امریکی بالادستی کو کبھی قبول نہیں کیا جائے گا، سپاہ پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر کا دوٹوک اعلان Featured

Rate this item
(0 votes)
امریکی بالادستی کو کبھی قبول نہیں کیا جائے گا، سپاہ پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر کا دوٹوک اعلان

 سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے نائب سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کسی بھی صورت امریکی بالادستی کو قبول نہیں کرے گا۔

بریگیڈیئر جنرل وحیدی نے کہا کہ امریکہ اس وقت اسٹریٹجک زوال کے مرحلے میں ہے اور وہ ذرائع اور طریقے جن کے ذریعے وہ ماضی میں دنیا پر اپنی برتری قائم رکھتا تھا، اب مؤثر نہیں رہے۔ اسی کمزوری کے باعث واشنگٹن اپنے مقاصد کے حصول کے لیے طاقت، جنگ، دہشت گردی اور لوٹ مار جیسے ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی خودمختار ملک کے صدر کو اغوا کرنا یا شہید قاسم سلیمانی جیسی عظیم شخصیت کو قتل کرنا طاقت کی علامت نہیں بلکہ ذلت اور شکست کے آثار ہیں۔ ان اقدامات سے امریکہ کی کمزوری اور اخلاقی دیوالیہ پن آشکار ہوتا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل وحیدی نے مزید کہا کہ شہید سلیمانی کی جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ آپریشن طوفان الاقصی کی صورت میں سامنے آیا، جس نے صہیونی حکومت کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا اور آج وہ دنیا کی سب سے زیادہ منفور ہوچکی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ دشمنوں کے اندازوں کے برخلاف، شہید سلیمانی کی شہادت سے ایران کمزور نہیں ہوا بلکہ ایرانی قوم مزید مضبوط ہوئی ہے، اور سلیمانی کا راستہ اور اثر آج پہلے سے کہیں زیادہ طاقت کے ساتھ محاذ مزاحمت کی رہنمائی کر رہا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل وحیدی نے کہا کہ ایران اپنے دشمنوں سے خوفزدہ نہیں ہے اور نہ ہی امریکی تسلط کو تسلیم کرے گا۔ دشمن کے سامنے ثابت قدمی ہی اس بات کی ضمانت ہے کہ مستقبل ایرانی قوم کا ہوگا۔ دشمنوں کی دھمکیوں کو خوف یا کمزوری کا سبب نہیں بننا چاہیے۔

Read 13 times