Super User
اسلام آباد پاکستان میں دہشتگردانہ حملے کی کوشش
پاکستان کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دہشتگرد، اسلام آباد اور راولپنڈی میں مظاہروں کے موقع پر دہشتگردانہ حملے کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں خفیہ ایجنسیوں سے جو اطلاعات موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں دہشتگردانہ حملے ہوسکتے ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسیز کو کسی بھی قسم کے دہشتگردانہ حملے کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل چوکس کردیا گیا ہے۔انھوں نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ امن کے تحفظ کیلئے مقامی حکام کے ساتھ تعاون کریں۔ اس سے قبل پاکستان کے وزیر داخلہ نے خبردار کیا تھا کہ مظاہرین نے اگر امن و امان کی صورت حال بگاڑنے کی کوشش کی تو انھیں اپنے کئے کی سزا بھگتنا پڑیگی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے احتجاجی قافلے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ چکے ہیں اور پاکستان میں اتوار کے دن کو ایک تاریخی دن سے تعبیر کیا جارہا ہے۔
مظلوموں کی حقیقی بنیادوں پر حمایت اور ظالموں کی مخالفت، ایران کی خارجہ پالیسی کی اہم خصوصیت
رہبرانقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے وزیرخارجہ، بیرونی ملکوں میں متعین سفیروں اور سفارتی مراکز کے سربراہوں سے خطاب میں فرمایا کہ دانشمندانہ اور فعال سفارتکاری سے نہایت ہی اہم سیاسی، اقتصادی، انسانی اور سماجی نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں جو کسی بھی طرح کے اقدامات منجملہ بڑی مہنگي اور خطرناک جنگوں سے بھی حاصل نہیں ہوسکتے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے علاقے میں حالیہ برسوں میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ طاقتوں نے پیسے اور ہتھیار کے بل بوتے پر اپنے مفادات حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہیں لیکن کچھ ایسے بھی ملک تھے جنہوں نے ہوشیاری، داشمندی اور محنت سے اپنے مفادات کی بخوبی حفاظت کی۔
رہبرانقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کی خصوصیات میں مظلوم کا کھلم کھلا، بھرپور اور حقیقی معنی میں دفاع کرنا نیز دنیا پر حاکم تسلط پسند نظام کی مخالفت شامل ہے۔
آپ نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد کے برسوں میں یہ خصوصیت فلسطین و لبنان کی قوموں اور ان کے مجاہدین اور اس طرح دیگر قوموں کے دفاع میں جلوہ گر رہی ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے ساری دنیا کے ساتھ تعاون پر تاکید اور امریکی و صیہونی حکومت کے ساتھ تعاون کی نفی کرتے ہوئے فرمایا کہ جب تک امریکہ کی دشمنی اور امریکی حکومت اور امریکی کانگریس کی جانب سے ایران کے خلاف دشمنانہ بیان بازی جاری رہے گي امریکہ اور صیہونی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کا کوئي جواز نہیں ہے۔
آپ نے فرمایا کہ بعض خاص موقعوں کے علاوہ ایران کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا کوئي فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہی پہنچے گا۔
آپ نے فرمایا کہ امریکیوں کے ساتھ حالیہ مذاکرات میں جو وزارت خارجہ کی سطح پر ہوئے ہیں ایران کو کچھ فائدہ نہیں ہوا بلکہ امریکیوں کا لہجہ اور زیادہ تیز اور توہین آمیز ہوگیا اور پابندیوں میں بھی اضافہ ہوگيا۔
رہبرانقلاب اسلامی نے اسی کے ساتھ یہ بھی فرمایا کہ البتہ ہم ایٹمی مذاکرات کو جاری رکھنے سے نہیں روک رہے ہیں اور وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم نے جو کام شروع کیا ہے اور جس میں انہیں پیشرفت حاصل ہوئی ہے وہ جاری رہے گا لیکن یہ سب کے لئے ایک گرانقدر تجربہ ہے جس سے سب کو سمجھ لینا چاہیے کہ امریکیوں کے ساتھ بات چیت کرنے سے ان کی دشمنی میں بالکل کوئي کمی نہیں آتی ہے اور اس کا کوئي فائدہ نہیں ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے غزہ میں صیہونی جرائم میں امریکہ کی شرکت کی بنا پر قوموں کے دلوں میں امریکہ کی نفرت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کوئي بھی ایسا انسان نہیں ہے جو غزہ میں صیہونی حکومت کی نسل کشی اور مجرمانہ کاروائیوں میں امریکہ کی شراکت کا منکر ہو بنابریں یہ امریکہ ہے جو آج کمزور موقف کا حامل ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے غزہ کے مظلوم عوام کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کا مطالبہ ہے کہ غزہ کا صیہونی محاصرہ ختم ہونا چاہیے اور کوئي بھی انصاف پسند انسانی اس برحق مطالبے سے انکار نہیں کرسکتا۔
رہبرانقلاب اسلامی نے امید ظاہر کی کہ عراق کے نئے وزیر اعظم کے تعین سے عراق کی مشکلات حل ہوجائيں گي اور حکومت فتنہ پھیلانے والوں پر غلبہ حاصل کرلے گي۔
ایران، اغیار کا تسلط قبول نہیں کرے گا: آیت اللہ احمد خاتمی
تھران کے خطیب نماز جمعہ نے کہا ہے کہ جب تک اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ کی حکومت دشمنی اور کانگریس کی طرف سے مخاصمانہ بیانات کا سلسلہ جاری ہے، امریکہ کے ساتھ تعلقات و رابطے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے تھران کی نماز جمعہ کے خطبوں میں ایران کی وزارت خارجہ کے اعلی حکام اور دوسرے ملکوں میں متعین ایران کے سفیروں سے رہبر انقلاب اسلامی کے اہم خطاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے اور امریکہ مذاکرات کے درپے نہیں ہے بلکہ وہ تسلط چاہتا ہے۔ خطیب نماز جمعہ تھران نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکہ، ایران کی تذلیل کرنا چاہتا ہے، وضاحت کی کہ امریکہ کو یہ جان لینا چاہیے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا نظام و عوام، کسی بھی قیمت پر اغیار کے تسلط کو قبول نہیں کریں گے۔ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے حالیہ جوہری مذاکرات میں امریکی توقعات اور پابندیوں میں اضافے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ناقابل اعتماد اور بہانے کے درپے رہا ہے اور وہ مشکل کو حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ خطیب نماز جمعہ تھران آیت اللہ سید احمد خاتمی نے عراق کی نئی کابینہ کی تشکیل، اتحاد و وحدت و یکجہتی کے تحفظ اور دہشتگردی کے خلاف مہم کو عراق کے تین اہم موضوعات میں سے قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ عراق کی نئی کابینہ جلد از جلد تشکیل پاجائے گی تاکہ نئی حکومت عراق کے عوام کی مشکلات پر توجہ دے سکے۔ خطیب نماز جمعہ تھران نے آخر میں تاکید کی کہ ایران کی حکومت و عوام، عراق کے عوام کے انتخاب اور رائے کا احترام کرتے ہیں
آزادی مارچ اور انقلاب مارچ اسلام آباد میں داخل جلسہ شروع
پاکستان تحریک انصاف کا آزادی مارچ اور پاکستان عوامی تحریک کا انقلاب مارچ اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔
پاکستان سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری اسلام آباد پہنچ چکے ہيں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران مڈٹرم الیکشن سےخوف زدہ کیوں ہیں،نوازشریف استعفیٰ دےکردوبارہ انتخابات کرائیں،اس ملک میں انصاف لینےکاکوئی قانونی طریقہ نہیں ہے،عمران خان نے آج دوپہر 3 بجے سے اسلام آباد میں دھرنے کا اعلا ن کرتے ہوئے کہا کہ نئےانتخابات ہوںگے اور نیا پاکستان بنے گا۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف کے استعفیٰ دینے تک وہ یہاں سے نہیں اٹھیں گے۔ نواز شریف کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ استعفیٰ دے کر دوبارہ انتخابات کرائيں ۔
اس موقع پر شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کاسمندر ہےجوفیصلہ کرنےآیاہے، انھوں نے کہا کہ جب تک نوازشریف استعفی نہیں دیں گےہم واپس نہیں جائیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ حکمرانوں نےلوڈشیڈنگ اور بےروزگاری سےنجات دلانےکاوعدہ پورانہیں کیا۔درايں اثنا اطلاعات ہيں کہ پاکستان عوامی تحریک کے جلسے کا مقام تبدیل کر دیا گیا ہے ۔اسلام آبادضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک کو زیرو پوئنٹ پر جلسے کی اجازت دی گئی تھی تاہم عوامی تحریک کی جانب سے انکار کر دیا گیا۔ جس کے بعد انتظامیہ اور عوامی تحریک کے درمیان مذاکرات ہوئے اور طاہر القادری کو خیابان سہروردی پر جلسے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔




















![جناب خدیجہ کبری[س] کی سیرت](/ur/media/k2/items/cache/ef2cbc28bb74bd18fb9aaefb55569150_XS.jpg)
