ملک دشمن قوتیں مسالک کے درمیان انتشار پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں

Rate this item
(0 votes)

چارسدہ میں مذہبی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون ارشد عبداللہ کا کہنا تھا کہ ملک میں بدامنی، جہالت اور دہشت گردی کی لعنتوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے اسلامی تعلیمات کو عام کرنا ہوگا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور بیرسٹر ارشد عبداللہ نے علمائے کرام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک کی موجودہ صورتحال کو بہتر بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ معاشرے میں علمائے کرام بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم اسلامیہ ضلع چارسدہ میں صحیح بخاری کی تعلیمات کے آغاز کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی فضل شکور خان، سابق ایم این اے شیخ الحدیث مولانا گوہر شاہ، معززین علاقہ، علمائے کرام اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے دارالعلوم اسلامیہ میں دی جانے والی اسلامی تعلیمات کے اقدام کو سراہا۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ بیرونی طاقتیں ہمارے ملک میں پیسوں کے بل بوتے پر خلفشار پیدا کر رہی ہیں اور ملک دشمن قوتیں مسالک کے درمیان اختلافات اور انتشار پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بد امنی، جہالت اور دہشت گردی کی لعنتوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے اسلامی تعلیمات کو عام کرنا ہوگا کیونکہ ہمارا دین مکمل ضابطہ حیات ہے اور اس میں ہر مسئلہ کا حل موجود ہے۔

 

 

Read 1277 times