شیخ الازہر نے شیعہ سنی اتحاد کی حمایت کی

Rate this item
(0 votes)
شیخ الازہر نے شیعہ سنی اتحاد کی حمایت کی

مصر کی الازہر یونیورسٹی کے سربراہ شیخ احمد الطیب نے مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ شیعہ اورسنی دین اسلام کے دو اہم ستون ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق شیخ الازہر شیخ احمدالطیب نے مصر اور انڈونیشیا کے علماء کے اجلاس میں کہا کہ شیعہ اور سنی بھائی بھائی ہیں اور وہ اسلام کے دو ستون کی حیثیت سے متحد ہوں -

انہوں نے مسلمانوں کو باہمی اتحاد کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دین مبین اسلام کے پیروکار شیعہ و سنی ایک کشتی پر سوار ہوکر اس الہی دین کو دوام بخش سکتے ہیں ۔ احمد الطیب نے کہا کہ شیعہ اور سنی کے مشترکات ، ان کے اختلافات سے کہیں زیادہ ہیں-

انہوں نے ذرائع ابلاغ کے ان پر وپگنڈوں کو ، جن میں وہ دین اسلام کی شبیہ بگاڑنے کی خاطر امت مسلمہ کے مختلف فرقوں کے درمیان تنازعات اور فسادات کو ہوا دیتے ہیں کی مذ مت کر تے ہوئے کہا ہے کہ دشمنان اسلام اپنی ناپاک سا زشوں کے ذریعے امت مسلمہ کو تقسیم کرنے اور ان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے کے درپے ہیں ۔

شیخ الازہر مصر نے زور دےکر کہاہےکہ عصرحاضر امت مسلمہ کے یکجا ہونے کا وقت ہے اور مسلمانوں کو دشمنوں کی سازشوں کو سمجھ کر فتنوں اور تنازعات سے باز رہنا چاہئے ۔ شیخ احمد الطیب نے امت مسلمہ کے نوجوانوں کو تاکید کی کہ وہ ان اقدامات سے گریز کریں جو امت مسلمہ کے تفرقہ، انتشار اور تقسیم کا باعث بنیں-

انہوں نے عراق ، یمن اور شام میں جاری بحرانوں کو مسلمانوں کے درمیان تفرقہ کی علامت قرار دیا اور کہا کہ مسلمانوں کے درمیان اختلافات، دشمنان اسلام اور خاص طور پر اسرائیل کی فریب کاری کا نتیجہ ہیں-

Read 1331 times