمع کی ہے، آزادانہ خرچ کر سکتی ہے، اس سے کسی کو بازپرس کا حق نہیں ہے۔ عورتوں کے معاشی حقوق کی حمایت کے لحاظ سے دنیا، اسلام سے تیرہ سو سال پیچھے ہے۔ اسلام نے یہ کام تیرہ سو سال قبل ہی کر دیا۔
تیسرا باب: اسلامی جمہوریہ ایران میں عورت کا کردار
ایران کی عصری تاریخ میں عورتوں کا کردار
ایران میں موجودہ دور میں اور بہت سے انتہائی اہم واقعات میں عورتوں کا کردار بہت نمایاں رہا ہے۔ اگر گزشتہ ڈیڑھ سو سال کی تاریخ پر جو بڑی سبق آموز ہے، نظر دوڑائی جائے تو معلوم ہوگا کہ کئی شعبوں اور میدانوں میں عورتوں کی شراکت اور ان کا کردار بہت اہم، نمایاں، موثر اور فیصلہ کن ثابت ہوا ہے۔ منجملہ خواتین کا وہ کردار ہے جو انہوں نے مرزا شیرازی مرحوم کی قیادت میں سامراج مخالف تحریک میں ادا کیا۔ اسی شہر تہران میں عورتوں کے مظاہرے حکمراں نظام کو لرزہ بر اندام کر دینے والے مظاہرے تھے۔ معلوم ہوا کہ اسلامی انقلاب سے قبل بھی اسلامی جذبے کے ساتھ مسلمان خواتین کی نمایاں کارکردگی کی ایک تاریخ موجود ہے۔
پہلوی سلطنت میں خواتین کی صورت حال
قابل مذمت بے ضمیر شہنشاہی نظام والے معاشرے میں عورت ہر لحاظ سے واقعی بے حد مظلوم واقع ہوئی تھی۔ اگر عورت علمی میدان میں قدم رکھنا چاہتی تو اسے تقوا و دینداری اور عفت و پرہیزگاری سے خود کو الگ کر لینا پڑتا تھا۔ یونیورسٹیوں میں، تعلیمی اداروں اور علمی و ثقافتی مراکز میں ایک مسلمان عورت کے لئے ممکن نہیں تھا کہ اپنے حجاب، اپنے وقار اور اپنی متانت کو باقی رکھ سکے۔ یہ کہاں ممکن تھا کہ مسلمان خاتون تہران اور بعض دیگر شہروں کی سڑکوں پر مسلمان خاتون اسلامی متانت و وقار کے ساتھ یا حتی آدھے ادھورے حجاب کے ساتھ آسانی سے گزر جائے اور وہ مغربی فحاشی و فساد کے دلدادہ افراد کے رکیک جملوں سے محفوظ رہے؟ نوبت یہ آ گئی تھی کہ اس ملک میں عورتوں کے لئے حصول علم تقریبا نا ممکن ہو گیا تھا۔ البتہ اس میں کچھ استثنا بھی ہے لیکن اکثر و بیشتر عورتوں کے لئے علمی میدان میں وارد ہونا ممکن نہیں ہو پاتا تھا۔ اس کا ایک ہی راستہ تھا کہ وہ حجاب ترک کر دیں اور تقوی و اسلامی وقار سے خود کو الگ کر لیں۔ سیاسی میدان اور سماجی سرگرمیوں کے سلسلے میں بھی یہی صورت حال تھی۔ اگر کوئی عورت ایران میں شاہی حکومت کے دور میں کوئی سیاسی یا سماجی عہدہ حاصل کرنا چاہتی تھی تو اسے حجاب، اسلامی وقار اور عفت و پاکدامنی کو فراموش کر دینا ہوتا تھا۔ البتہ اس کا اس پر بھی انحصار تھا کہ اس عورت کی صلاحیت اور اس کی اپنی حقیقت کیا ہے۔ اگر اس میں مضبوطی اور استحکام نہیں ہے تو وہ پوری طرح گہرائیوں میں گرتی چلی جاتی تھی لیکن اگر اس میں استحکام ہوتا تو خود کی کسی حد تک محفوظ رکھتی تھی لیکن سماجی ماحول کا اس پر ہمیشہ دباؤ رہتا تھا۔
سابقہ شاہی دور حکومت میں عورتوں کی بڑی تعداد ناخواندہ تھی اور انہیں سماجی مسائل کی کوئی شد بد نہ تھی یعنی انہیں کسی چیز کے ادراک کا موقع ہی نہیں دیا جاتا تھا، وہ ملک کے مستقبل اور تقدیر سے لا تعلق تھیں انہیں معلوم ہی نہیں تھا کہ عورتیں ملک کی تقدیر کے فیصلے میں شراکت کا حق رکھتی ہیں۔ یہ حالت تھی لیکن ظاہری روپ کے لحاظ سے وہ یورپی عورتوں کے جیسی تھیں بلکہ شائد مغربی اور یورپی عورتوں سے بھی دو ہاتھ آگے تھیں۔ انہیں دیکھنے والا یہی سمجھتا کہ یہ عورت کسی یورپی ملک سے اور مغربی ماحول سے نکل کر ایران آئی ہے لیکن اگر اس سے دو جملے گفتگو کرتا تو معلوم ہوتا کہ یہ تو بالکل کورہ کاغذ یا انتہائی سطحی معلومات والی عورت ہے! عورت کو مجبور کیا جاتا تھا کہ وہ جسم کی نمائش کرے اور دوسروں کی نگاہوں کا مرکز بنے اور اسی کو اپنی شخصیت کا معیار سمجھے۔ جبکہ یہ تو عورت کے لئے انحطاط کا عمل تھا پیشرفت کا عمل نہیں۔ کیا عورت کے ساتھ اس سے بڑی بھی کوئی زیادتی ہو سکتی ہے کہ فیشن، میک اپ، جسم کی نمائش، لباس، سونے چاندی اور گہنوں کا اس پر ملمع چڑھا دیں اور پھر اسے گوناگوں مقاصد کی تکمیل کے سامان اور حربے کے طور پر استعمال کریں۔ اسے سیاست، اخلاقیات اور تربیت کے میدان میں قدم رکھنے کا موقع نہ دیں؟ پہلوی سلطنتی دور میں یہ کام پوری منصوبہ بندی کے تحت کیا گيا۔
ایران کے اسلامی انقلاب میں خواتین کا کردار
ایران کے اسلامی انقلاب نے عورتوں کے سلسلے میں تمام غلط نظریات اور طرز فکر پر خط بطلان کھینچ دیا اور عورتوں نے اسلامی انقلاب کے ہراول دستے کی سپاہیوں کا رول ادا کیا۔ اگر عورتوں نے انقلاب سے تعاون نہ کیا ہوتا، اس انقلاب کو قبول نہ کیا ہوتا اور اس پر ان کا یقین نہ ہوتا تو یہ طے ہے کہ انقلاب کبھی کامیاب نہ ہو پاتا۔ اگر وہ نہ ہوتیں تو انقلابیوں کی آدھی تعداد تو براہ راست میدان سے یونہی مفقود ہو جاتی اور اس کے علاوہ (ان عورتوں کی میدان میں عدم موجودگی کا اثر یہ بھی ہوتا کہ) چونکہ خاتون گھر کے اندر کے ماحول پر گہرا اثر رکھتی ہے اس لئے بچے، شوہر اور بھائی پر بھی اس کا اثر پڑتا۔ تو یہ ان کا تعاون اور ان کی شراکت ہی تھی جس نے دشمن کی بنیادیں ہلا دیں اور تحریک کو حقیقی معنی میں آگے بڑھایا۔ مرد خواہ وہ شوہر ہو یا بیٹے عورتوں بشمول ماؤں اور ازواج کے زیر اثر ہوتے ہیں۔ یہ ایک فطری بات ہے۔ ایک غیر تعلیم یافتہ ماں کا جس کے پاس کوئی معلومات اور کوئی تجربہ بھی نہیں ہے ایسا اثر اور نفوذ ہوتا ہے جو شاگرد پر استاد اور ماتحتوں پر افسر کے اثر سے الگ ہوتا ہے۔ بچوں پر ماں کا بالکل منفرد اثر ہوتا ہے جو ماں کے بڑھاپے تک اسی طرح برقرار رہتا ہے۔ یعنی ماں جب اپنے مخصوص اثر و نفوذ کو استعمال کرنے کا ارادہ کرتی ہے تو وہ اس میں کامیاب رہتی ہے۔ البتہ شائد کچھ مائیں ایسی بھی نکل آئیں جن میں جوش و ولولہ کی کمی اور استحکام کا فقدان ہو اور وہ اپنے اس اثر و نفوذ کو استعمال ہی نہ کریں۔ عموما یہی ہوتا ہے کہ بچوں پر ماؤں کا خاص اثر ہوتا ہے۔ ان کی باتیں، ان کا محبت آمیز انداز اور اسی مادرانہ شفقت کے ساتھ جو باتیں وہ کہتی ہیں وہ مخاطب فرد کے ذہن و دل میں اترتی چلی جاتی ہیں۔ جب ایران کی اسلامی تحریک، اسلامی انقلاب کے مرحلے پر پہنچ گئی اور عورتیں اسلام کے سلسلے میں اسی نظرئے کے ساتھ جو عورتوں کے درمیان رائج تھا آگے بڑھیں تو امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے فرمایا کہ اگر اس تحریک کو عورتوں کا تعاون نہ ملا ہوتا تو انقلاب کبھی بھی کامیابی سے ہمکنار نہ پاتا۔
اسلامی جمہوریہ کی تشکیل کے عمل میں اور آج تک رونما ہونے والے واقعات کے سلسلے میں ایرانی خواتین نے بعض مواقع پر مردوں کے مثل اور بعض مواقع پر مردوں سے کچھ کمتر اور بعض مواقع پر تو مردوں سے بھی بڑھ کر تعاون کیا اور اپنے اثر دکھایا۔ جنگ میں بھی اور مختلف سیاسی واقعات میں ملک کے دینی اور سیاسی مظاہروں میں بھی یہی صورت حال نظر آتی ہے۔ علم و دانش کے شعبے میں، تعمیر و ترقی کے عمل میں اور سماجی مسائل کے سلسلے میں ایرانی خواتین کا دائمی اور مربوط تعاون اور شراکت نظروں کے سامنے ہے۔ معاشرے کے ایک رکن کی حیثیت سے عورت کا سماجی کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ماضی میں عورتیں اس پہلو کو کوئی اہمیت نہیں دیتی تھیں اور اس کی جانب ان کی توجہ نہیں تھی۔
معاشرے میں جو سماجی سطح پر عمومی امور ہوتے ہیں عورتوں کا ان میں کوئی کردار نہیں ہوتا تھا، وہ اس تعلق سے اپنا کوئی کردار اور اپنی کوئی ذمہ داری محسوس ہی نہیں کرتی تھیں۔ دور افتادہ قریوں اور شہروں کی تمام خواتین اس انقلاب کی پاسبانی کرنے والے انسانی مجموعے میں شامل افراد کی حیثیت سے اور اس انقلاب کی ذمہ دار کی حیثت سے اپنے لئے ایک شان و منزلت کی قائل ہیں۔ اس زاوئے سے مرد اور عورت میں کوئی تفریق نہیں ہے، بلکہ بسا اوقات عورتوں میں سماجی مسائل اور امور کے تعلق سے زیادہ جوش و جذبہ اور وسیع النظری دیکھنے میں آتی ہے اور وہ اس ملک اور اس کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھتی ہیں۔
اسلامی انقلاب اور عورتوں کا سماجی مقام و مرتبہ
اسلام، انقلاب اور امام (خمینی رحمت اللہ علیہ) نے اس ملک میں آن کر عورت کو سیاسی سرگرمیوں کے مرکز میں لا کھڑا کیا اور انقلاب کا پرچم عورتوں کے ہاتھوں میں دیا۔ اس سب کے ساتھ ہی ساتھ عورتوں نے اپنے حجاب، اپنے وقار، اپنی اسلامی متانت، اپنی عفت و پاکدامنی اور دین و تقوے کی بھی حفاظت کی۔ اب ایران کی مسلمان خواتین کی گردن پر اس کے بعد کوئی حق اور فریضہ ایسا نہیں رہا جو ادا نہ ہوا ہو۔
اسلامی انقلاب کی برکت سے ایرانی خواتین بہت اچھے راستے پر چل پڑی ہیں۔ آج ایرانی عورت عملی میدان میں وارد ہو سکتی ہے اور معرفت و دانش کے اعلی مدارج پر فائز ہو سکتی ہیں اور اس کے ساتھ ہی ساتھ اپنے دین و ایمان، عفت و پاکدامنی، تقوا و پرہیزگاری، عز و وقار، سنجیدگی و متانت، اپنی عزت و حرمت اور شخصیت و تشخص کو بھی قائم رکھ سکتی ہے۔ اسی طرح عورت دینی علوم و معارف کی وادی کی بھی سیاحی کر سکتی ہے، اس کی راہ میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ اور ممانعت نہیں ہے۔ آج ایران میں عورتیں سیاست کے میدان میں، سیاسی سرگرمیوں میں، سماجی میدان میں، جہاد کے میدان میں، عوام اور انقلاب کی مدد و اعانت کے سلسلے میں، غرضیکہ گوناگوں میدانوں میں اپنی متانت و سنجیدگی کو برقرار رکھتے ہوئے، اپنے عز و وقار کو قائم رکھتے ہوئے اور اپنے اسلامی حجاب کی پابندی کے ساتھ اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔
امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی نگاہ میں عورت کی منزلت
بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے انقلاب میں، خواہ وہ اس کا معرض وجود میں آنے کا مرحلہ ہو یا معرض وجود میں آ جانے کے بعد آگے بڑھنے اور جاری رہنے کی منزل، عورتوں کے کردار کو اسی طرح اسلامی معاشرے کے ارتقاء اور اس میں اسلامی و انقلابی بالغ نظری پیدا کرنے کے عمل میں عورت کے مقام کو انتہائی عظیم قرار دیا ہے، اور حقیقت بھی یہی ہے۔ اس حقیقت کا تقاضا یہ ہے کہ ایرانی عورت اور مسلم خاتون مغرب کی خانماں سوز ثقافت کی جگہ جگہ موجود کمند اور جگہ جگہ بچھے جال سے خود کو محفوظ رکھنے کے لئے اپنی مجاہدت کو پختہ ارادے کے ساتھ جاری رکھے اور کسی بھی صورت میں ان کے دام میں نہ پھنسے جنہوں نے عورت کو اپنی تباہ کن پالیسیوں اور توسیع پسندانہ اہداف کے لئے حربے کے طور پر استعمال کرنے کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔ اس کے لئے دانشمندانہ باریک بینی کی ضرورت ہے جس کے ذریعے عورت کی سیاسی، سماجی، فنی اور ثقافتی شناخت اور منزلت کو سیاسی اور شخصی اغراض و مقاصد کی تکمیل کے ذریعے اور حربے کی سطح تک عورت کی تنزلی اور انحطاط سے الگ کیا جا سکتے اور دونوں کے فرق کو پہچانا جا سکے۔ اس پستی اور ہر آگاہ و بیدار اور حریت پسند انسان کے مرغوب و پسندیدہ مقام و منزلت کے درمیان خلط ملط پیدا نہ ہو۔
امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ ایرانی معاشرے میں خواتین کو کہ جو ملک میں تعداد کے اعتبار سے کل آبادی کا نصف ہیں اور حساس مواقع اور نازک موڑ پر افادیت کے لحاظ سے آدھی آبادی سے زیادہ کا کردار ادا کرتی ہیں (کیونکہ جب ماں اور بیوی کی حیثیت سے وہ میدان عمل میں آتی ہیں تو بچوں اور شوہر پر اپنے خاص اثر و نفوذ کی وجہ سے انہیں بھی اپنے ساتھ میدان میں لاتی ہیں) ان کا حقیقی مقام اور شناخت حاصل ہو۔ فرضی اور مسلط کردہ شناخت نہیں بلکہ وہی حقیقی شناخت جو نظر انداز کر دی گئی ہے اور مختلف پردوں کے نیچے دب کر رہ گئی ہے۔ آپ کی تاکید تھی کہ یہ شناخت نمایاں ہو اور ہمیشہ سب کی خاص طور پر خود خواتین کی نظروں کے سامنے رہے۔ جو درخشاں حقیقت ہے وہ انہیں باور کرائی جائے۔
كلكته : رضوی صاحبه
آسيه فرعون كي زوجه
آسيہ بنت مزاحم ، فرعون کي زوجہ تهـي، وہ فرعون جس ميں غرور و تکبر کا نشہ بهـرا تهـا، جس کا نفس شرير تهـا اور جس کے عقائد اور اعمال باطل و فاسد تهـے-
آسيہ ، فرعون کے ساتهـ زندگي بسر کرتي تهـي، اور فرعوني حکومت کي ملکہ تهـي، تمام چيزيں اس کے اختيار ميں تهـيں-
وہ بهـي اپنے شوهـر کي طرح فرمانروائي کرتي تهـي، اور اپني مرضي کے مطابق ملکي خزانہ سے فائدہ اٹهـاتي تهـي-
ايسے شوهـر کے ساتهـ زندگي، ايسي حکومت کے ساتهـ ايسے دربار کے اندر، اس قدر مال و دولت، اطاعت گزار غلام اور کنيزوں کے ساتهـ ميں اس کي ايک بهـترين زندگي تهـي-
ايک جوان اور قدرتمند خاتون نے اس ماحول ميں پيغمبر الٰهـي جناب موسي بن عمران کے ذريعہ الٰهـي پيغام سنا، اس نے اپنے شوهـر کے طور طريقے اور اعمال کے باطل هـونے کو سمجهـ ليا، چنانچہ نور حقيقت اس کے دل ميں چمک اٹهـا-
حالانکہ اس کو معلوم تهـا کہ ايمان لانے کي وجہ سے اس کي تمام خوشياں اور مقام و منصب چهـن سکتا هـے يهـاں تک کہ جان بهـي جاسکتي هـے، ليکن اس نے حق کو قبول کرليا اور وہ خداوند مهـربان پر ايمان لے آئي ، اور اپنے گزشتہ اعمال سے توبہ کرلي اور نيک اعمال کے ذريعہ اپني آخرت کو آباد کرنے کي فکر ميں لگ گئي-
قرآن مجيد نے فرعون کو متکبر، ظالم ، ستم گر اور خون بهـانے والے کے عنوان سے ياد کيا هـے اور اس کو ”طاغوت“ کا نام ديا هـے-
آسیہ فرعون سے اپنا ایمان مخفی رکھتی تھی اور بعد میں اسے اس کے متعلق علم ہوگیا تھا۔ ان کے بارے میں :
- سوره تحریم آيت 11 ہے :
"اللہ تعالی نے ایمان والوں کے لیے فرعون کی بیوی کی مثال بیان کی ہے کہ جب اس نے کہا اے میرے رب میرے لیے اپنے پاس جنت میں گھر بنا ، اورفرعون اوراس کے عمل سے نجات نصیب فرما اورمجھے ظالموں کی قوم سے بھی نجات عطا فرما۔
ابن عباس بیان کرتے ہيں کہ نبی اكرم صلی اللہ علیہ وآله و سلم نے زمین پر چار لکیریں لگائيں اور فرمانے لگے:
کیا تم جانتے ہو یہ کیا ہے؟ صحابہ نے عرض کیا اللہ اور اس کے رسول (صلی اللہ علیہ وآله و سلم) کوزيادہ علم ہے ، رسول خدا نے فرمایا :
جنتی عورتوں میں سب سے افضل خدیجہ بنت خویلد اور فاطمہ بنت محمد اور فرعون کی بیوی آسیہ بنت مزاحم اور مریم بنت عمران ہیں۔ (1)
*******************************
1- مسنداحمد حديث نمبر ( 2663 ) علامہ البانی نے صحیح الجام (1135) میں اسے صحیح قراردیا ہے ۔
زیارت حضرت فاطمہ معصومہ قم (ع)

حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام پہلی ذیقعدہ 173 ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئیں ۔ اور آپ نے اٹھائیس سال کی عمر میں 10 ربیع الثانی سن 201 ہجری قمری قم المقدس میں وفات پائی ۔ سن 200 ہجری قمری میں حضرت فاطمہ معصومہ(ع) اپنے کچھ بھائیوں کے ہمراہ اپنے بھائی اور امام زمانہ حضرت امام رضا (ع) کی زیارت کے یئے روانہ ہوئیں ۔ طولانی سفر طے کرتے ہوئے آپ بمقام ساوہ پہنچیں ۔ اس زمانے میں ساوہ کے لوگ اہلبیت کے سخت مخالف تھے ۔ انھوں نے حکومت کے سپاہیوں سے ملکر حضرت معصومہ(ع) کے قافلہ والوں پر حملہ کردیا اور اس طرح دونوں گروہوں کے درمیان جنگ چھڑ گئی اس درد ناک حادثہ میں حضرت کے قافلہ میں سے کافی لوگ شہید ہو گئے ۔ اس کے بعد حضرت معصومہ (ع) بیمار پڑ گئيں اور ساوہ میں ناامن حالات کو دیکھتے آپ نے فرمایا کہ مجھے قم لے چلو ۔ کیوں کہ میں نے اپنے والد گرامی سے سنا ہے کہ قم ہمارے شیعوں کا مرکز ہے پھر آپ قم کی طرف روانہ ہوئیں ۔ قم کے بزرگ لوگوں کو جب اس مسرت بخش خبر کی اطلاع ہوئی تو وہ لوگ حضرت معصومہ کے استقبال کے لئے آئے ۔ اور اشعری خاندان کے سردار ( موسی بن خزرج ) نے حضرت معصومہ کے اونٹ کی لگام اپنے ہاتھ میں لی اور بی بی کو بڑی عزت و احترام کے ساتھ قم میں لائے ۔ اور آپ نے موسی بن خزرج کے مکان میں قیام فرمایا سترہ دن تک آپ نے آشیانہ آل محمد (ص) میں خدا کی عبادت اور اس کے ساتھ راز و نیاز میں گزارے ۔ آخر کار بیماری کی تاب نہ لا کر آپ نے اپنی جان کو جان آفرین کے حوالے کردیا آپ کی بیماری کی ایک وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ آپ کو ساوہ میں ایک عورت نے مسموم کیا تھا آپ کو غسل و کفن دینے کے بعد قبرستان کی طرف لے گئے دوستداروں کا مجمع تھا لیکن کوئی محرم نہ تھا جو حضرت کے جنازے کو قبر میں اتارتا چنانچہ قادر نامی ایک بوڑھے شخص کو اس کام کے لئے انتخاب کیا لیکن وہ بھی اس کام کو انجام دینے کا اہل نہ تھا کیوں کہ معصومہ کا جنازہ تھا اس کو قبر میں اتارنے کے لئے امام معصوم کی ضرورت ہے ۔ لہذا لوگوں نے انتظار کیا ناگہاں دیکھا کہ دور سے دو سوار آرہے ہیں جب وہ قریب آئے گھوڑے سے اترے نماز جنازہ ادا کی معصومہ بی بی کو سپرد خاک کیا اور کسی سے تکلم کئے بغیر چل دیئے ۔ معصومہ اہلبیت کا روضہ آج ہر خاص و عام کی زیارت گاہ اور دل کی دھڑکن ہے ۔
آپ کی قبر منور شہر قم میں مشہور و معروف ہے ۔ اس میں بلند قبے، ضریح، متعدد صحن اور بہت سے خدام اور بہت سے اوقاف ہیں ۔ اہل علم کی آنکھوں کی روشنی اور عام انسانوں کے لۓ پناہ گاہ ہے ۔ ہر سال بے شمار لوگ دور دور کے شہروں سے سفر کرتے ہیں اور زحمت برداشت کرکے ان معظمہ کی زیارت سے فیض و برکت حاصل کرتے ہیں ۔ ان معظمہ کی فضیلت و جلالت بکثرت حدیثوں سے معلوم ہوتی ہے جیسا کہ شیخ صدوق (رہ) نے حسن سند کے ساتھ جو مثل صحیح کے ہے سعد بن سعد سے روایت کی ہے کہ امام رضا علیہ السلام سے سوال کیا حضرت فاطمہ (ع) بنت موسی (ع) بنت جعفر (ع) کے بارے میں تو فرمایا جو ان کی زیارت کرے اس کے لۓ بہشت ہے اور معتبر سند کے ساتھ آپ کے فرزند امام محمد تقی علیہ السلام سے منقول ہے کہ جو شخص میری پھوپھی کی زیارت قم میں کرے اس کے لۓ بہشت ہے ۔ علامہ مجلسی (رہ) نے بعض کتب زیارت سے نقل کیا ہے کہ علی بن ابراہیم نے اپنے والد سے اور انھوں نے سعد سے روایت کی ہے کہ امام علی رضا علیہ السلام نے فرمایا اے سعد تمہارے قریب ایک ہماری قبر ہے ۔ سعد نے کہا کہ میں آپ پر قربان ہوں ۔ قبر فاطمہ (ع) بنت موسی (ع) کو فرمارہے ہیں، فرمایا ہاں، جوان کی زیارت کرے ان کے حق کو پہچانتے ہوۓ اس کے لۓ جنت ہے ۔ جب ان کی قبر کے سرہانے پہنچے تو رو بقبلہ کھڑا ہو اور چونتیس مرتبہ اللہ اکبر اور تینتیس مرتبہ سبحان اللہ اور تینتیس مرتبہ الحمد للہ کہے پھر یہ زیارت پڑھے ۔
زیارت حضرت فاطمہ معصومہ قم (ع)
السلام علی آدم صفوۃ اللہ - السلام علی نوح نبی اللہ ۔ السلام علی ابراہیم خلیل اللہ ۔ السلام علی موسی کلیم اللہ ، السلام علی عیسی روح اللہ ۔ السلام علیک یا رسول اللہ -السلام علیک یا خیر خلق اللہ- السلام علیک یا صفی اللہ -السلام علیک یا محمد بن عبداللہ خاتم النبیین- السلام علیک یا امیر المومنین علی بن ابی طالب وصی رسول اللہ السلام علیک یا فاطمہ سید ۃ نساء العالمین السلام علیکما یا سبطی نبی الرحمۃ و سید شباب اھل الجنۃ السلام علیک یا علی بن الحسین سید العابدین و قرۃ عین الناظرین السلام علیک یا محمد بن علی باقر العلم بعد النبی السلام علیک یا جعفر بن محمد الصادق البار الامین السلام علیک یا موسی بن جعفر الطاھر الطھر السلام علیک یا علی بن موسی الرضا المر تضی السلام علیک یا محمد بن علی التقی السلام علیک یا علی بن محمد النقی الناصح الامین السلام علیک یا حسن بن علی السلام علی الوصی من بعدہ اللھم صل علی نورک و سراجک و ولی ولیک وصی وصیک و حجتک علی خلقک السلام علیک یا بنت رسول اللہ السلام علیک یا بنت فاطمۃ و خدیجۃ السلام علیک یا بنت امیر المو منین السلام علیک یا بنت الحسن و الحسین السلام علیک یا بنت ولی اللہ السلام علیک یا اخت ولی اللہ السلام علیک یا عمۃ ولی اللہ السلام علیک یا بنت موسی بن جعفر و رحمۃ اللہ و برکاتہ السلام علیک عرف اللہ بیننا و بینکم فی الجنۃ وحشرنا فی زمرتکم و اوردنا حوض نبیکم وسقانا بکاس جدکم من ید علی بن ابی طالب صلوات اللہ علیکم اسئل اللہ ان یرینا فیکم السرور و الفرج و ان یجمعنا و ایاکم فی زمرۃ جدکم محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و ان لا یسلبنا معرفتکم انہ ولی قدیر اتقرب الی اللہ راضیا بہ غیر منکر و لا مستکبر وعلی یقین ما اتی بہ محمد و بہ راض نطلب بذالک وجھک یا سیدی اللھم و رضاک و الدار الآخرۃ یا فاطمۃ اشفعی لی فی الجنۃ فان لک عنداللہ شا نا من الشان اللھم انی اسئلک ان تختم لی با لسعادۃ فلا تسلب منی ما انا فیہ و لا حول و لا قوۃ الا با للہ العلی العظیم اللھم استجب لنا و تقبلہ بکرمک و عزتک و برحمتک و عافیتک و صلی اللہ علی محمد و آلہ اجمعین وسلم تسلیما یا ارحم الراحمین ۔
ترجمہ زیارت :
سلام ہو آدم پر جو برگزیدہ خدا ہیں ۔ سلام ہو نوح پر جو اللہ کے نبی ہیں ۔ سلام ہو ابراہیم پر جو خلیل خدا ہیں ۔ سلام موسی پر جو کلیم اللہ ہیں ۔ سلام عیسی پر جو روح اللہ ہیں ۔ سلام آپ پر اے رسول خدا (ص) سلام آپ پر اے مخلوقات خدا میں سب سے بہتر ۔ سلام آپ پر اے خدا کے بر گزیدہ ۔ سلام آپ پر اے محمد بن عبد اللہ خاتم الانبیاء ۔ سلام آپ پر اے امیرا لمومنین (ع) علی ابن ابی طالب ۔ رسول خدا کے وصی ۔ سلام آپ پر اے فاطمہ عالمین کی عورتوں کی سردار ۔ سلام آپ دونوں پر اے نبی رحمت کے نواسو اور جنت کے جوانوں کے سردار ۔ سلام آپ پر اے علی بن حسین (ع) عبادت گزاروں کے سردار ۔ اور اہل بصیرت کے لۓ خنکی چشم ۔ ۔ سلام آپ پر اے محمد بن علی (ع) علم کے شگافتہ کرنے والے نبی کے بعد ۔ سلام آپ پر اے جعفر بن محمد صادق (ع) نیک اور امین ۔ سلام آپ پر اے موسی بن جعفر (ع) جو پاک اور پاکیزہ ہیں ۔ سلام آپ پر اے علی بن موسی رضا (ع) مرتضی ۔ سلام آپ پر اے محمد بن علی نقی (ع) سلام آپ پر اے علی بن محمد (ع) نقی نصیحت کرنے والے اور امین ۔ سلام آپ پر اے حسن بن علی (ع) سلام ان کے بعد ان کے وصی پر ۔ خدا یا درود نازل فرما اپنے نور اپنے چراغ اور اپنے ولی کے ولی اور اپنے وصی کے وصی پر اور اپنی مخلوق پر اپنی حجت پر ۔ سلام آپ پر اے دختر رسول خدا (ص) سلام آپ پر اے دختر فاطمہ (ع) و خدیجہ (ع) ۔ سلام آپ پر اے دختر امیر المومنین (ع) سلام آپ پر اے دختر حسن و حسین (ع) سلام آپ پر اے ولی خدا ۔ سلام آپ پر اے ولی خدا کی بہن ۔ سلام آپ پر اے ولی خدا کی پھوپھی ۔ سلام آپ پر اے دختر موسی بن جعفر (ع) اللہ کی رحمت و برکت ہو ۔ سلام آپ پر خدا ہمارے اور آپ کے درمیان شناسائی کر بر قرار رکھے اور ہم کو آپ کے زمرہ میں محشور کرے اور ہم کو اپنے نبی (ص) کے حوض پر وارد کرے اور ہم کو آپ کے جد کے جام سے علی بن ابی طالب (ع) کے ہاتھوں سے سیراب کرے اور آپ پر اللہ کا درود و سلام ہو ۔ میں خدا سے سوال کرتا ہوں کہ وہ ہم کو آپ لوگوں کے بارے میں خوشی اور آسانی دکھلادے اور ہم کو اور آپ کو جمع کرے آپ کے جد محمد صلی اللہ علیہ وآلہ کے زمرہ میں اور ہم سے نہ سلب کرے آپ کی معرفت کو بیشک وہ سلطنت اور قدرت والا ہے ۔ میں اللہ سے قریب ہوتا ہوں آپ کی محبت میں اور آپ کے دشمنوں سے برائت کے ذریعہ اور اللہ کی طرف سر تسلیم خم کۓ ہوۓ اس پر راضی رہتے ہوۓ بغیر انکار اور تکبر کے اور اس کے یقین پر جو جضرت محمد (ص) لاۓ اور اس سے راضی رہتے ہوۓ ۔ میں طلب کرتا ہوں اس کے ذریعہ آپ کے ذات کو اے میرے سردار ۔ اے خدا تیر ی مرضی اور آخرت کی سعادت کو طلب کرتا ہوں ۔ اے فاطمہ (ص) آپ میر ی شفاعت کیجۓ جنت کے لۓ کہ آپ کی خدا کے نزدیک شان ہے ۔ خدا یا میں تجھ سے سوال کرتا ہوں کہ میرا خاتمہ سعادت پر ہو پس تو سلب نہ کر مجھ سے وہ جس میں ہوں اور کوئی قوت و طاقت نہیں ہے مگر بلند و عظیم خدا کےلۓ ۔ خدا یا ہماری دعاؤں کو قبول کر اور مستجاب فرما اپنے کرم ، اپنی عزت اور اپنی رحمت اور عافیت کے واسطہ سے اور اللہ کا درود ہو محمد (ص) اور ان کی تمام آل پر اور سلام بھیج جو سلام کا حق ہے اےسب سے زیادہ رحم کرنے والے -
تاج المساجد – بهوپال هندوستان

تاج المساجد : Taj-ul-Masajid, بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں واقع ایک خوبصورت مسجد۔ ایشیاء کی بڑی مساجد میں سے ایک مانا جاتا ہے. اس مسجد کو دن کے اوقات میں مدرسہ کی طرح بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
"تاج المساجد" کو بھوپال کی سلطان شاہ جہاں (بھوپال کی بیگم) نے 1868- 1901 میں تعمیر کروایا۔ اور میناروں کی تکمیل مولانا عمران خان ندوی نے کی۔ اور بعد میں اس میں مدرسہ کی بنیاد رکھی۔
رہبر معظم کی عمار فلم کے عوامی فسٹیول کے بعض اہلکاروں اور حکام سے ملاقات
![]()

۲۰۱۳/۰۲/۱۹ – رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عمار فلم کے عوامی فسٹیول کے بعض اہلکاروں اور حکام کے ساتھ ملاقات میں اس فسٹیول میں دین اور دینی معارف نیز اسی طرح انقلاب اسلامی اور اس کے اہداف و اقدار کے موضوع پر توجہ کو ایک مبارک اقدام قراردیتے ہوئے فرمایا: اسلامی ہنر اور دینی سنیما پر دراز مدت ، دقیق ، امید افزا مستقبل اوراس ہنر کے زیادہ سے زیادہ اثرات مرتب کرنے کے پیش نظر توجہ مرکوز ہونی چاہیے ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عمار فلم کے عوامی فسٹیول کے انعقاد پر مسرت اور خوشی کا اظہار کیا اور پیغمبر اسلام (ص) کے بزرگ صحابی اور حضرت علی (ع) کے باوفا ساتھی حضرت عمار کے نام کے انتخاب کو بہترین اور پسندیدہ ترین انتخاب قراردیا اور اس بزرگ و عظیم صحابی کی ممتاز اور نمایاں خصوصیات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: صدر اسلام کے مختلف واقعات اور گوناگوں حوادث میں حضرت عمار کی استقامت اور پائداری، اسی طرح پیغمبر اسلام (ص) کی رحلت کے بعد سخت امتحانات،موقع شناسی، بروقت حضوراور حضرت علی (ع) کے دورکے حوادث اور مسائل میں ان کے فیصلہ کن اقدامات ان کی بارز اور ممتاز خصوصیات میں شمار ہوتے ہیں۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی نے انقلاب اسلامی کے اہداف و اقدار کے سلسلے میں مستقبل پر امید افزا نگاہ اور بلند افق پر نگاہ ڈالنے کو بہت ہی اہم قراردیتے ہوئے فرمایا: سن 1357 میں انقلاب اسلامی کی کامیابی کے ساتھ شاندار حرکت کا آغاز ہوا اور گذشتہ 34 برسوں میں امریکہ کی طاقت و سطوت کے طلسم ٹوٹنے اور مختلف حوادث میں کامیابی درحقیقت انقلاب اسلامی کےاعلی اہداف تک پہنچنے کے سلسلے میں مقدماتی اور ابتدائی گام ہیں، لہذا ہمت ، دوچنداں تلاش و کوشش ، دشمن سے خوف نہ کھانے اور اس کی سازشوں سےمرعوب نہ ہونے اور مایوسی اور باہمی اختلاف سے پرہیز کے ساتھ ترقی اور پیشرفت کی بلند چوٹیوں کی سمت حرکت جاری رکھنی چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دینی سنیما اور اسلامی ہنر میں اس قسم کے نقطہ نگاہ کو ضروری قراردیتے ہوئے فرمایا: اس میدان میں مؤمن، شاداب،نئی نظر اور بلند ہمت والے جوان آگے کی سمت حرکت کے لئے محرک انجمن ہیں اور ممتازشخصیات و دانشور افراد کو چاہیے کہ وہ اپنے تجربات نئی نسل کو منتقل کرکے اور نئے اور کارآمد افراد کی تربیت کرکے اس حرکت میں مزید سرعت بخشیں ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مغربی فن سنیما کے پیش نظر ، منصوبہ بندی، جوانوں کی فکری بالیدگیاور نشو ونما کے لئے فکری اطاق کی تشکیل، اسلامی ہنراور دینی سنیما کے شعبہ میں نئی صلاحیتوں اور اسی طرح اس میدان میں دیندار ، انقلابی ، ماہر اور باتجربہ افراد کے وارد ہونے پر تاکید کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سنیما کے شعبہ میں انقلابی اور متدین افراد کے مؤثر ورود کےساتھ سنیما میں موجود ماحول و فضا سے ان کے متاثر نہ ہونے کو اصلی شرط قراردیتے ہوئے فرمایا: اس ماحول سے محفوظ رہنے کے لئےاللہ تعالی کے ساتھ مسلسل رابطہ ، تضرع و زاری اور نوافل بجا لانا بہت ضروری ہےجیسا کہ حضرت عمار نے بھی اپنے آپ کو اسی طریقہ سے مضبوط و مستحکم اور محفوظ بنالیا تھا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اللہ تعالی پر توجہ، ذکر و عبادت سب سے بلند و بالا اور لذت بخش ہنر ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سنیما کی فضا اور ملک کے ذرائع ابلاغ کے مؤثر ہونے میں متعلقہ یونیورسٹی اور حکام کے نقش و کردار کو بہت ہی اہم قراردیتے ہوئے فرمایا: اس میدان میں اصلاح کے لئے اس میں وارد ہونے کی ابتدائی راہوں کی اصلاح ضروری ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا: جو لوگ آج انقلابی اور دفاع مقدس کے موضوعات اور مضامین کے حوالے سے فلمی میدان میں سرگرم عمل ہیں وہ در حقیقت جہاد میں مشغول ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مضبوط و قوی فلم نامہ ، داستان اور قصہ سے استفادہ کو فلم سازی کے بنیادی اور اساسی ضروریات قراردیتے ہوئے فرمایا: ملک میں داستان نویسی اور ناول نویسی کا مطلوب مقام تک پہنچنے میں ابھی بہت زیادہ فاصلہ ہے اور اس شعبے کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فلم بنانے کے لئے تاریخ انقلاب اسلامی، دفاع مقدس، فلسطین اور اسلامی بیداری کو اہم اور مفید موضوعات قراردیتے ہوئے فرمایا: دنیا میں ایک جھوٹا پروپیگندہ یہ کیا جارہا ہے کہ ہنر کو سیاست کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے جبکہ مغربی ممالک میں ہالیوڈ سمیت تمام ہنری مجموعہ مکمل طور پرسیاسی ہیں اوراگرایسانہ ہوتا تو پھر وہ کیوں سنیمائی فسٹیول میں ان ایرانی فلموں کو شرکت کی اجازت نہیں دیتے جو صہیونیوں کے خلاف ہیں؟
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایران کے خلاف سیاسی فلموں کی ساخت اور ایران کے خلاف بننے والی فلموں کو انعامات سے نوازاجانا درحقیقت امریکہ اور مغرب میں ہنر اور سیاست کے باہمی امتزاج کا واضح نمونہ ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس نشست میں انسانی علوم ، ہنر اور سنیما سے متعلق اور انسانی علوم میں تحول کے بارے میں پیش کئےگئے مطالب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: انسانی علوم ملک کے ممتاز مجموعہ کے سانس لینے کی ہوا کے مانند ہے جس کے دوش پر معاشرے کی ہدایت ورہنمائی ہے لہذا سانس لینے کی ہوا کے آلودہ یا پاک ہونے کا بہت ہی اہم اور فیصلہ کن نقش ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مغربی ممالک میں انسانی علوم کی سب سے بڑی مشکل کو اس کےغلط بنیادوں پر استوار ہونا قراردیتے ہوئے فرمایا: مغربی انسانی علوم میں بنیادی اصلاح وتحول کےبغیر ٹی وی اورسنیما میں تحول اور انسانی علوم میں اصلاح ممکن نہیں ہے اور بنیادی اصلاح کے لئےعلماء اور حوزات علمیہ کے ساتھ مؤثر رابطہ ضروری ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دین اور انقلاب کے ساتھ والہانہ محبت رکھنے والے سنیمائی گروہوں کو اختلافات سے دور رہنے کی سفارش کرتے ہوئے فرمایا: ممکن ہے سنیما میں سرگرم دین اور انقلاب سے محبت رکھنے والے افراد مختلف سلیقوں کے حامل ہوں لیکن انھیں اصلی اور بنیادی کاموں پر اپنی ہمت اور توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل عمارفلم فسٹیول کے منتخب اور ججزحضرات، وحیدی جلیلی، نادر طالب زادہ، حسن عباسی، مہدی نصیری، سید جمال عود سیمین، ابو القاسم طالبی،فرج اللہ سلحشور، محمد صادق باطنی،ابراہیم فیاض، سعید قاسمی اور مصطفی رضوانی نے مندرجہ ذیل نکات پیش کئے:
٭ پیداوار سے لیکر نمائش کے مرحلے تک ہنربالخصوص سنیما کوعوامی کرنے اورانحصار سے خارج کرنے پر تاکید
٭ انقلاب اسلامی کے اہداف کے پیش نظر کھوئی ہوئی ظرفیتوں کو فعال اور مضبوط بنانے پر تاکید
٭ انقلابی اور دینی خدشات کو منتقل کرنے کے لئے سنیما سے استفادہ کرنے پر تاکید
٭ خطرات سے محفوظ رہنے کے لئے مذہبی فلم سازوں کے عقائدکو مضبوط بنانے پر تاکید
٭ ملک کے طویل منصوبوں اور پالیسیوں کی تنظیم و ترتیب میں ذرائع ابلاغ اور سنیما کے نقش پر تاکید
٭ امید افزا مستقبل کے لئے منصوبہ بندی اور سنیما پر سطحی نگاہ ڈالنے سے پرہیزکرنےپر تاکید
٭ سنیما کے شعبے میں خط شکن اور جوان افراد کی تربیت کے منصوبہ پر تاکید
رہبر معظم کا 29 بہمن کی مناسبت سے تبریز کے عوام کے مختلف طبقات سے اہم خطاب
![]()

۲۰۱۳/۰۲/۱۶ -رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے تبریز کے ولولہ انگیز اور پرجوش عوام کے مختلف طبقات کے ساتھ ملاقات میں اپنے بہت ہی اہم خطاب میں مذاکرات کے بارے میں امریکی حکام کی غیر منطقی رفتار و گفتار کی تشریح اوراس سلسلے میں اسلامی جمہوری نظام اور ایرانی قوم کی منطقی رفتار کی وضاحت کی اور 22 بہمن انقلاب اسلامی کی برسی کے موقع پر عظیم ریلیوں میں عوام کی بھر پور شرکت پر ایک بار پھر شکریہ ادا کیا، اور پارلیمنٹ میں رونما ہونے والے حالیہ واقعہ پر روشنی ڈالی۔
یہ ملاقات 29 بہمن 1356 ہجری شمسی میں تبریز کے عوام کے قیام کی مناسبت سے منعقد ہوئی رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس قیام کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور دین اور دینی ایمان کو ایرانی قوم کی تحریک اور ہدایت کا اصلی ملاک اور معیار قراردیتے ہوئے فرمایا: آذربائیجان کے عوام کی حالیہ 150 برسوں میں جد وجہد اور مقابلہ اس حقیقت کا آشکار اور واضح نمونہ ہے کہ آذربائیجان کے عوام ہمیشہ دینی ایمان کی حمایت اور پشتپناہی کرتے رہے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے سامراجی طاقتوں کی طرف سے اقتصادی پابندیوں اور ان کی دیگر سازشوں کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت و پائداری کو ان کے دینی ایمان کا مظہر قراریدتے ہوئے فرمایا: امریکہ نے اپنے دعوے کے مطابق ایران کے خلاف حال ہی میں مفلوج کرنے والی پابندیاں عائد کی ہیں اور 22 بہمن سے قبل بھی انھوں نے مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ اس طرح ایرانی عوام کے پختہ عزم و ارادے کو سست اور کمزور کرسکیں لیکن ایرانی قوم نے 22 بہمن کی ریلیوں میں بھر پور شرکت کرکےدشمن کی اس سازش کا منہ توڑ جواب دیا اور گذشتہ سالوں کی نسبت اس سال کی ریلیوں میں عوام کی شرکت کہیں زيادہ اور دشمن شکن تھی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اس سال 22 بہمن انقلاب اسلامی کی برسی کے موقع پر عظیم ریلیوں میں عوام کے تمام طبقات نے بھر پورشرکت کی ،ہر جگہ سے سبھی لوگ جوش و ولولہ کے ساتھ ،خوشحال اور شاداب چہروں کے ساتھ آئے اور عوام کی اس عظیم شرکت نے اس کے حقیقی اور واقعی چہرے کو ایک بار پھر نمایاں کردیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ہر سال 22 بہمن کے دن ایرانی قوم انقلاب اسلامی کے مخالفین اور دشمنوں پر مہلک اور کاری ضرب وارد کرتی ہے اور اس سال بھی ایرانی قوم نے ایسا ہی کیا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے 22 بہمن کی عظيم ریلیوں میں عوام کی عزتمند اور شاندار شرکت پردوبارہ شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا: اگر سو بار بھی قوم کا شکریہ ادا کیا جائے تو بجا ہے اور ایرانی قوم کے اس جذبے کے سامنے سرتعظیم خم کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے موجودہ شرائط کا تجزیہ کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی قوم کے ایمان ، پختہ عزم ، بصیرت، شجاعت اور صبر و تحمل کے مقابلے میں دشمن سخت منفعل ہیں اور اسی وجہ سے وہ غیر منطقی حرکت انجام دیتے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکی حکام کی رفتار و گفتار میں تضاد و دوگانگی کے پیش نظر انھیں غیر منطقی اور منہ زور افراد قراردیتے ہوئے فرمایا: امریکی حکام کو اس بات کی توقع رہتی ہے کہ دوسرے لوگ ان کی غیر منطقی باتوں اور منہ زوری کے سامنے تسلیم ہوجائیں جیسا کہ بعض لوگ ان کے سامنے تسلیم ہوگئے ہیں لیکن ایرانی قوم اورایرانی نظام ان کی منہ زور اورغیر منطقی رفتار کے سامنے ہرگژ تسلیم نہیں ہوں گےکیونکہ ایرانی عوام کے پاس منطق ، طاقت اور اقتدار ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکی حکام اور ان کے مغربی حامیوں کے غیر منطقی اقدامات و اعمال کی تشریح میں بعض عینی شواہد پیش کرتے ہوئے فرمایا: وہ انسانی حقوق پر عمل کرنے کا دعوی کرتے ہیں اور انسانی حقوق کے پرچم کو پوری دنیا میں بلند کرتے ہیں لیکن عملی طورپر وہ سب سے زيادہ انسانی حقوق کو پامال کرتے ہیں اور گوانتانامو جیل ، ابو غریب جیل ،افغانستان و پاکستان میں ان کےہولناک اور وحشیانہ جرائم انسانوں کی توہین اور انسانی حقوق پامال کرنے عظیم ثبوت ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں امریکی حکام کے قول و فعل میں تضاد پرمبنی دعوے کو امریکی حکام کی غیر منطقی اور متضاد روش کا دوسرا نمونہ قراردیتے ہوئے فرمایا: امریکی حکام نے گيارہ سال پہلے اس دعوے کی بنیاد پر عراق پر حملہ کیا لیکن بعد میں ثابت ہوگيا کہ امریکی حکام کا یہ دعوی غلط ، بے بنیاد اورجھوٹا تھا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امریکی حکام اس دعوے کے باوجود اسرائیل کی حمایت کرتےہیں جس کے پاس ایٹمی ہتھیاروں موجود ہیں اور جو دوسروں کو بھی دھمکی دیتاہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ڈیموکریسی کےبارے میں بھی امریکی حکام کی باتوں اور دعوؤں کو غلط ،بے بنیاد اورجھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے فرمایا: امریکی حکام ایک طرف ڈیموکریسی کا دعوی پیش کرتے ہیں اور دوسری طرف وہ مسلسل ایران کے ساتھ دشمنی اور عناد کا مظاہرہ کررہے ہیں جو علاقہ میں درخشاں ترین جمہوری اور عوامی حکومت ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: امریکی حکام اس حالت میں ڈیموکریسی کے فروغ کی بات کرتے ہیں کہ اسی علاقہ میں وہ ایسے ممالک کی حمایت کررہے ہیں جنھوں نے ڈیموکریسی کی بو تک نہیں سونگھی ہے اور نہ ہی وہاں کے لوگوں نے بیلٹ بکسوں اور انتخابات کا منہ دیکھا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکی حکام کے قول و فعل میں تضاد کے مصادیق میں ایران اور امریکہ کے درمیان مسآئل کو حل کرنے کے سلسلے میں ایران کے ساتھ مذاکرات پر امریکی آمادگی کے دعوے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امریکی حکام کا یہ دعوی ایسی حالت میں سامنے آرہا ہے کہ امریکی حکام اسلامی جمہوری نظام کےخلاف غلط ، بےبنیاد اور جھوٹی نسبتیں دے رہےہیں اور ایرانی قوم کا مقابلہ کرنے کے لئے وہ اقتصادی پابندیوں اور دھمکیوں کا سہارا لے رہے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنے کے سلسلے میں امریکی صدر کے چند روز قبل کے اظہارات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ایران کااگر ایٹمی ہتھیار بنانے کا ارادہ ہوتا تو امریکہ اسے ہرگز نہیں روک سکتا تھا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کی تلاش و کوشش میں نہیں ہے اورایران کا یہ فیصلہ بھی امریکہ کی ناراضگی یا ناراحتی کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ اپنے عقیدے اوراعتقاد کی وجہ سے ہے کیونکہ ایران ایٹمی ہتھیاروں کو بشریت کے خلاف جرم و جنایت تصور کرتا ہے اور ایران ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ پر تاکید کرتا ہے ایران دنیا سے ایٹمی ہتھیاروں کو ختم کرنے کا خواہاں بھی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایران کے بارے میں ایٹمی ہتھیاروں کی ساخت کے متعلق امریکی دعوی بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایران کے ایٹمی معاملے میں بحث ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں نہیں ہے بلکہ وہ یہ چاہتے ہیں کہ ایران پر امن ایٹمی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے اور یورونیم افزودہ کرنے کے اپنے حق سے دست بردار ہوجائے البتہ وہ ایران کو اس کے مسلم حق سے ہرگز محروم نہیں کرپائیں گے اورایرانی قوم اپنے صریح حق کی بنیاد پر اپنا کام انجام دےگی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایرانی قوم کے حقوق پامال اور ضائع کرنے کے بارے میں امریکی حکام کی کوشش ان کےغیر منطقی ہونے کا واضح نمونہ ہے اور یہی وجہ ہےکہ جن لوگوں کے پاس منطق نہ ہو ان کے ساتھ منطقی گفتگو بھی نہیں کی جاسکتی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران نے گذشتہ 34 سال کے عرصہ میں دنیا کے مختلف حالات میں اس بات کو اچھی طرح درک کرلیا ہے کہ اس کا حریف کون ہے اس کی رفتار کیسی ہے اور ایران کو اس کے ساتھ کیسی رفتار اختیار کرنی چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکی حکام کی طرف سےمذاکرات کی بحث میں صہیونیوں اور امریکیوں کے زیر تسلط میڈیا ،نیٹ ورک اور ذرائع ابلاغ کے ذریعہ ایرانکےاندر،علاقائي اورعالمی سطح پر رائے عامہ کو گمراہ کرنے اور فریب دینے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: عالمی میڈیا میں یا ہماری باتیں نشر نہیں ہوتیں اگر نشر بھی ہوتی ہیں تو ناقص یا غلط نشر ہوتی ہیں لہذاہماری بات ایرانی قوم سے ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مذاکرات کے حقائق اور واقعیات کی تشریح کے سلسلے میں پانچ اہم نکات پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: امریکی حکام کی رفتار و گفتار کا غیر منطقی اور تضاد پر مبنی ہونا، مذاکرات کے اصلی ہدف کے عنوان کے ذریعہ ایرانی قوم کو تسلیم کرنے کے لئے امریکیوں کی کوشش، تسلط پسند طاقتوں کے نزدیک مذاکرات کے حقیقی معنی، مذاکرات کے بعد اقتصادی پابندیوں کو اٹھا لینے کے سلسلے میں امریکی حکام کا جھوٹ و فریب، اورامریکی تجاویز کے مقابلے میں ایرانی قوم اور اسلامی نظآم کی رفتار کا منطقی ہونا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکی حکام کی جانب سے مذاکرات کی تجویز کے اصلی مقصد کو اسلامی نظام اور ایرانی قوم کے تسلیم ہوجانے کے بارے میں پروپیگنڈہ اور وسیع تبلیغات پر مبنی قراردیتے ہوئے فرمایا: امریکہ علاقہ کی انقلابی مسلمان قوموں کو یہ دکھانے کی کوشش کررہا ہے کہ ایرانی نظام اور ایرانی قوم اپنی تمام پائداری اور سختی کے باوجود مذاکرات اور مصالحت کی میز پر آگئی ہےلہذا آپ کے لئے بھی تسلیم ہوجانے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: البتہ تسلط پسند طاقتیں کافی عرصہ سے مسلمان قوموں کو مایوس کرنے کے لئے نیز کچھ لینے اور کچھ دینے کے فارمولے کے تحت ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کررہی ہیں اور اب بھی وہ مذاکرات کے پروپیگنڈہ کے ذریعہ اپنے انہی اہداف کا پیچھا کررہی ہیں جو مذاکرات کے بنیادی مسائل سے متعلق نہیں ہیں لیکن اسلامی جمہوریہ ایران اپنی کھلی آنکھوں سے ان کے اہداف کو دیکھ رہی ہے اور ان کا جواب بھی اسی طرح دےگی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکی اور مغربی عرف میں گفتگو اور مذاکرات کے اصلی معنی و مفہوم کو مذاکرات کی میز پر ان کی گفتگو اور بات تسلیم کرنا قراردیتے ہوئے فرمایا: امریکہ اپنے حالیہ پروپیگنڈہ میں اسی غیر منطقی بات پر زوردے رہا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ براہ راست مذاکرات کریں اور ایران کو ایٹمی انرجی اور یورونیم افزودہ کرنے سے روکنے کی کوشش کریں لیکن اگر وہ منطقی اور حقیقی گفتگو کے خواہاں ہوتے تو وہ یہ کہتے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کریں گے اور اس سلسلے میں ایران کے دلائل سنیں گے اور منصفانہ طور پر مسائل کا جائزہ لیں گے اور حل تلاش کریں گے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے یہ سوال پیش کیا کہ امریکی حکام کے اس نقطہ نگاہ کے پیش نظر اور ایرانی قوم کو تسلیم کرنے کی امریکی خواہش کے پیش نظر ، اگر ایرانی حکومت مذاکرات کے لئے ان کی تجویز قبول بھی کرلے تو کیا ایسے مذاکرات ٹھیک ہیں اور کسی نتیجہ تک پہنچ سکیں گے؟
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے منطقی گفتگو کے مقابلے میں مذاکرات ختم کرنے کے امریکی اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: گذشتہ 15 سال میں دو ، تین مرتبہ امریکیوں نے بعض مسائل کے بارے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات بہت ضروری، لازمی اور حیاتی ہیں اور ایرانی حکومت کی جانب سے ایک دو افراد بھی گئے اور گفتگو بھی کی لیکن جب امریکیوں کو ایران کی منطقی گفتگو کے سلسلے میں کوئی جواب نہیں بن سکا تو انھوں نے مذاکرات ختم کردیئے اور اپنے زیر تسلط عالمی میڈیا کے ذریعہ دنیا کے سامنے یہ پروپیگنڈہ شروع کردیا کہ ایران نے مذاکرات کو ختم کیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سوال کیا کہ امریکہ کی عیرمنطقی باتوں اور اس کے ساتھ مذاکرات کے ان تجربات کے باوجود کیا پھر مذاکرات کی کوئی ضرورت اور تجربہ باقی رہ گياہے؟
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مذاکرات کے بعد اقتصادی پابندیوں کو ختم کرنے کے امریکی وعدے کو جھوٹ اور فریب پر مبنی قراردیتے ہوئے فرمایا: امریکی حکام اپنے خام خیال میں یہ تصور کرتے ہیں کہ ایرانی عوام ان کی پابندیوں سے تنگ اچکے ہے اوروہ پابندیاں ختم کرنے کے امریکی وعدے کو سنکر مذاکرات کے لئے دوڑ پڑیں گے اور اپنے حکام پر دباؤ ڈالیں گے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: درحقیقت یہ باتیں بھی امریکہ کی فریبکاری کا حصہ ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ حقیقی اور منصفانہ مذاکرات کے پیچھے نہیں ہے بلکہ وہ ایرانی قوم کو تسلیم کرنے کی تلاش میں ہے البتہ اگر ایرانی قوم امریکہ کے سامنے تسلیم ہونا چاہتی تو وہ اصولی طور پر انقلاب ہی برپا نہ کرتی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مذاکرات کے ساتھ پابندیوں کے ختم ہونےکے امریکی دعوے پر ایک سنجیدہ اشکال وارد کرتے ہوئے فرمایا: جیسا کہ انھوں نے بارھا اعلان کیا ہے کہ پابندیوں کا مقصد ایرانی قوم کو تھکانا اور انھیں اسلامی انقلاب سے جدا کرنا ہے لہذا اگر مذاکرات بھی انجام پذیر ہوجائیں اور ایرانی قوم اسی طرح میدان میں موجود رہے اور اپنے حقوق کی حفاظت و پاسداری کرتی رہے تو پابندیاں بھی اسی طرح برقرار رہیں گی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکی حکام کے ایک ذہنی تصور کو آدھا غلط اور آدھا صحیح قراردیتے ہوئے فرمایا: امریکی حکام اس بات کےمعتقد ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران قوم کے عزم و ارادے پر استوار ہے اور اگر ہم پابندیوں کے ذریعہ عوام کو اسلامی نظام سے جدا کرنے میں کامیاب ہوجآئیں تو اسلامی نظام کی دفاعی طاقت کمزور ہوجائے گی امریکیوں کی یہ بات صحیح ہے کہ اسلامی نظام عوام کے عزم و ارادے پر استوار ہے لیکن ان کی یہ بات بالکل غلط ہے کہ وہ اقتصادی پابندیوں کے ذریعہ ایرانی عوام کو انقلاب سے الگ اور جدا کر دیں گے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: البتہ ایرانی قوم مکمل طور پر رفاہ و آسائش اور شکوفائی کی تلاش میں ہے لیکن وہ اس ہدف تک پہنچنے کے لئے ذلت آمیز راستہ اختیار نہیں کرےگی بلکہ وہ تدبیر، شجاعت اور عزم نیز اپنے جوانوں کی صلاحیتوں اور ملک کے اندرونی وسائل کے ذریعہ اس ہدف تک پہنچنے کی تلاش و کوشش کرےگی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکہ کے سامنے تسلیم ہونے والی قوموں اور ممالک کے مقابلے میں ایرانی قوم کی حیرت انگیز ترقیات اور کامیابی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اقتصادی پابندیوں سے عوام کو اذیت پہنچتی ہے لیکن ان کا مقابلہ کرنے کے لئے صرف دو راہیں موجود ہیں یاکمزور قوموں کی طرح منہ زور اور سامراجی طاقتوں کے سامنے سرتسلیم خم کرلیں ،یا ایران کی شجاع قوم کی طرح اپنی اندرونی توانائیوں سے استفادہ کرتے ہوئے سرافرازی اور سربلندی کے ساتھ خطرے کے مقام سے عبور کرجائیں ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی فرمایا: اللہ تعالی کے اذن سے بیشک ایرانی قوم نے دوسرا راستہ اختیار کررکھا ہے اور اس راہ پر گامزن ہے۔ اور پابندیوں کو مزید رشد و ترقی میں تبدیل کردےگی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نےفرمایا: 22 بہمن کی ریلیوں میں عوام کی بھر شرکت کا یہ مطلب نہیں ہے کہ عوام کی مشکلات اور مہنگائی کے بارے میں کوئی شکایت نہیں ہے بالخصوص کمزور اور پسماندہ طبقات کو سخت دشواریوں کا سامنا ہے لیکن عوام اپنے اور انقلاب کے درمیان فاصلہ پیدا نہیں کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اسلام اور اسلامی نظام ہی وہ طاقتور اور قدرتمند ہاتھ ہے جو ان کی مشکلات کو حل کرسکتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی بحث کو سمیٹتے ہوئے فرمایا: امریکی حکام کے برخلاف ایرانی قوم اور اسلامی نظام اہل منطق ہیں۔ لہذا اگر مد مقابل حریف کی رفتار منطقی ہوگی تو اس کا جواب بھی مناسب ہوگا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکہ کی طرف سےمنہ زوری اور شرارت ترک کرنے، ایرانی عوام کے حقوق کا احترام کرنے، ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے جیسا کہ فتنہ 88 میں امریکی مداخلت آشکار تھی اورعلاقہ میں جنگ افروزی کو ترک کرنے کو ایسے علائم قراردیا کہ اگر امریکی حکام ان پر عمل کریں تو یہ ان کے حسن نیت کا مظہر ہوگا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اگر ایسا ہوجائے اور امریکی حکام قول و فعل میں منطقی رفتار انجام دیں تو اس وقت معلوم ہوجائے گا کہ ایرانی قوم بھی اہل گفتگو اور مذاکرات کی حامی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکیدکرتے ہوئے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ گفتگو اور مذاکرات کی راہ صرف یہی ہے اور اسی صورت میں امریکی حکومت کو مناسب جواب مل سکتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے اختتام میں دو ہفتہ قبل اتوار کے دن پارلیمنٹ میں رونما ہونے والےواقعہ کی طرف اشارہ کیا اور اس سلسلے میں اہم نکات پیش کئے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس مسئلہ پر قوم اور ممتاز شخصیات کو اذیت پہنچنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اس برے اور ناخوشگوار واقعہ نے مجھے بھی دو طرح متاثر کیا ایک اصل واقعہ پر افسوس ہوا اور دوسرے قوم کو اذیت پہنچانےپر افسوس ہوا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اس واقعہ میں ایک قوہ کے سربراہ نے دیگر دو قوا پر ایک ایسا الزام عائد کیا جو نہ کسی عدالت میں ثابت ہوا حتی کسی عدالت میں پیش بھی نہیں کیا گیا یہ کام بہت برا،غلط ، نامناسب، غیر شرعی غیر قانونی اور غیر اخلاقی تھا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اس رفتار سے عوام کے بنیادی حقوق بھی پامال ہوئے کیونکہ آرام و سکون و امن و سلامتی میں زندگی بسر کرنا قوم کے بنیادی حقوق کا حصہ ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: میں فی الحال نصیحت کرتا ہوں کہ یہ کام اسلامی جمہوریہ ایران کی شان کے مطابق نہیں ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایک وزیر کے حالیہ استیضاح کو بھی غیر ضروری اورغلط قرار دیتے ہوئے فرمایا: استیضاح با مقصد اور مفید ہونا چاہیے حکومت کے اختتام کو صرف چند ماہ باقی رہ گئے ہیں ایسے وقت میں وزیر کا استیضاح وہ بھی ایسے کام پر جو اس سے متعلق نہیں ہے اس کام کا کونسا فائدہ پہنچا؟
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: پارلیمنٹ کے اندر بھی بعض افراد نے غیر مناسب زبان کا استعمال کیا جو غلط کام تھا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: پارلیمنٹ کے اسپیکر کادفاع بھی غیر ضروری اور حد سے زیادہ تھا جس کی کوئي ضرورت نہیں تھی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: نہ وہ الزام صحیح تھا، نہ وہ رفتار اور استیضاح مناسب تھا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سوال کرتے ہوئے فرمایا: جب دشمن مشترک ہے اورہر طرف سے سازشیں ہورہی ہیں تو اس صورت میں باہمی اتحاد و یکجہتی میں اضافہ کرنے کے بجائے کیا کوئی دوسراکام کرنا چاہیے؟
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ملکی حکام کے سلسلے میں اپنی حمایت اور تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: میری حمایت اورمیرا تعاون جاری رہےگا لیکن اس قسم کے اعمال حلف برداری کے خلاف ہیں ایرانی قوم کی عظمت کو حکام مشاہدہ کریں اوراس کے مطابق شائستہ رفتار انجام دیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: حکومت ، پارلیمنٹ اور حکام کو اپنی تمام کوششیں عوام کی معیشتی اور اقتصادی مشکلات کو حل کرنے پر مرکوز کرنی چاہییں کیونکہ میں اس سے پہلے بھی بیان کرچکا ہوں کہ دشمن نے اپنی تمام سازشیں اور منصوبے معیشتی اور اقتصادی مسائل پر مرکوز کررکھے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: میں نے چند سال قبل مالی کرپشن کے بارے میں تینوں قوا کے سربراہان کو خط لکھا تھا بار بار اقتصادی کرپشن کا ذکرکرتے ہیں اقتصادی کرپشن کا مقابلہ صرف زبان سے نہیں بلکہ عملی طورپر ہونا چاہیے اس سلسلے میں عملی طور پر کیا کیا ہے؟ عمل کے میدان میں آپ نے کیا کیا ہے؟ ایسے مسائل سے انسان کو ٹھیس پہنچتی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: تقوا ، تقوا ، تقوا، حکام سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ صبر و تحمل اور خواہشات نفسانی سے اجتناب کرتے ہوئے اپنی تمام توانائیوں کو عوام کی مشکلات حل کرنے پر صرف کریں ۔ اور اب جبکہ دشمن کی عداوتوں میں شدت آگئی ہے انھیں بھی اپنی رفاقت اور مخبت و ہمدلی میں اضافہ کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امید ہے کہ اس ہمدردانہ نصیحت پر تمام حکام بالخصوص اعلی حکام توجہ دیں گے اور اس پر عمل کریں گے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: بعض حکام کے بارے میں میرے یہ گلے و شکوے اس بات کا سبب نہ بن جائیں کہ کچھ افراد اس کے یا اس کے خلاف نعرے لگانا شروع کردیں میں اس قسم کی حرکتوں کے خلاف ہوں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حال ہی میں قم میں پارلیمنٹ کے اسپیکر کی تقریر میں خلل ڈالنے والے افراد پرشدید تنقید کرتے ہوئے فرمایا: کچھ لوگوں کا دوسروں کو ضد ولایت اور ضد بصیرت قرار دینا غلط ہےجیسا کہ قم میں کیا گیا ہے اس قسم کا اقدام غلط اقدام ہے اور میں اس قسم کے اقدام کے بالکل خلاف ہوں ، حضرت امام خمینی (رہ) کے مزار پر بھی اس قسم کا واقعہ رونماہوتھا اور میں نے اس وقت بھی حکام سے کہا تھا کہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جائے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: جو لوگ نعرے لگاتے ہیں اور جوش و ولولہ دکھاتے ہیں اگر وہ حقیقی حزب اللہی اور مؤمن ہیں تو انھیں سمجھ لینا چاہیے کہ اس قسم کےکام ملک کے لئے نقصاندہ اورغیر شرعی ہیں اوراگر انکی ان باتوں پر کوئی توجہ نہیں تو پھر ان کا حساب و کتاب جدا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے اختتام پر فرمایا: ایرانی قوم کا مستقبل اللہ تعالی کےلطف و کرم سے درخشاں اور تابناک ہے اور کہیں بہتر مستقبل ایرانی قوم اور ایرانی جوانوں کے انتظار میں ہے۔
اس ملاقات کے آغاز میں صوبہ آذربائیجان شرقی میں ولی فقیہ کے نمائندے اور تبریز کے امام جمعہ آیت اللہ مجتہد شبستری نے اپنے خطاب میں 29 بہمن 1356 ہجری شمسی کے قیام کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور 22 بہمن کی عظیم ریلیوں میں آذربائیجان کے عوام کی بھر پور شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: 22 بہمن کی عظيم ریلیوں میں ایران کی وقت شناس قوم کا پیغام معاشرے میں اتحاد و یکجہتی اور ہمدلی ، سیاسی شعبہ میں اخلاق کی حاکمیت پر تاکید اور عوامی مشکلات حل کرنے کے سلسلے میں حکام کی دگنی تلاش و کوشش پر مبنی تھا۔
نطنز کے ایٹمی مرکز میں نئی سینٹری فیوج مشینیں نصب
ایران کے ایٹمی توانائي کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ عنقریب نطنز کے ایٹمی مرکز میں نئی سینٹری فیوج مشینیں نصب کر دی جائیں گي اور ساتھ ہی اراک کا تحقیقاتی ری ایکٹر بھی کام شروع کر دے گا۔
ڈاکٹر عباسی نے تہران میں منعقدہ ایران کی ایٹمی صنعت سے وابستہ افراد کی دوسری سالانہ کانفرنس کے موقع ارنا کے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب میڈیا کو ان سینٹری فیوج مشینوں کی تعداد کے بارے میں آگاہ کر دیا جائے گا اگرچہ اس سے قبل ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے معائنہ کار اس کی خبر نشر کر دیں گے۔
ایران کے ایٹمی توانائي کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ اراک میں بھاری پانی کے ری ایکٹر کی تعمیر کا کام پروگرام کے مطابق جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تحقیقاتی ری ایکٹر ہے اور اسے آئندہ سال ریڈیو آئسو ٹوپ تیار کرنے کے لیے استمعال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ این پی ٹی معاہدے کے تحت ہر ملک کو پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی حاصل کرنے کا حق ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران بھی این پی ٹی معاہدے کے تحت ایٹمی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کر رہا ہے۔
نسل کشی کا گھناؤنا عمل
![]()

سربراہ شیعہ علماء کونسل اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائم مقام صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ کیرانی روڈ کوئٹہ کا خوفناک دھماکہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین سانحہ ہے، ارض پاک میں شیعہ عوام کو دیوار سے لگانے کے لئے پہلے فرقہ وارانہ گروہ پال کر غلیظ لٹریچر، تکفیر سازی، غلیظ نعرے اور فتوے جاری ہوئے اور پارلیمنٹ کے ذریعہ شہری آزادیوں کو سلب کرنے کی ناکام کوشش ہوئی، اب مذہبی دہشت گردی کی صورت تربیت یافتہ گروہ پال کر نسل کشی کا گھناؤنا عمل جاری ہے، منظم سرپرستی کے بغیر اتنا بڑا سانحہ رونما نہیں ہو سکتا، عوام کو حقائق سے بےخبر رکھا جا رہا ہے۔
اسلام ٹائمز کے مطابق ریاست نے مجھ سے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کا وعدہ کیا تھا وہ کیا ہوا، یکجہتی کونسل بلوچستان ملک کے معروضی حالات میں جو فیصلہ کرے گی اس کی مکمل حمایت کریں گے، ضرورت محسوس ہوئی تو اس ملک کو جام کر دیں گے اور تادم مرگ جام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ سید ساجد علی نقوی نے 10 جنوری کے سانحہ کوئٹہ کے شہداء اور گذشتہ روز کیرانی روڈ کے سانحہ پر یکجہتی کونسل کوئٹہ کے احتجاجی دھرنے سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ ریاض حسین نجفی، علامہ شیخ مہدی نجفی، علامہ افضل حیدری، علامہ رمضان توقیر، علامہ جمعہ اسدی، علامہ امین شہیدی، علامہ مرزا یوسف حسین، آغا مرتضی پویا، عابد حسین زیدی، محمد صادق عمرانی اورسردار سعادت علی چنگیزی نے بھی خطاب کیا۔
اسلام ٹائمز کے مطابق انہوں نے کہا گذشتہ رات بہت بڑا ظلم ہوا اور بدترین سانحہ کے نتیجے میں بہت سے گھر اجڑے، عورتیں بیوہ ہوئیں، بچے یتیم ہوئے، کتنے پیاروں کے لاشے اٹھائے گئے۔ میں ان شہداء کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہوئے ان کے خانوادوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ اتنے بڑے سانحات کے باوجود ریاست کی جانب سے عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کے لئے کوئی کمیشن تشکیل نہیں دیا گیا۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ خونی قاتل اور دہشت گرد کون ہیں؟ کہاں پلتے ہیں؟ ان کے سرپرست کون ہیں؟ ان کے پاس جدید وسائل کہاں سے آئے، ان کا نیٹ ورک کیسے اتنا منظم ہوا؟ ان حالات میں بجا طور پر محسوس ہوتا ہے کہ سرعام دستور پاکستان کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور اپنے ہی ملک کے عوام کا قتل عام تسلسل کے ساتھ جاری ہے کوئی ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد ٹارگٹڈ آپریشن کا فیصلہ ہوا تھا مگر میری معلومات کے مطابق آج تک ایسا کوئی اقدام نہیں کیا گیا اور قاتل و دہشت گرد آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں۔ انہیں کس نے اور کیوں کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ عوام سوال کرتے ہیں۔ آج تک کسی ایک قاتل اور دہشت گرد کو تختہ دار تک کیوں نہیں لٹکایا جا سکا؟ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم نے ہمیشہ اس ملک میں وحدت کی بنیاد ڈالی اور اتحاد کے مختلف فورمز کے بانی قرار پائے اس وقت بھی ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قائم مقام صدر کی ذمہ داری ہمارے پاس ہیں ہماری حیثیت کسی گروہ یا فرقہ کی نہیں بلکہ ہم اس ملک میں ایک مکتب کی حیثیت رکھتے ہیں اور ملک میں اتحاد کے داعی اور امن کے خواہاں ہیں اس لئے یکجہتی کونسل کوئٹہ ملک کے معروضی حالات میں جو بھی فیصلہ جات کرے گی اس کی مکمل تائید کی جائے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد و وحدت اور دیگر مکاتب فکر کے ساتھ روابط کے ذریعے ملک دشمنوں کے عزائم ناکام بنائیں جائیں۔
مسلمان بھارت میں اتنے غیر محفوظ نہیں جتنے پاکستان میں ہیں، غلام بلور
پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ طالبان کی طرف سے 24 جماعتوں کے اعلامیے کو مسترد کرنا افسوسناک ہے‘ طالبان کو ہتھیار پھینک کر مذاکرات کیلیے آنا ہو گا‘پاکستان کی بڑی بڑی جماعتیں ارشل لا کی پیداوار ہیں ‘پنجاب کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ وہ ہمیں بھی سینے سے لگا ئیں کیوں کہ ہم بھی آپ کے بھائی ہیں
جسارت آن لائن کے مطابق انھوں نے کہا کہ گر روس نہ ٹوٹتا تو آج امریکا پاکستان تک بھی نہ پہنچتا نہ ڈرون حملے ہوتے ‘آج بھارت کا مسلمان اتنا غیر محفوظ نہیں جتنا پاکستان میں ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ’’ قومی نیشنل کونسل ‘‘‘کے زیر اہتمام الحمرا میں اپنے بھائی خیبر پختوانخوا کے سینئر صوبائی وزیر بشیر احمدبلور شہید کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک میں مسلمانوں کو بسوں سے اتار کر قتل نہیں کیا جاتا ‘ جتنے معصوم مسلمان یہاں دہشتگردی کا شکار ہوئے، وہاں ایسا نہیں ہوا ‘وہاں پر درگاہوں پر حملے نہیں کیے جاتے ۔
سانحہ کوئٹہ،چیف جسٹس آف پاکستان نے از خود نوٹس لے لیا
چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی کے قتل عام کا نوٹس لے لیا، اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو آج سپریم کورٹ میں طلب کرلیا گیا۔
چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کوئٹہ میں علمدار روڈ اور کیرانی روڈ واقعات میں ہزارہ کمیونٹی کے قتل عام کا نوٹس لے لیا، سپریم کورٹ ذرائع کے مطابق از خود نوٹس کیس کی سماعت آج اوپن کورٹ میں ہوگی۔
چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان آج سپریم کورٹ میں طلب کرلیا ہے۔ رجسٹرار سپریم کورٹ کے نوٹ کے مطابق کوئٹہ میں ہزارہ برادری کا دھرنا جاری ہے جبکہ پورے ملک میں شیعہ برادری احتجاج کررہی ہے۔
واضح رہے کہ علمدار روڈ اور کیرانی روڈ پر خود کش حملوں میں ہزارہ برادری کے 160 سے زائد افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔




















![جناب خدیجہ کبری[س] کی سیرت](/ur/media/k2/items/cache/ef2cbc28bb74bd18fb9aaefb55569150_XS.jpg)
