دھشتگردوں کے پٹاخے ملت ایران کے پختہ ارادوں کو کمزور نہیں بنا سکتے: رہبر انقلاب اسلامی

Rate this item
(0 votes)
دھشتگردوں کے پٹاخے ملت ایران کے پختہ ارادوں کو کمزور نہیں بنا سکتے: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ایران کے علمی و تحقیقاتی اداروں  اور یونیورسٹیوں کے بعض طلباء نے تین گھنٹے تک ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں طلباء نے ملک کے مختلف سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور سماجی شعبوں کے بارے میں اپنے اپنے نظریات اور خیالات  پیش کئے ۔  رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے طلباء کے نظریات اور خیالات سننے کے بعد طلباء کو سامراجی نظام کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کے سپاہی قرار دیتے ہوئےفرمایا: سامراجی نظام کے خلاف جنگ میں  طلباء کا اہم کردار ہے اور طلباء علم و دانش کے ذریعہ دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بناسکتے ہیں کیونکہ یونیورسٹی علم و دانش کا بنیادی رکن ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ایرانی پارلیمنٹ اور حضرت امام خمینی (رہ) کے حرم مبارک پر دہشت گردوں کے بزدلانہ اور ناکام حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: دہشت گردوں کے پٹاخوں سے ایرانی قوم کے پختہ اور فولادی ارادوں پر کوئی اثر نہیں پڑےگا۔ اس قسم کے واقعات سے ایرانی قوم اور ایرانی حکام کے عزم مصمم میں کوئی خلل واقع نہیں ہوگا۔

قائد ملت نے سامراجی اور بڑی طاقتوں کے مقابلے میں اسلامی نظام کے واضح مؤقف اور اعلان کو بہت ہی اہم اور تاریخی واقعہ قرار دیتے ہوئےفرمایا:  اسلامی نظام کی سامراجی طاقتوں کے خلاف استقامت اور پائیداری اس کے مؤثر اور مفید ہونے کا مظہر ہے۔

آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے  ایران میں اسلامی نظام کے بر سر اقتدار آنے کے بعد ملک کی علمی پیشرفت اور ترقی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی نظام نے ایرانی قوم کو خوداعتمادی، استقلال  آزادی، استقامت اور پائداری کا جذبہ عطا کیا اور آج ایرانی قوم اسلامی نظام کی بدولت سیاسی، اقتصادی اور فوجی میدانوں میں اپنے  پاؤں پر کھڑی ہے اور دشمن کی تمام سازشوں کو ہمت اور جرائت کے ساتھ ناکام بنا رہی ہے لہذا ایران کے مؤمن، غیور اور بہادر جوانوں کو ملک کی اس علمی پیشرفت اور ترقی کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ہمیں علمی میدان میں آگے کی سمت گامزن رہنا چاہیے اور اس مقام تک پہنچنا چاہیے جو اسلام اور ایرانی قوم کے شایان شان ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے یونیسکو کی قرارداد 2030 کو مردود قرار دیتے ہوئے فرمایا: غیر ملکی اداروں اور عالمی سامراجی طاقتوں کے زیر نظر اداروں کو ایران کے تعلیمی نظام کو مرتب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
انہوں نے فرمایا: یہاں ایران ہے  ایرانی قوم کے پاس اسلامی ثقافت کا عظیم اور بہت بڑا ذخیرہ ہے  لہذا اقوام متحدہ یا یونیسکو میں ہمارا تعلیمی نصاب کوئی کیوں مرتب کرے؟

رہبر انقلاب اسلامی نے طلباء کو ایمان اور دینداری کی سفارش کرتے ہوئے فرمایا: طلباء کو چاہیے کہ وہ شرعی احکام اور الہی وظائف پر عمل کریں اور اپنا رابطہ اللہ تعالی سے مضبوط اور مستحکم بنانے کی تلاش اور جد وجہد کریں۔

 

Read 1302 times