صحرائے تھر میں مزید سات بچے ہلاک

Rate this item
(0 votes)
صحرائے تھر میں مزید سات بچے ہلاک

پاکستان کے قحط زدہ علاقے صحرائے تھر میں مزید سات بچے ہلاک ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہفتے کے روز صحرائے تھر کے تعلقہ ڈیپلو کے ایک دور دراز گاؤں میں تین بچے ہسپتال پہنچنے سے قبل ہلاک ہوئے جبکہ ایک نے مٹھی کے سول ہسپتال میں دم تو دیا ۔ نگرپارکر، مٹھی اور اسلام کوٹ میں مجموعی طور پر تین بچوں کی اموات ریکارڈ کی گئیں ۔ ڈان ڈاٹ کام کے مطابق رواں مہینے میں اب تک چونتس بچے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دوسو سے زائد بچوں کو ضلع کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ادھر سندھ کے وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ نے دعوی کیا کہ صوبائی حکومت قحط زدہ صحرا کے اسپتالوں اور طبی مراکز میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے میڈیا پر صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں قحط کی صورتحال اتنی خطرناک نہیں جتنی میڈیا پیش کر رہا ہے ۔ انہوں نے بچوں کی ہلاکت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ تھرپارکر کے ڈپٹی کمشنر کی تفصیلی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں ۔ سندھ کے وزیر خوراک نے مزید کہا کہ وہ رپورٹ ملنے کے بعد وزیراعلی قائم علی شاہ سے تھر کو قحط زدہ علاقہ قرار دینے اور امدادی پیکیج فراہم کرنے کی درخواست کریں گے۔

Read 1389 times