خطے میں امریکی اڈوں پر حملے جاری، مزید فوج ہلاک و زخمی

Rate this item
(0 votes)
خطے میں امریکی اڈوں پر حملے جاری، مزید فوج ہلاک و زخمی

 خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات پر ایرانی میزائل حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق کویت کی وزارتِ بجلی نے تصدیق کی ہے کہ ایک بجلی گھر اور سمندری پانی کو قابل استعمال بنانے والے پلانٹ پر حملے کے نتیجے میں ایک بھارتی مزدور ہلاک جبکہ پلانٹ کو شدید نقصان بھی ہوا ہے۔

کویت کی وزارتِ دفاع کے مطابق گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ملک کی فضائی حدود میں 14 بیلسٹک میزائل اور 12 ڈرون کی نشاندہی کی گئی۔ بعض حملوں کا ہدف مسلح افواج کا ایک کیمپ تھا جس کے نتیجے میں 10 فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک نجی لاجسٹک کمپنی کے گوداموں کو بھی نشانہ بنایا گیا جس سے مالی نقصان ہوا تاہم جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

رپورٹس کے مطابق کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں امریکی اڈوں اور فوجی تنصیبات کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

سعودی وزارت دفاع نے بھی تصدیق کی ہے کہ ملک کے مشرقی حصے میں واقع ایک امریکی اڈے کی جانب پانچ بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ جس کے بعد شہریوں کو ہنگامی الرٹ سسٹم کے ذریعے ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا گیا۔

دوسری جانب بحرین میں بھی کم از کم سات دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

عراق میں ایک ذریعے نے الجزیرہ کو بتایا کہ بغداد ایئرپورٹ کے مغرب میں واقع امریکی لاجسٹک سپورٹ کیمپ (ویکٹوریا بیس) کو متعدد حملوں کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد وہاں سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

مزید اطلاعات کے مطابق اربیل میں الحریر امریکی اڈے کو بھی ایک میزائل نے نشانہ بنایا جبکہ شام کے شمال مشرقی صوبے الحسکہ میں واقع الرميلان کے علاقے میں امریکی اڈے کے قریب بھی شدید دھماکے کی خبر دی گئی ہے۔

Read 14 times