امریکی دھمکیاں اور صہیونی جسارتیں سنگین اور ناقابل تلافی نتائج کی حامل ہوں گی

Rate this item
(0 votes)
امریکی دھمکیاں اور صہیونی جسارتیں سنگین اور ناقابل تلافی نتائج کی حامل ہوں گی

 جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ نے امریکی صدر کی جانب سے رہبر معظم کو دی گئی قتل کی دھمکی کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسی گستاخانہ حرکات کے نتائج سنگین ہوں گے اور امریکہ، صہیونی حکومت اور ان کے اتحادی کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جامعۃ المصطفیٰ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ یہ علمی، دینی اور بین الاقوامی ادارہ جو عالمی سطح پر مکالمے، بقائے باہمی، امن، معنویت اور انصاف کے فروغ کا علمبردار ہے، مرجعیت کے دفاع میں بزرگ علمائے اسلام، بالخصوص حضرات آیات مکارم شیرازی اور نوری ہمدانی کے صریح فتاویٰ کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کی طرف سے دینی و سیاسی قائد و رہبر کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور جنیوا کنونشن سمیت تمام انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مذہبی رہنماؤں کو نشانہ بنانا مذہبی نفرت کو ہوا دینے، پرتشدد رجحانات کو فروغ دینے اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

جامعۃ المصطفیٰ نے تاکید کی ہے کہ دنیائے اسلام کے اکابر علمائے کرام—چاہے وہ قم ہوں، نجف، الأزہر یا دیگر علمی مراکز—نے کسی بھی دینی و سیاسی شخصیت کو دھمکی دینا یا قتل کرنا صریحاً محاربہ اور فساد فی الارض قرار دیا ہے، جس کی شرعاً شدید مذمت اور سخت سزا کا مستحق قرار دیا گیا ہے۔

بیان میں عالمی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور تمام آزاد اندیش افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف مضبوط موقف اپنائیں تاکہ عالمی امن، روحانی اقدار اور انسانیت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Read 2 times