ٹرمپ جنگ اور مذاکرات کے بیچ دلدل میں پھنس گئے ہیں، رضائی

Rate this item
(0 votes)
ٹرمپ جنگ اور مذاکرات کے بیچ دلدل میں پھنس گئے ہیں، رضائی

ایران کی قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضایی نے آذربائیجان کے نائب وزیراعظم شاہین مصطفیٰ سے ملاقات میں کہا کہ ایران پر امریکا اور اسرائیلی حکومت کا حملہ تمام بین الاقوامی قوانین کے خلاف تھا، تاہم ایران نے اس جنگ کے جواب میں بھرپور دفاع کیا۔

محسن رضایی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایسے دلدل میں پھنس گئے ہیں جہاں وہ نہ مذاکرات کر سکتے ہیں اور نہ جنگ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی شرائط امریکا کو بتا دی گئی ہیں، لیکن ٹرمپ فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے اور امریکا نے جنگ میں بے بسی کے باعث فضائی محاصرے کا راستہ اختیار کیا ہے۔

ایران کی قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے سیکریٹری نے خطے کی تاریخی تبدیلیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں بہت سے غیر ملکی آئے اور چلے گئے، لیکن ایران اور خطے کے ممالک بدستور موجود ہیں۔

رضایی نے قفقاز کے خطے میں امن کے قیام میں مدد کے لیے ایران کی آمادگی کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ امریکا کا خطے میں کوئی مستقبل نہیں ہے اور ایران پوری طاقت کے ساتھ اس کے مقابل کھڑا ہے۔

اس موقع پر آذربائیجان کے نائب وزیراعظم شاہین مصطفیٰ نے بھی ایران اور آذربائیجان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے دوران آذربائیجان کے صدر کی جانب سے جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام پر زور دونوں ممالک کے درمیان گرمجوش تعلقات کی علامت ہے۔

انہوں نے ایران کو آذربائیجان کا دوست اور برادر ملک قرار دیتے ہوئے ایران کے خلاف آذربائیجان کی سرزمین استعمال کیے جانے سے متعلق قیاس آرائیوں کی تردید کی۔

Read 17 times