تکفیری، ناصبی اور غالی اسلام کے دشمن ہیں، وحدت کانفرنس

Rate this item
(0 votes)
تکفیری، ناصبی اور غالی اسلام کے دشمن ہیں، وحدت کانفرنس

تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰﷺ کے زیراہتمام لاہور میں جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں کانفرنس بعنوان ’’وحدتِ اُمت و میراثِ نبوت‘‘ منعقد ہوئی، جس میں ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماء نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد حسین نقوی نے کی۔ کانفرنس میں قبلہ ڈاکٹر ایاز سربراہ اسلامی نظریاتی کونسل، مولانا محمد خان شیرانی کوئٹہ، علامہ محمد امین شہیدی، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ کوٹ مٹھن شریف، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، صاحبزادہ سلطان احمد علی (سلطان باہو)، خرم نواز گنڈاپور، پروفیسر ظفر اللہ شفیق، ڈاکٹر عطاء الرحمن، لیاقت بلوچ، علامہ جواد ہادی، علامہ افتخار نقوی، مفتی گلزار نعیمی، پیر ہارون گیلانی، مفتی رمضان سیالوی، پیر معصوم شاہ نقوی، سابق کرکٹر محمد مشتاق، بلال قطب و دیگر نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطابات میں تمام علماء نے امت کو  کو یکجہتی کا پیغام دیا اور فرقہ واریت پھیلانے والے تمام عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تمام علماء نے اکٹھے نماز مغرب ادا کرکے اسلام کے دشمن کو ایک زبردست پیغام دیا کہ امت متحد ہے اور دشمن کی تمام سازشیں خاک میں مل چکی ہیں۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ اسلام دشمن تفرقے کو ہوا دے کر اتحاد امت میں دراڑیں ڈال رہے ہیں، اس حوالے سے امت کو بیداری کا ثبوت دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کانفرنسوں کا انعقاد وقت کی ضرورت تھا، جس کا انعقاد کرکے علامہ سید جواد نقوی نے اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ علمائے کرام نے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت دراصل امت مسلمہ کا ٹیسٹ کیس ہے، دشمن دیکھنا چاہتا ہے کہ امت میں روح محمدی باقی ہے یا ختم ہوگئی ہے۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ فرانس سمیت تمام دشمنان محمد جان لیں کہ ہم حرمت رسول کیلئے اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔

کانفرنس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان فرانس کیساتھ سفارتی بائیکاٹ کرے اور پاکستانی عوام فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو شیعہ سنی کی تفریق سے نکل کر اسلام کیلئے سوچنا ہوگا، ماضی میں ہم نے شیعہ سنی کی لڑائی سے بہت نقصان اٹھا لیا، اب مزید پاکستان اس کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ علماء کی ذمہ داری ہے کہ اپنی صفوں سے شرپسندوں کو نکال باہر کریں، تکفیریوں سے اظہار برات کا یہی موقع ہے، ہمیں کسی شرپسند کے دباو میں نہیں آنا چاہیئے بلکہ یہ تکفیری، ناصبی اور غالی اسلام کے دشمن ہیں، یہ شیعہ ہیں نہ ہی سنی بلکہ یہ استعمار کے وہ ایجنٹ ہیں، جو اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

Read 799 times