لبنان کے اہلسنت علمائے کرام کی آیت اللہ بوشہری سے ملاقات

Rate this item
(0 votes)
لبنان کے اہلسنت علمائے کرام کی آیت اللہ بوشہری سے ملاقات

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ”جمعیت علمائے مسلمان لبنان“ کے ایک وفد نے جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے سربراہ آیت اللہ حسینی بوشہری سے ملاقات اور مسئلہ فلسطین سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، وفد میں جمعیت علمائے مسلمان لبنان کی اعلیٰ کونسل کے سربراہ شیخ غازی حنینہ، شہر صیدا میں مسجد حمزہ سید الشہداء کے امام و خطیب، شیعہ محقق اور رائٹر علی حسن خازم اور مجمع جہانی تقریب مذاہبِ اسلامی کے رکن سمیت اہم شخصیات شامل تھے۔

اس ملاقات میں جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے سربراہ نے کہا کہ جب عالم سے گفتگو ہوتی ہے تو وہ "عالم امور" یعنی ایک ذمہ دار عالم دین مراد ہوتی ہے، جس کے عمل اور بیان ایک ہوں، لہذا یہ اوصاف جمعیت علمائے مسلمان لبنان کے وفد میں نمایاں ہیں۔

انہوں نے لبنان میں شیعہ سنی علماء کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ دنیا میں عالم کی کمی نہیں ہے، لیکن وہ عالم جو زمان شناس ہو اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ آپ علماء نے لبنان میں ان تمام داخلی اور بیرونی مسائل کے باوجود، شہید دیئے اور میدان دشمن کیلئے نہیں چھوڑا۔

آیت اللہ حسینی بوشہری نے کہا کہ آپ علماء، دور حاضر کے با بصیرت علماء ہیں اور آپ دور حاضر اور آنے والی نسلوں کیلئے نمونہ ہیں۔ لبنان میں شیعہ اور سنی علماء غاصب صہیونی ریاست کے مقابلے میں کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ اس ملاقات کے آغاز میں جمعیت علمائے مسلمان لبنان کے رکن شیخ حسان عبداللہ نے امام جمعہ قم اور جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے سربراہ آیت اللہ حسینی بوشہری کو جمعیت کی تاسیس اور مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

Read 100 times