یمنی فوج نے مکہ کے اوپر ایک ڈرون کو نشانہ بنانے کے سعودی دعوے کو مسترد کردیا

Rate this item
(0 votes)
یمنی فوج نے مکہ کے اوپر ایک ڈرون کو نشانہ بنانے کے سعودی دعوے کو مسترد کردیا

 یمنی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے سعودی عرب کے اس دعوے کو کہ یمنی فوج نے مکہ کی سمت ڈرون بھیجا تھا، سفید جھوٹ قرار دیا ہے۔

یمن کی خبر رساں ایجنسی "سبا" کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق یحییٰ سریع نے کہا کہ سعودی دشمن کی جانب سے یہ دعوی کہ مسلح یمن کی فورسز نے مکے کی سمت ڈرون بھیجا تھا، سفید جھوٹ ہے۔"

انھوں نے آج  اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ اب دنیا میں کوئی بھی آل سعود کی مجرمانہ حکومت کی جانب سے پھیلائے جانے والے ان جھوٹے اور بے بنیاد دعوؤں پر یقین نہیں کرتا۔ یحییٰ سریع نے کہا کہ یمنی فوج کی کارروائیوں میں ان کے تیل کے مراکز اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور ہم مناسب وقت پر ان کا اعلان کریں گے۔

انھوں نے زور دے کر کہا کہ یمنی فوج نے آج سعودی عرب کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور مکۂ مکرمہ کی فضائی حدود میں ایک ڈرون کو روکنے سے متعلق سعودی دعویٰ بے بنیاد الزام اور صاف جھوٹ ہے۔

اس سے قبل سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے اعلان کیا تھا کہ یمنی فورسز سے تعلق رکھنے والے ایک ڈرون کو مکۂ مکرمہ کے علاقے میں روک کر تباہ کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے 2015 میں یمن پر فوجی حملے کے بعد اس غریب ملک کی زمینی، فضائی اور بحری ناکہ بندی کردی تھی۔ امریکا اکتوبر 2016 میں اس ناکہ بندی میں شامل ہوا تاہم بعد میں اس نے دعویٰ کیا کہ وہ اس فیصلے سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔

Read 6 times