لڑاکاطیارے قاہر تین سو تیرہ کی رونمائي

Rate this item
(0 votes)

اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر عشرہ فجر سے موسوم تقریبات کے تیسرے دن ایرانی ماہرین کے ہاتھوں تیار شدہ مقامی طیارے قاہر تین سو تیرہ کی رونمائي کی گئي۔ اس طیارے کی رونمائي کی تقریب سے صدر مملکت ڈاکٹر احمدی نژاد نے خطاب کیا اور اس میں وزیر دفاع اور مسلح افواج کے دیگر اعلی عھدیداروں نے شرکت کی۔ صدر احمدی نژاد نے نئے طیارے کی تقریب رونمائی کے موقع پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی توانائياں اور دفاعی ترقی کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت کے لئے نہیں ہے بلکہ یہ ڈیٹرینٹ نوعیت کی ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہاکہ نئے طیارے قاہر تین سو تیرہ کی ڈیزائيننگ اور تیاری ملت ایران کی خود اعتمادی، بیداری اور ترقی کی طرف گامزن رہنے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس قوم نے حاصل کی ہے جو کئي ہزار برسوں پر مشتمل تاریخ اور تہذیب وتمدن کی حامل ہے ۔صدر جناب احمدی نژاد نے کہا کہ یہ کامیابی ایسے عالم میں حاصل ہوئي ہے جبکہ ملت ایران دنیا میں اپنی مثال آپ ہے اور کوئي طاقت اس پر حملہ کرنے کی جرات نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ قاہر تین سو تیرہ طیارے کی رونمائي اس بات کی علامت ہےکہ ایران کے ماہرین نےعلم و سائنس اور ترقی کی بہت سی رکاوٹوں کو عبور کرلیا ہے اور آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس تقریب سے وزیر دفاع جنرل احمد وحیدی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ قاہر تین سو تیرہ جنگي طیارے کو راڈار نہیں پکڑسکتے اور یہ الٹرا ماڈرن طیارہ ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ ایران ساری دنیا میں اپنے مفادات کا دفاع کررہا ہے۔ جنرل وحیدی نے کہا کہ قاہر تین سو تیرہ جنگي طیارہ حملے کرنے کی اعلی ترین توانائيوں کا حامل ہے یہ طیارہ وزارت دفاع کے ماہرین کے نبوغ، خلاقیت اور جرات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ واضح رہے اس سال عشرہ فجر میں وزارت تیل میں ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا قومی انسٹی ٹیوٹ کی حیثیت سے آغاز بھی ہوا ہے اور کاربن کی آٹھ نینو مصنوعات کی بھی رونمائي ہوئي جواسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں بنائي گئي ہیں، اس انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح اور نینو مصنوعات کی رونمائي صدر مملکت ڈاکٹر احمدی نژاد نے کی۔ ایران میں وزارت تیل کا نیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ مشرق وسطی کا سب سے اہم اور دنیا کے پانچ پیشرفتہ ترین ریسرچ انٹسی ٹیوٹس میں ایک ہے۔ اس انسٹی ٹیوٹ میں تیل کے سوکھے کنووں سے دوبارہ تیل نکالنا، فرسودگي اور معدنی املاح سے کنووں کو صاف کرنے کے بارے میں فیلڈ ریسرچ ، قدرتی گيس کو مایع گيس میں تبدیل کرنے ، گيس کو ایک مرحلے میں میٹھا بنانے جیسے شعبوں میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔ گذشتہ شب ایران کے جنوب مغربی شہر آبادان میں آبادان ریفائنری میں ہائي آکٹین پٹرولیم تیارکرنے کے یونٹ کا بھی افتتاح ہوا۔ اس کے علاوہ ایرانی ماہرین کی بنائي ہوئي کئي دواؤں کی بھی رونمائي کی جانے والی ہے۔ ایران کی وزارت صحت کے مطابق ایران میں ملک کی ضرورت کی چھیانوے فیصد دوائيں تیار کی جارہی ہیں۔ یاد رہے عشرہ فجر کے آغاز سے ایک دن قبل ایرانی ماہرین نے پیشگام نامی راکٹ خلا میں بھیجا تھا، اس راکٹ کے ساتھ بایو کیپسول بھی خلا میں بھیجا گيا ہے۔ علم وصنعت یونیورسٹی آف ٹکنالوجی کے چانسلر نے کہا ہے کہ آئندہ گرمیوں میں ظفر نامی سیٹیلائيٹ زمین کے مدار میں بھیجا جائے گا۔یہ سٹیلائیٹ علم وصنعت یونیورسٹی آف ٹکنالوجی میں تیار کیا جارہا ہے۔ وزارت صنعت و معدنیات و تجارت کے مطابق گذشتہ برس سے لیکر اس سال اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ تک ملک میں تقریبا پانچ ہزار صنعتی یونٹ قائم کئے گئے ہیں جن سے تراسی ہزار افراد کو روزگار ملا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی صنعتی، سائنسی اور دفاعی ترقی کے جو نمونے پیش کئے گئے ہیں وہ مشتی از خروار کا مصداق ہیں اور اس بات پر تاکید کرتے ہیں کہ ایران نے مغرب کی پابندیوں اور سائنس وٹکنالوجی کی راہ میں موجود رکاوٹوں کے باوجود کافی ترقی کی ہے اور یہ سلسلہ خدا کے فضل و کرم سےجاری ہے۔

Read 1481 times