Super User
امریکہ مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر اپنے مقاصد پورے کر رہا ہے
جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ مولانا سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ عالمی سازش کے تحت شیعہ سنی کو لڑایا جا رہا ہے، تمام مکاتبِ فکر کے سنجیدہ علماء فرقہ وارانہ کشیدگی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، اسلام نفرت اور قتل و غارت نہیں امن و سلامتی اور محبت کا درس دیتا ہے، حکومت بھارتی اشتعال انگیزیوں کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرے، عالمی برادری شام پر امریکی حملے کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے، فرقہ وارانہ قتل و غارت کے بڑھتے واقعات تشویشناک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ امریکہ مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر اپنے مقاصد پورے کر رہا ہے۔ سیّد ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ ملک نفرتوں کی آگ میں جل رہا ہے، پاکستان میں غیرملکی مذہبی مداخلت کا خاتمہ کر کے فرقہ وارانہ قتل و غارت کو روکا جا سکتا ہے، مصر اور شام جل رہے ہیں اور مسلم حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،فرقہ وارانہ جنگ کو روکنا مذہبی رہنماؤں کی ذمہ داری ہے۔ فرقہ وارانہ کشیدگی کو روکا نہ گیا تو گلی گلی میں لڑائی ہو گی۔
قربانی کا فلسفہ اور اس کی تاثیر
تمام امتوں کے لئے قربانی کو جائز کرنے کا ہدف یہ تھا کہ وہ صرف خداوند عالم وحدہ لاشریک کے سامنے سرتسلیم خم کریں اور جو کچھ وہ حکم دے اسی پر عمل کریں دوسرے لفظوں میں یہ کہا جائے کہ قربانی کے قانون کو وضع کرنے کی ایک وجہ عبودیت،ایمان اور اس کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کو آزمانا ہے.
حج اسلام کا ایک رکن ہے اسی وجہ سے عبادت اور معاشرہ میں اس کا کردار اوراس کی کارکردگی بہت زیادہ ہے ، اجتماعی اوردنیوی مسائل میں حج کا کردار اس قدر پر اہمیت اور تاثیر گذار ہے ، جس قدر خود سازی معنوی میں عبادت کا کردار بہت زیادہ موثر ہے ۔ مناسک حج کے بہت سے اعمال ہیں جن میں سے ایک قربانی ہے ، جیسا کہ قربانی کے نام سے معلوم ہوتا ہے کہ قربانی ،خداوند عالم سے نزدیک اور تقرب حاصل کرنے کیلئے کی جاتی ہے ۔ اس مقالہ میں قربانی کے سلسلہ میں قرآن کریم کی تعلیمات کو بیان کیا گیا ہے تاکہ قربانی کے فلسفہ اور تاثیر کو قرآن کی روشنی میں بیان کیا جاسکے ۔
عربی زبان میں قربانی کو ”اضیحہ“ کہتے ہیں (المعجم الفارسی الکبیر ، ج ۳، ص ۲۰۸۵، لفظ قربانی کے ذیل میں) لہذا دسویں ذی الحجہ کوجس میں قربانی کی جاتی ہے ، اس کو عیدالاضحی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے ، فقہی اصطلاح میں قربانی اس جانور کو کہتے ہیں جس کو عیدالاضحی (بقرعید کے روز) بارہویں یاتیرہویں ذی الحجہ تک مستحب یا واجب ہونے کے اعتبار سے ذبح یانحر کرتے ہیں (الحدائق الناضرة، ج ۱۷، ص ۱۹۹ ۔ جواہر الکلام ، ج ۱۹ ، ص ۲۱۹) ۔
اگر چہ بعض علماء نے قربانی کے معنی میں مستحب ہونے کی قید کو بھی ذکر کیا ہے ، تاکہ واجب قربانی کو شامل نہ ہوسکے(الموسوعة الفقہیة المیسرة ، ج ۳، ص ۴۲۰) ۔
قرآنی استعمال میں جب قربانی کی بات آتی ہے تواس کے معنی اس معنی سے بہت زیادہ وسیع ہوتے ہیں جو معنی ہم نے ذکر کئے ہیں ۔اور اس سے مراد ہر وہ جانور ہے جو واجب یا مستحب ہونے کی صورت میں ہر زمانہ میں ذبح کیا جاتا ہے ،اسی طرح حج کے زمانہ ، منی اور دوسرے ایام میں رضائے الہی اور خدا سے تقرب حاصل کرنے کیلئے جوجانور ذبح کیا جاتا ہے وہ سب اس تعریف میں شامل ہیں ۔
قرآن کریم میں ان تمام معانی کو بدن، بھیمةالانعام، قلائد، منسک ، ھدی اور نحر وغیرہ جیسے الفاظ میں بیان ہوئے ہیں ۔
قربانی کی تاریخ
خداوند عالم نے آدم کے بیٹوں کے واقعہ میں قربانی کی طرف اشارہ کیا ہے اور اس واقعہ میں ہمیں بہت سے عبرت آموز ، فائدہ من سبق حاصل ہوتے ہیں ”اور پیغمبر علیہ السّلام آپ ان کو آدم علیہ السّلام کے دونوں فرزندوں کا سچا ّقصّہ پڑھ کر سنائیے کہ جب دونوں نے قربانی دی اور ایک کی قربانی قبول ہوگئی اور دوسرے کی نہ ہوئی تو اس نے کہا کہ میں تجھے قتل کردوں گا تو دوسرے نے جواب دیا کہ میرا کیا قصور ہے خدا صرف صاحبان تقوٰی کے اعمال کو قبول کرتا ہے “ ۔ (سورہ مائدہ ، آیت ۲۷) ۔ خداوند عالم نے اپنے پیغمبر کو حکم دیا کہ اس واقعہ کو صحیح طور پر نقل کریں ، اس واقعہ میں بیان ہوا ہے کہ حضرت آدم کے بیٹوں نے خداوند عالم سے نزدیک ہونے کے لئے اس کی بارگاہ میں قربانی پیش کی ۔
اس واقعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ حادثہ خارج میں واقع ہوا ہے اورحضرت آدم کے بیٹوں کی قربانی کوئی افسانہ نہیں ہے ۔
حضرت آدم کے بیٹوں کے قربانی کرنے کا واقعہ پوری تاریخ بشریت میں پہلا واقعہ ہے ، اس وجہ سے خداوند عالم نے اس آیت اور دوسری آیات میں اس کو بیان کیا ہے ، اس واقعہ میں بیان ہوا ہے کہ قربانی کرنے کے بعد ان دونوں قربانیوں میں سے ایک قربانی قبول ہوئی اور دوسری قبول نہیں ہوئی ۔ اگر چہ ان دونوں کا نام بیان نہیں ہوا ہے لیکن تاریخی واقعات میں اس معنی کی بہت تاکید ہوئی ہے کہ جس کی قربانی قبول ہوئی وہ ہابیل تھے اور جس کی قربانی قبول نہیں ہوئی وہ قابیل تھے (مجمع البیان ، طبرسی ، ج ۳ و ۴ ، ص ۲۸۳۔ روح المعانی ، ج ۴، جزء ۶ ، ص ۱۶۳) ۔
خداوند عالم نے قابیل کی قربانی کے قبول نہ ہونے کی وجہ یہ بیان کی ہے کہ قابیل بے تقوی تھے ، جیسا کہ ہابیل کی قربانی کے قبول کی وجہ ان کا تقوی تھا ۔
قربانی کے قبول ہونے اور مردود ہونے کے بعد عالم بشریت میں سب سے پہلی جنگ واقع ہوئی اور قابیل نے اپنے بھائی کو دھمکی دی کہ میں تمہیں قتل کردوں گا ، آخر کار اسی بے تقوائی اور نفسانی وسوسوں کے مسلط ہونے کی وجہ سے اس نے اپنے بھائی کو قتل کردیا ”پھر اس کے نفس نے اسے بھائی کے قتل پر آمادہ کردیا اور اس نے اسے قتل کردیا اور وہ خسارہ والوں میں شامل ہوگیا“ ۔ (سورہ مائدہ ، آیت ۳۰) ۔
اگر چہ قربانی کرنا حضرت آدم کے بیٹوں سے شروع ہوئی لیکن ان پر ختم نہیں ہوئی ، کیونکہ قرآن کریم کے بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ تمام امتوں میں قربانی کرنے کو شریعت کے قوانین اور اعمال میں شمار کیا جاتا تھا اور وہ اس کو انجام دیتے تھے ،مثال کے طور پر یہ آیات جن کو گذشتہ امتوں میں اعمال کے طور پر انجام دیا جاتا تھا ، قرآن کریم نے سورہ حج کی ۳۴ ویں اور ۶۷ ویں آیت میں ذکر کیا ہے”اور ہم نے ہر قوم کے لئے قربانی کا طریقہ مقرر کردیا ہے تاکہ جن جانوروں کا رزق ہم نے عطا کیا ہے ان پر نام خدا کا ذکر کریں پھر تمہارا خدا صرف خدائے واحد ہے تم اسی کے اطاعت گزار بنو اور ہمارے گڑگڑانے والے بندوں کو بشارت دے دو “۔ (سورہ حج ، آیت ۳۴) اور ” ہر امّت کے لئے ایک طریقہ عبادت ہے جس پر وہ عمل کررہی ہے لہذا اس امر میں ان لوگوں کو آپ سے جھگڑا نہیں کرنا چاہئے اور آپ انہیں اپنے پروردگار کی طرف دعوت دیں کہ آپ بالکل سیدھی ہدایت کے راستہ پر ہیں “ (سورہ حج، آیت ۶۷) : جیسا کہ مفسرین نے کہا ہے کہ ان آیات میں”منسک“ سے مراد قربانی ہے (مجمع البیان ، ج ۷ و ۸ ، ص ۱۵۰ ۔ معالم التنزیل ، بغوی، ج ۳ ، ص ۳۵۰) ۔ ۳۴ ویں آیت بھی اسی معنی کو بیان کرتی ہے کہ جانوروں کی قربانی گذشتہ امتوں میں رایج تھی اور حج میں قربانی کے شرایط میں شمار ہوتی تھی ۔
قرآن کریم کے بقول بعض قومیں اپنے بچوں کوذبح اور قربان کیا کرتے تھے اور حضرت ابراہیم (ع) اس عمل کو منسوخ کرنے کیلئے اپنے بیٹے اسماعیل (ع) کو ذبح کرنے کیلئے بڑھے اور پھر اسماعیل کے بجائے دنبہ کو ذبح کردیتے ہیں” پھر جب وہ فرزند ان کے ساتھ دوڑ دھوپ کرنے کے قابل ہوگیا تو انہوں نے کہا کہ بیٹا میں خواب میں دیکھ رہا ہوں کہ میں تمہیں ذبح کررہا ہوں اب تم بتاؤ کہ تمہارا کیا خیال ہے فرزند نے جواب دیا کہ بابا جو آپ کو حکم دیا جارہا ہے اس پر عمل کریں انشاء اللہ آپ مجھے صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے ، پھر جب دونوں نے سر تسلیم خم کردیا اور باپ نے بیٹے کو ماتھے کے بل لٹادیا ، اور ہم نے آواز دی کہ اے ابراہیم (علیہ السّلام )، تم نے اپنا خواب سچ کر دکھایا ہم اسی طرح حسن عمل والوں کو جزا دیتے ہیں ، بیشک یہ بڑا کھلا ہوا امتحان ہے ، اور ہم نے اس کا بدلہ ایک عظیم قربانی کو قرار دے دیا ہے “ ۔ (سورہ صافات ، آیت ۱۰۲ تا ۱۰۷۔ تفسیر کبیر ، فخر رازی ، ج ۱۳ ، ص ۱۳۸) ۔ اگر چہ حضرت ابراہیم نے کامل طور سے اس عمل کو تبدیل کرنے کیلئے پہلے خداوند عالم سے حکم حاصل کیا تاکہ اپنے بیٹے اسماعیل کو ذبح کریں (سورہ صافات ، آیت ۱۰۱ و ۱۰۲) اورحضرت اسماعیل بھی قربانی کے حکم میں تسلیم ہوگئے اور اپنی رضایت کا اعلان کیا (گذشتہ حوالہ) اور یہاں تک کہ حضرت اسماعیل نے قربان ہونے کے لئے اپنی پیشانی کو زمین پر رکھ دیا (سورہ صافات ، آیت ۱۰۲ تا ۱۰۵ ) لہذا حضرت ابراہیم اور اسماعیل کے ایمان وخلوص کے درجات کے آشکار ہونے کے بعد خداوند عالم نے حضرت اسماعیل کی جگہ دنبہ بھیج دیا (گذشتہ حوالہ) ۔
قرآن کریم ہمیں بتاتا ہے کہ حضرت ابراہیم کے بعد جاہلیت کے زمانہ میں بھی قربانی رائج تھی اور یہ لوگ اپنی قربانیوں کو بتوں کے سامنے پیش کیا کرتے تھے (سورہ حج ، آیت ۴۰ ۔ المیزان ، ج ۱۴ ، ص ۳۷۲) ۔ جب کہ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) نے حج کے اعمال میں جو قربانی قائم کی تھی وہ خداوند عالم کے لئے تھی”اور اس وقت کو یاد دلائیں جب ہم نے ابراہیم علیه السّلام کے لئے بیت اللہ کی جگہ مہیا کی کہ خبردار ہمارے بارے میں کسی طرح کا شرک نہ ہونے پائے اور تم ہمارے گھر کو طواف کرنے والے ,قیام کرنے والے اور رکوع و سجود کرنے والوں کے لئے پاک و پاکیزہ بنادو ، اور لوگوں کے درمیان حج کا اعلان کردو کہ لوگ تمہاری طرف پیدل اور لاغر سواریوں پر دور دراز علاقوں سے سوار ہوکر آئیں گے ، تاکہ اپنے منافع کا مشاہدہ کریں اور چند معین دنوں میں ان چوپایوں پر جو خدا نے بطور رزق عطا کئے ہیں خدا کا نام لیں اور پھر تم اس میں سے کھاؤ اور بھوکے محتاج افراد کو کھلاؤ “ ۔ (سورہ حج ، آیت ۲۶ تا ۲۸) ۔
جاہلیت اور صدر اسلام میں قربانی کے جانور کے گلے میں ایک نشانی ڈالتے تھے جو اس زمانہ کی رسم تھی ”ایمان والو !خبردار خدا کی نشانیوں کی حرمت کو ضائع نہ کرنا اور نہ محترم مہینے. قربانی کے جانور اور جن جانوروں کے گلے میں پٹےّ باندھ دیئے گئے ہیں اور جو لوگ خانہ خدا کا ارادہ کرنے والے ہیں اور فرض پروردگار اور رضائے الٰہی کے طلبگار ہیں ان کی حرمت کی خلاف ورزی کرنا “ ۔ (سورہ مائدہ ، آیت ۲ و ۸۷) ۔ اس طرح اپنی قربانی پر علامت لگاتے تھے تاکہ دوسروں کو معلوم ہوجائے ۔ ان کی اجتماعی زندگی میں اس عمل کا کردار اس حدتک زیادہ تھا کہ جس جانور کے گلے میں قربانی کی علامت ہوتی تھی اس کا بہت زیادہ احترام کرتے تھے اور اپنے آپ کو اس بات کی اجازت نہیں دیتے تھے کہ اس جانور کی بے احترامی کریں (سورہ مائدہ ، آیت ۲) ۔
اور یہ سخت گیری اس حدتک تھی کہ جس جانور کے گلے میں قربانی کی نشانی ڈالدیتے تھے اس جانور سے اپنے فائدوں کے لئے استفادہ نہیں کرتے تھے”تمہارے لئے ان قربانی کے جانوروں میں ایک مقررہ مدّت تک فائدے ہی فائدے ہیں اس کے بعد ان کی جگہ خانہ کعبہ کے پاس ہے ، اور ہم نے ہر قوم کے لئے قربانی کا طریقہ مقرر کردیا ہے تاکہ جن جانوروں کا رزق ہم نے عطا کیا ہے ان پر نام خدا کا ذکر کریں پھر تمہارا خدا صرف خدائے واحد ہے تم اسی کے اطاعت گزار بنو اور ہمارے گڑگڑانے والے بندوں کو بشارت دے دو “۔ (سورہ حج ، آیت ۳۲ و ۳۳ ) اگر چہ پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی بعثت کے بعد یہ ممنوعیت ختم ہوگئی اور خداوند عالم نے قربانی کے لئے معین شدہ جانوروں سے ذبح کے وقت تک استفادہ کرنے کی اجازت دیدی (سورہ حج ، آیت ۲۷ تا ۳۲) ۔ اس بناء پر حاجیوں کو قربانی کے لئے معین شدہ جانوروں سے سامان اٹھانے، ان پر سوار ہونے اور ان کا دودھ استعمال کرنے کی اجازت مل گئی (گذشتہ حوالہ) ۔ البتہ ان سے فائدہ اٹھانے کے معنی یہ نہیں تھے کہ ان کی بے احترامی کی جائے بلکہ معین شدہ جانوروں کا احترام قربانی کے وقت تک کرنا ضروری تھا (سورہ حج، آیت ۳۲ تا ۳۶ ۔ سورہ مائدہ ، آیت ۲)جاہلیت کے زمانہ میں کچھ دوسرے باطل عقاید و افکار بھی تھے جیسے قربانی کا گوشت حج کرنے والے کے لئے حرام تھا جس کو خداوند عالم نے صرف جائز ہی قرار نہیں دیا بلکہ اس کو مستحب قرار دیا ہے کہ قربانی کے گوشت کے ایک حصہ کو اپنے سے مخصوص کرلیں اور کھائیں ۔
خداوند عالم نے کچھ آیتوں میں انصاب (سورہ مائدہ، آیت ۳ و ۹۰) ، اور بتوں (سورہ انعام، آیت ۱۳۷) کیلئے قربانی کو ذبح کرنے کی طرف اشارہ کیا ہے اور اس کو نادرست اور ناجائز رفتار کے عنوان سے بیان کیا ہے ۔ یہ لوگ اس باطل اور ناجائز سنت کو انجام دینے کیلئے اس حدتک آگے بڑھ جاتے تھے کہ اپنے بچوں کو بتوں کے لئے قربان کردیتے تھے اور اس عمل کو بتوں سے قریب ہونا بتا تے تھے (المیزان، ج ۷ ، ص ۳۶۱) ۔
بنی اسرائیل کی قربانی کے اعمال میں یہ معنی بیان ہوئے ہیں کہ وہ خداوند عالم کی طرف سے قبول شدہ قربانی کی علامت ، قربانی میں آگ لگنا سمجھتے تھے ،اس واقعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ بنی اسرائیل کی قربانی میں ایسا واقع ہوتا تھا (سورہ آل عمران، آیت ۱۸۳) ۔ شاید اسی وجہ سے خیال کیا جاتا ہے کہ جس وقت ہابیل کی قربانی قبول ہوئی تو اس میں آگ لگ گئی تھی ،جیسا کہ بعض روایات میں اس معنی کی طرف اشارہ اور تاکید کی گئی ہے ۔
شاید آسمانی آگ سے قربانی کے جلنا بنی اسرائیل کے بعض انبیاء کے معجزہ ر ہا ہو (کشاف ، زمخشری، ج۱ ، ص ۴۴۸) ۔ اور مدعی رسالت کی قربانی کا آسمان کی آگ میں جلنا یہودیوں کی نظر میں ان کی حقیقت گوئی اور سچائی کی دلیل ہو ، اس بناء پر امت یہود میں ہر قربانی کے جلنے کو قبول نہیں کیا جاسکتا ۔
تعجب کی بات یہ ہے کہ یہی لوگ جو آسمانی بجلی سے قربانی کے جلنے کو انبیاء کا معجزہ سمجھتے تھے وہی لوگ انبیاء کو قتل کردیتے تھے ، کیونکہ یہ لوگ زیادہ تر شیطانی وسوسوں اور نفسانی ہواوہوس کے شکار تھے اور انبیاء کے معجزات کو قبول نہیں کرتے تھے ، اسی وجہ سے جب انہوں نے پیغمبر اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) سے آسمانی آگ کے ذریعہ قربانی کے جلنے کی درخواست کی تو خداوند عالم نے اس نکتہ پر تاکید کی کہ اگر تم ان کو یہ معجزہ دکھا بھی دو گے تو یہ ایمان نہیں لائیں گے (سورہ آل عمران،آیت ۱۸۳) ۔
شریعت میں قربانی کے جائز ہونے کا فلسفہ
جیسا کہ گذر گیا ہے کہ تمام امتوں کے لئے خداوند عالم کی طرف سے قربانی جائز کی گئی تھی”اور ہم نے ہر قوم کے لئے قربانی کا طریقہ مقرر کردیا ہے تاکہ جن جانوروں کا رزق ہم نے عطا کیا ہے ان پر نام خدا کا ذکر کریں پھر تمہارا خدا صرف خدائے واحد ہے تم اسی کے اطاعت گزار بنو اور ہمارے گڑگڑانے والے بندوں کو بشارت دے دو “ (سورہ حج، آیت ۳۴ و ۶۷) ۔ اور تمام امتوں کے لئے قربانی کو جائز کرنے کا ہدف یہ تھا کہ وہ صرف خداوند عالم وحدہ لاشریک کے سامنے سرتسلیم خم کریں اور جو کچھ وہ حکم دے اسی پر عمل کریں دوسرے لفظوں میں یہ کہا جائے کہ قربانی کے قانون کو وضع کرنے کی ایک وجہ عبودیت،ایمان اور اس کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کو آزمانا ہے جس کو سورہ حج کی ۳۴ ویں آیت میں بیان کیا گیا ہے : ”اور ہم نے ہر قوم کے لئے قربانی کا طریقہ مقرر کردیا ہے تاکہ جن جانوروں کا رزق ہم نے عطا کیا ہے ان پر نام خدا کا ذکر کریں پھر تمہارا خدا صرف خدائے واحد ہے تم اسی کے اطاعت گزار بنو اور ہمارے گڑگڑانے والے بندوں کو بشارت دے دو “ ۔
اسی آیت اور سورہ حج کی ۳۶ ویں آیت ” اور ہم نے قربانیوں کے اونٹ کو بھی اپنی نشانیوں میں سے قرار دیا ہے اس میں تمہارے لئے خیر ہے لہذا اس پر کھڑے ہونے کی حالت ہی میں نام خدا کا ذکر کرو اور اس کے بعد جب اس کے تمام پہلو گر جائیں تو اس میں سے خود بھی کھاؤ اور قناعت کرنے والے اور مانگنے والے سب غریبوں کو کھلاؤ کہ ہم نے انہیں تمہارے لئے لَسّخر کردیا ہے تاکہ تم شکر گزار بندے بن جاؤ “ ،میں بیان کیا ہے کہ قربانی کو وضع کرنے کا ایک ہدف اللہ نام کو ذکر کرنا ہے ،کیونکہ اس طرح کے اعمال اس بات کا سبب بنتے ہیں کہ آدمی کچھ لمحوں کے لئے خداوند عالم کی یاد میں گم ہوجائے ، جس نے قربانی کے حکم کو صادر کیا ہے ۔
انہی آیات میں اس معنی کی بھی تاکید کی گئی ہے کہ خداوند عالم کی طرف سے صرف ایک قربانی وضع کی گئی ہے اور وہ قربانی صرف خدائے وحدہ لاشریک کیلئے ہے ، جب کہ مشرکین کا دعوی تھا کہ دوسرے اعمال اور جانور بھی وضع ہوئے ہیں ،انہی میں سے ایک قربانی بتوں کیلئے ہے جو خدا سے تقرب حاصل کرنے کے لئے انجام دی جاتی ہے ،خداوند عالم نے ان کے اس قول کا جواب سورہ حج کی ۳۴ ویں آیت میں دیا ہے (التحریر و التنویر ، ج ۸ ، جز ۱۷ ، ص ۲۵۹) ۔
ذبح کے احکام
قربانی کے ہدف اور فلسفہ کے واقع ہونے کے لئے خداوند عالم نے ذبح اور قربانی کے احکام بیان کئے ہیں ، ان میں سے کچھ احکام مندرجہ ذیل ہیں :
۱۔ ذبح یا نحرکرتے وقت خداوند عالم کے اسماء حسنی میں سے کوئی ایک نام لیا جائے ”لِیَشْہَدُوا مَنافِعَ لَہُمْ وَ یَذْکُرُوا اسْمَ اللَّہِ فی اٴَیَّامٍ مَعْلُوماتٍ عَلی ما رَزَقَہُمْ مِنْ بَہیمَةِ الْاٴَنْعامِ فَکُلُوا مِنْہا وَ اٴَطْعِمُوا الْبائِسَ الْفَقیرَ“ ۔تاکہ اپنے منافع کا مشاہدہ کریں اور چند معین دنوں میں ان چوپایوں پر جو خدا نے بطور رزق عطا کئے ہیں خدا کا نام لیں اور پھر تم اس میں سے کھاؤ اور بھوکے محتاج افراد کو کھلاؤ ۔
۲۔ قربانی کرتے وقت ہر طرح کے شرک سے اجتناب کیا جائے ”وَ اٴَذِّنْ فِی النَّاسِ بِالْحَجِّ یَاٴْتُوکَ رِجالاً وَ عَلی کُلِّ ضامِرٍ یَاٴْتینَ مِنْ کُلِّ فَجٍّ عَمیقٍ ، لِیَشْہَدُوا مَنافِعَ لَہُمْ وَ یَذْکُرُوا اسْمَ اللَّہِ فی اٴَیَّامٍ مَعْلُوماتٍ عَلی ما رَزَقَہُمْ مِنْ بَہیمَةِ الْاٴَنْعامِ فَکُلُوا مِنْہا وَ اٴَطْعِمُوا الْبائِسَ الْفَقیرَ ، ثُمَّ لْیَقْضُوا تَفَثَہُمْ وَ لْیُوفُوا نُذُورَہُمْ وَ لْیَطَّوَّفُوا بِالْبَیْتِ الْعَتیقِ ، ذلِکَ وَ مَنْ یُعَظِّمْ حُرُماتِ اللَّہِ فَہُوَ خَیْرٌ لَہُ عِنْدَ رَبِّہِ وَ اٴُحِلَّتْ لَکُمُ الْاٴَنْعامُ إِلاَّ ما یُتْلی عَلَیْکُمْ فَاجْتَنِبُوا الرِّجْسَ مِنَ الْاٴَوْثانِ وَ اجْتَنِبُوا قَوْلَ الزُّورِ ، حُنَفاء َ لِلَّہِ غَیْرَ مُشْرِکینَ بِہِ وَ مَنْ یُشْرِکْ بِاللَّہِ فَکَاٴَنَّما خَرَّ مِنَ السَّماء ِ فَتَخْطَفُہُ الطَّیْرُ اٴَوْ تَہْوی بِہِ الرِّیحُ فی مَکانٍ سَحیقٍ “ ۔
۳۔ قربانی کرتے وقت خداوندعالم کی تعظیم کیلئے اللہ اکبر کہنا ” لِتُکَبِّرُوا اللَّہَ عَلی ما ہَداکُم“۔
خدا کی دی ہوئی ہدایت پر اس کی کبریائی کا اعلان کرو اور نیک عمل والوں کو بشارت دے دو۔
۴۔ شرک کے طریقہ پر جو جانور ذبح کئے گئے ہیں ان کے کھانے کو حرام قرار دیا گیا ہے ۔
قرآن کریم کی نظر میں صرف وہ قربانی قابل قبول ہے جو صرف خداوند عالم کے لئے کی گئی ہواور اس شخص نے صرف خداوند عالم سے تقرب حاصل کرنے کیلئے قربانی کی ہو (سورہ مائدہ ، آیت ۲۷ ۔ سورہ حج ، آیت ۳۶ و ۳۷) ۔
قربانی تین حصوں میں تقسیم ہوتی ہے ،ایک حصہ حج کرنے والے کیلئے ، دوسرا حصہ مومنین کے لئے اور تیسرا حصہ فقراء کو دیا جاتا ہے (سورہ حج ، آیت ۳۶) ۔ بہتر ہے کہ یہ قربانی کھانے کی صورت میں لوگوں کو دی جائے اور قربانی کرنے والا بھی اس میں سے کھائے (سورہ حج ، آیت ۳۶) ۔
گائے، بھیڑ و بکری اور اونٹ کی قربانی کی جاسکتی ہے ۔ اس بناء پر گائے اور بھیڑ، بکری کو ذبح کیا جاتا ہے اور اونٹ کو نحر کیا جاتا ہے ، حج میں بھیڑ کی قربانی کو سب سے آسان اور سب سے کم شمار کیا گیا ہے” حج اور عمرہ کو اللہ کے لئے تمام کرو اب اگر گرفتار ہوجاؤ توجو قربانی ممکن ہو وہ دے دو اور اس وقت تک سر نہ منڈواؤ جب تک قربانی اپنی منزل تک نہ پہنچ جائے. اب جو تم میں سے مریض ہے یا اس کے سر میں کوئی تکلیف ہے تو وہ روزہ یاصدقہ یا قربانی دے دے پھر جب اطمینان ہوجائے تو جس نے عمرہ سے حج تمتع کا ارادہ کیا ہے وہ ممکنہ قربانی دے دے اور قربانی نہ مل سکے تو تین روزے حج کے دوران اور سات واپس آنے کے بعد رکھے کہ اس طرح دس پورے ہوجائیں. یہ حج تمتع اور قربانی ان لوگوں کے لئے ہے جن کے اہلِ مسجدالحرام کے حاضر شمار نہیں ہوتے اور اللہ سے ڈرتے رہو اوریہ یاد رکھو کہ خدا کا عذاب بہت سخت ہے “ ۔ (سورہ بقرہ، آیت ۱۹۶ ۔ عیون اخبار الرضا، ج ۳، ص ۱۲۰، ھدی یعنی وہی بھیڑ بکری بیان ہوئی ہے) ۔
قربانی اسلام میں ہر عمل کیلئے مستحب ہے جیسے بچوں کا عقیقہ، گھر کی خریداری اور سفر پر جانے کیلئے زیاده تاکید کی گئی ہے اور حج کے زمانہ میں مستحب ہے کہ اگر انسان قرض لے کر بھی قربانی کرسکتا ہو تو قربانی کرے ۔ ائمہ معصومین (علیہم السلام) کے کلام میں ملتا ہے کہ اگر کسی کے پاس قربانی کرنے کیلئے پیسہ نہ ہو تو وہ قرض لے کر قربانی کرے اوراس سنت کو انجام دے ۔ امام علی (علیہ السلام) نے فرمایا : اگر لوگوں کو معلوم ہوتا کہ قربانی میں کتنے فوائد ہیں تو وہ قرض لے کر قربانی کرتے ۔ قربانی کا جو پہلا قطرہ زمین پر گرتا ہے اس پہلے قطرہ کی وجہ سے انسان کو بخش دیا جاتا ہے (وسائل الشیعہ، ج ۱۴ ، ص ۲۱۰ ) ۔
کتاب المراقبات میں عید قربان کے روز قربانی کی فضیلت کے بارے میںذکر ہوا ہے : اس دن کے بہترین اعمال میں سے ایک قربانی ہے جس کو انجام دینے میں بندگی کے قوانین اور ادب کی رعایت کرنا چاہئے ․․․ یاد رہے کہ اس دن قربانی نہ کرنا اورخدا کی راہ میں تھوڑا سے مال ایثار نہ کرنا خسارہ اورنقصان کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔
قربانی کی برکتیں
گذشتہ مطالب میں قربانی کے بعض آثار اور برکتیں بیان ہوئی ہیں لیکن یاد رہے کہ قربانی کی اور دوسری برکتیں بھی ہیں جس میں سے بعض برکتیں مندرجہ ذیل ہیں :
۱۔ خداوند عالم کی راحمت واسعہ : جس کو سورہ مائدہ کی ۹۶ ویں اور ۹۷ ویں آیت میں بیان کیا ہے”تمہارے لئے دریائی جانور کا شکار کرنا اور اس کا کھانا حلال کردیا گیا ہے کہ تمہارے لئے اور قافلوں کے لئے فائدہ کا ذریعہ ہے اور تمہارے لئے خشکی کا شکار حرام کردیا گیا ہے جب تک حالت احرام میں رہو اور اس خدا سے ڈرتے رہو جس کی بارگاہ میں حاضر ہونا ہے ، اللہ نے کعبہ کو جو بیت الحرام ہے اور محترم مہینے کو اور قربانی کے عام جانوروں کو اور جن جانوروں کے گلے میں پٹہ ڈال دیا گیا ہے سب کو لوگوں کے قیام و صلاح کا ذریعہ قرار دیا ہے تاکہ تمہیں یہ معلوم رہے کہ اللہ زمین و آسمان کی ہر شے سے باخبر ہے اور وہ کائنات کی ہر شے کا جاننے والا ہے“(سورہ مائدہ، آیت ۹۶ ۔ ۹۷) ۔
۲۔ نیک اور احسان کرنے والوں میں شامل ہونا : ”خدا کی دی ہوئی ہدایت پر اس کی کبریائی کا اعلان کرو اور نیک عمل والوں کو بشارت دے دو “ ۔ (سورہ حج ، آیت ۳۷) ۔
۳۔ مغفرت الہی سے استفادہ کرنا : ” اٴُحِلَّ لَکُمْ صَیْدُ الْبَحْرِ وَ طَعامُہُ مَتاعاً لَکُمْ وَ لِلسَّیَّارَةِ وَ حُرِّمَ عَلَیْکُمْ صَیْدُ الْبَرِّ ما دُمْتُمْ حُرُماً وَ اتَّقُوا اللَّہَ الَّذی إِلَیْہِ تُحْشَرُون“ ۔ (سورہ مائدہ ، آیت ۹۷) ۔
خداوند عالم نے قربانی کو معاشرہ کے اتحاداور اتفاق کے عنوان سے پیش کیا ہے تاکہ امتوں اور قوموں کے درمیان اتحاد و انسجام قائم ہوجائے اور معاشرہ کے افراد مختلف شکلوں میں ایک دوسرے سے متصل ہوجائیں ۔ خصوصا تمام افراد اس قربانی سے استفادہ کریں اور اس کا گوشت تناول فرمائیں اور اس کے ذریعہ امتوں اورقوموں میں مہر ومحبت زیادہ ہوجائے ۔
حج میں قربانی کرنے کا فلسفہ کیا ہے؟
چونکہ اسلامی احکام کا قانون ساز اور شارع، خداوند حکیم ہے، اس لئے اسلام کے تمام قوانین اور احکام { مخلوقات کےحق میں} کافی دقیق اورفائدہ بخش صورت میں وضع کئے گئے ہیں ، اگر چہ ممکن ہے کہ ہم ان کے بارے میں بہت سے اسباب اور حکمتوں سے آگاہ نہ ھوں- اسلام کے قوانین اور احکام میں سے یہ بھی ہے کہ جو افراد حج تمتع اور حج قران بجالاتے ہیں، ان پر واجب ہے کہ عید قربان کے دن سر زمین منی پر قربانی کریں-[1]
عالم اسلام کےعلماء نے آیات و روایات سے استفادہ کرکے حج کی قربانی کے متعدد فلسفے اور حکمتیں بیان کی ہیں جن میں سے بعض کی طرفہم ذیل میں اشارہ کرتے ہیں:
۱-قربانی نفسانی خواہشات سے مبارزہ کرنے کی علامت ہے:
حجاج کا عید قربان کے دن قربانی کرنا، حقیقت میں اپنی نفسانی خواہشات کی قربانی اور نفس امارہ کو ذبح کرنے کی علامت ہے- جس طرح حضرت ابراھیم {ع}کے لیے خداوند متعال کی طرف سے حضرت اسماعیل{ع} کو ذبح کرنے کا حکم اس لئے تھا کہ حضرت ابراھیم {ع} اس عمل کی روشنی میں اپنے نفسانی تعلقات کے انتہائی اہم ترین عامل ، یعنی بیٹے کی محبت کے ساتھ مبارزہ کر کے خدا کی اطاعت کریں اورنفسانی خواہشات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں- اس بنا پر جس طرح اس حکم کی اطاعت نے، حضرت ابراھیم{ع} اورحضرت اسماعیل {ع} کے نفس امارہ کے زندان سے رہا ئی پانے میں ایک اہم تربیتی رول ادا کیا اور ان کے مقام و منزلت کو خدا کے پاس عظمت و بلندی بخشی، اسی بنا پر حجاج کے لئے قربانی بھی حقیقت میں ، دنیوی تعلقات اور مادی وابستگی سے آزاد کرانے میں ایک قسم کا جہاد نفس ہے-[2]
۲-خداوند متعال کا تقرب اور تقوی حاصل کرنا-
اس سلسلہ میں قرآن مجید میں ارشاد ھوتا ہے :" خدا تک نہ ان جانوروں کا گوشت جانے والا ہے اور نہ خون – اس کی بارگاہ میں صرف تمھارا تقوی جاتا ہے - - -"[3] بنیادی طور پر خداوند متعال قربانی کے گوشت کا محتاج نہیں ہے، کیونکہ وہ نہ جسم ہے اور نہ محتاج، بلکہ وہ ایک مکمل اور ہر جہت سے بے انتہا وجود ہے-
بہ الفاظ دیگر، قربانی کو واجب کرنے کا خداوند متعال کا مقصد یہ ہے کہ آپ تقوی کے مختلف منازل طے کر کے ایک انسان کامل کی راہ میں گامزن ھو جائیں اور روز بروز خداوند متعال کے قریب تر ھو جائیں، تمام عبادتیں، تربیت کے کلاس ہیں- قربانی انسان کو جاں نثاری ، فدا کاری ، عفو و بخشش اور راہ خدا میں شہادت پیش کرنے کے جذبے کا درس دیتی ہے اور اس کے علاوہ حاجتمندوں اور محتاجوں کی مدد کرنے کا سبق سکھاتی ہے-[4]
اگرہم حج کی قربانی کی صرف مذکورہ حکمتوں کو مد نظر رکھیں، اور قربانی کے گوشت سے کوئی استفادہ بھی نہ کیا جائے، پھر بھی یہ حکمتیں حاصل ھو سکتی ہیں-
۳-حاجتمندوں کی مدد { انھیں کھانا کھلانا}:
قرآن مجید کی آیات سے بخوبی معلوم ھوتا ہے کہ قربانی کے مقاصد میں سے ایک یہ ہے کہ اس کے گوشت سے صحیح استفادہ کیا جائے، قربانی کرنے والا بھی اس سےفائدہ اٹھانے اور فقیروں و محتاجوں تک بھی پہنچا یا جائے-[5]
اس قابل قدر مقصد کی بنا پر، مسلمانوں کو یہ حق نہیں پہنچتا ہے کہ قربانی کے گوشت کو منی میں زمین پر چھوڑ دیں اور یہ گوشت سڑ جائے یا اسے زمین میں دفن کیا جائے، بلکہ منی کی مقدس سر زمین پر قربانی کے گوشت کو پہلے درجہ میں اسی سر زمین کے حاجتمندوں تک پہنچانا چاہئیے اور اگر اس دن اس سر زمین پرکوئی حاجتمند اور فقیر نہ ملے تو اسے دوسرے علاقوں میں بھیج کر محتاجوں اور فقیروں تک پہنچانا چاہئیے، حتی کہ اس فلسفہ کی بنا پر اگر یہ گوشت بر وقت حاجتمندوں تک نہ پہنچنے کی وجہ سے سڑ بھی جائے، تو کسی کو یہ کہنے کا حق نہیں ہے کہ پس قربانی کی ہی ضرورت نہیں ہے، بلکہ مسلمانوں کو کوشش کرنی چاہئیے کہ جدید علمی طریقوں کو بروئے کار لا کراور اس عظیم سرمایہ کو ضائع ھونے سے بچا کر جلد از جلد حاجتمندوں تک پہنچا دیں، بہ الفاظ دیگر یہ نہیں کہنا چاہئیےکہ، چونکہ قربانی کا گوشت حاجتمندوں تک نہیں پہنچ سکتا ہے، اس لئے قربانی نہیں کرنی چاہئیے، بلکہ کہنا یہ چاہئیے کہ قربانی کرنا واجب ہے اور اس کی حکمتوں میں سے صرف ایک حکمت اس کا گوشت حاجتمندوں تک پہنچا نا ہے اس لئے اس کے لئے ضروری وسائل فراہم کرنے چاہئیں -
خوش قسمتی سے حالیہ برسوں کے دوران، مکہ کے ذبح خانوں میں بہت سے اچھے امکانات فراہم کئے گئے ہیں اور گوشت کو منجمد کرکے حاجتمندوں تک پہنچا کر اسراف کی کافی حد تک روک تھام کی جاتی ہے-
اگر چہ اس سلسلہ میں ابھی سو فیصدی کامیابی حاصل نہیں ھوئی ہے، پھر بھی حاصل شدہ کامیا بیوں کے پیش نظر وہ دن دور نہیں ہے جب اس سلسلہ میں سو فیصدی کامیابی حاصل ھوگی-
حوالاجات
[1] مناسك حج (المحشى للإمام الخميني؛ ص: 100مناسك حج (للخامنئي)، ص: 16
[2] ماخوذاز سایت پرسمان قرآن
[3] حج،37:" لَنْ يَنالَ اللَّهَ لُحُومُها وَ لا دِماؤُها وَ لكِنْ يَنالُهُ التَّقْوى مِنْكُمْ"
[4] تفسير نمونه، ج14، ص: 107
[5] تفسير نمونه، ج14، ص: 83
فطرت اور قلب سلیم
انسان اپنی پاکیزہ فطرت اور قلب سلیم کے ساتھ ہمیشہ سعادت اور خوش نصیبی کے راستےپر گامزن ہوتے ہیں۔ لیکن ان کو اس راستے پر ایک ایسے بدترین دشمن کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ہمیشہ ان کو خدائي راستے سے روکنے کے لۓ منصوبے اور سازشیں تیار کرتا رہتا ہے۔ جب اللہ تعالی نے شیطان کو آدم کو سجدہ کرنے کا حکم دیا تو اس نے اپنے غرور و تکبر کی وجہ سے انسان کو سجدہ کرنے سے انکار کردیا ۔ اللہ تعالی نے اپنی بارگاہ سے نکال دیا۔ اس وقت سے اس نے انسانوں کو گمراہ کرنا شروع کر دیا اور اللہ تعالی سے کہا: " اگر تو نے مجھے قیامت تک کی مہلت دے دی تو میں ان کی ذریت میں سے قلیل تعداد کے سوا سب کو گمراہ کردوں گا۔ "
اللہ تعالی نے بھی جواب میں فرمایا : " جا جس پر بھی بس چلے اپنی آواز سے گمراہ کر اوراپنے سوار اور پیادوں سے حملہ کر دے اور ان کے اموال اور اولاد میں شریک ہوجا اور ان سے خوب وعدے کر کہ شیطان سوائے دھوکہ دینے کے اور کوئي سچا وعدہ نہیں کرسکتا ہے۔ "
شیطان تخلیق کے آغاز سے قیام قیامت تک انسان کا ایمان اس سے چھیننے کی کوشش کرتا رہتا ہے اور اگر ایسا نہ کر سکے تو اس کے ایمان کو کمزور کرنے کی تگ و دو کرتا ہے اور اگر وہ یہ بھی نہ کرسکےتو پھر بدعنوانی اور فساد وغیرہ کے ذریعے اپنا کام انجام دیتا ہے۔ اگر فرشتہ انسان کی ترقی و تکامل کے سلسلے میں انسان کا خادم ہے تو شیطان رہزن ہے۔
شیطان انسان کو گمراہ کرنے کے لۓ بہت سے جال بچھاتا ہے۔ وہ انسانوں کے کاموں کو ان کی آنکھوں کے سامنے اس طرح خوبصورت بنا کر پیش کرتا ہے کہ انسان یہ خیال کرنے لگتا ہے کہ اس کے مدنظر جو کام ہے وہی اچھا ہے۔ شیطان انسانوں کی نفسیات اور افکار و خیالات کے پیش نظر ان کے لۓ مختلف طرح کے جال بچھاتا ہے۔ وہ تمام افراد کے لۓ ایک جیسا عمل انجام نہیں دیتا ہے۔ شیطان افراد کو فریب دینےکے لۓ جو اقدامات انجام دیتا ہے ان میں وسوسے میں مبتلاء کرنا ، گناہ کو خوبصورت بنا کر پیش کرنا، عمل کو ضائع کرنا، نسیان سے دوچار کرنا ، فساد پھیلانا اور جھوٹےوعدے کرنا وغیرہ شامل ہے۔ ان کے علاوہ بھی وہ ہزاروں طریقوں سے انسانوں کو گمراہ کرتا ہے۔ شیطان اپنے اقدامات اور کاموں کو صحیح ظاہر کرنے کے لۓ انسانوں کو لمبی امیدوں ، دنیا پرستی اور خواہشات نفسانی میں مبتلاء کردیتا ہے۔ اگر انسان ایک لمحے کے لۓ بھی غفلت سے کم لے اور شیطان کے شر سے خدا تعالی کی پناہ میں نہ جائے تو وہ شیطان کے جال میں پھنس کر ہلاک ہوجاتا ہے۔
شیطان کی کمین گاہیں بہت زیادہ ہیں۔
قرآن کریم کے مطابق شیطان کا ایک کام انسان کے دل میں وسوسہ پیدا کرنا ہے۔ اللہ تعالی نے سورۂ ناس میں فرمایا ہے کہ
" ان سے پناہ چاہتا ہوں ] جو لوگوں کے دلوں میں وسوسے پیدا کرتا ہے "
وسوسہ کے معنی بہت آہستہ آواز میں کسی چیز کے پڑھنےکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ذہن میں آنے والے برے خیالات کو وسوسے سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ کیونکہ گویا وہ انسان دھیمی آواز کے ساتھ شیطان کا سب سے پہلا کام وسوسہ ہے اور شائد اس کے دوسرے کاموں کی بازگشت بھی اسی کام کی جانب ہوتی ہے۔ یہ وہ کام ہے جو اس نے حضرت آدم اورحضرت حوا علیھماالسلام کے سلسلے میں بھی انجام دیا تھا۔ شیطان ان کو ممنوعہ پھل کھانے کا وسوسہ کرنے کے ذریعے جنت سے ان کے باہر نکالے جانے کا باعث بنا۔
خدا تعالی انسانوں کی پاکیزہ فطرت کے پیش نظر اس حال میں بھی اپنے بندوں سے کہا ہے کہ اگر انھوں نے گناہ کا ارتکاب کیا ہے تو وہ بارگاہ الہی میں توبہ کریں۔ سورۂ آل عمران کی آیت نمبر ایک سو پینتیس میں ارشاد ہوتا ہے :
" یہ لوگ وہی ہے کہ جب کوئي نمایاں گناہ کرتے ہیں یا اپنے نفس پر ظلم کرتے ہیں تو خدا کو یاد کر کے اپنے گناہوں پر استغفار کرتے ہیں اور خدا کے علاوہ کون گناہوں کو معاف کرنے والا ہے اور وہ اپنے کۓ پر جان بوجھ کر اصرار نہیں کرتے "
جب یہ آیت نازل ہوئی تو شیطان پریشان ہوگیا ، وہ مکے کےایک بلند پہاڑ پر گيا اور اس نے بلند آواز میں اپنے ساتھیوں اور اولاد کو پکارا۔ وہ اس کے گرد اکٹھے ہوکر اس سے اس پریشانی کا سبب پوچھنے لگے تو شیطان نے کہاکہ خدا تعالی نے یہ آیت اپنے نبی پر نازل کی ہے۔ اور گناہ گار انسانوں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ توبہ کے ذریعےان کے گناہ معاف کردے گا۔ جس کے نتیجے میں ہماری تمام کوششیں خاک میں مل جائيں گي۔ میں نے تم کواس لۓ بلایا ہے تاکہ یہ جان سکوں کہ تم میں سے کون اس کا توڑ پیش کرسکتا ہے؟
ان میں سے ایک نے کہا کہ ہم انسانوں کو مختلف گناہوں کی دعوت دے کر اس آیت کو بے اثر کردیں گے۔
ابلیس نے کہا کہ ہم اس کام میں مکمل طور پر کامیاب نہیں ہوسکتے ہیں۔ان میں سے ہر ایک نے کوئي نہ کوئی تجویزپیش کی۔ لیکن شیطان نے کوئی ایک تجویز بھی قبول نہ کی۔
کافی دیر کے مشورے کے بعد خنّاس نامی ایک کہنہ مشق شیطان آگے بڑھا اور کہنے لگا میں یہ مسئلہ حل کرسکتاہوں۔ شیطان نے پوچھا وہ کیسے؟
خنّاس نے کہا کہ میں انسانوں کو میٹھے وعدوں اور لمبی آرزوؤں میں مبتلا کردوں گا۔ اور ان کے ذہن سے توبہ اور خدا کی جانب پلٹنے کا خیال بھی نکال دوں گا۔ شیطان بہت خوش ہوا اور اس نے یہ تجویز قبول کر لی۔ خنّاس کو گلے لگالیا اور اس کی پیشانی چوم کر کہنے لگا کہ جب تک یہ دنیا باقی ہے میں اس کام کو تمہیں سونپتا ہوں۔
شیطان فریب اور چال کے ساتھ کام کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے وسوسے مختلف طرح کے ہوتے ہیں۔ جو کہ ہر انسان کے حال کے مطابق ہوتے ہیں۔ مثلا دشمن ایسا وسوسہ بھی کرتا ہے جو وہ اس وقت کرتا ہے جب انسان کسی اچھے کام کا ارادہ کرتا ہے۔ حضرت امام محمد باقر ع نے فرمایا ہے۔ جب بھی کوئي شخص نیک کام کا ارادہ رکھتا ہو وہ اس کی انجام دہی میں جلدی کرے۔ کیونکہ جس کام میں دیر ہوجائے تو شیطان اس کے بارے میں غور اور وسوسہ کرتا ہے تاکہ انسان اس کام سے دستبردار ہوجائے۔ شیطان خود اعتراف کرتے ہوئے حضرت موسی علیہ السلام سے کہتا ہے کہ جب بھی آپ صدقہ دینے کا ارادہ رکھتے ہوں تو اس کام کو انجام دیں کیونکہ جب بھی کوئي انسان صدقہ دینے کا ارادہ کرتا ہے تو میں خود سرگرم ہوجاتا ہوں اور صدقے اور اس شخص کے درمیان حائل ہوجاتا ہوں ۔
البتہ جو شخص وحدہ لاشریک خالق کو اپنا ولی اور سرپرست جانتا ہے اور اسی پر توکل کرتا ہے تو وہ شیطان کے فریب سے دور رہتا ہے۔ لیکن جو شیطان کو اپنا دوست اور سرپرست قرار دیتا ہے تو وہ اخروی عذاب کے علاوہ اس دنیا میں بھی نا قابل تلافی نقصان اٹھاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شیطان اس کے ساتھ جھوٹے وعدے کرتا ہے۔ اور اسے لمبی آرزوؤں میں مبتلاء کر دیتا ہے تاکہ وہ شخص خداتعالی کی عبادت اور کمال الہی سے دور ہوجائے۔ مثلا جب بھی انسان دنیوی وسائل کی آرزو کرتا ہے تو ان کی ایک تصویر اپنے ذہن میں تیار کرتا ہے۔ اکثر آرزوئیں سراب جیسی ہوتی ہیں۔ شیطان کو اس طرح کی لمبی اور پرفریب امیدوں کا مرقع کھینچنے میں مہارت رکھتا ہے۔ قرآن کریم نے فرمایا ہے:
" اور جو خدا کو چھوڑ کر شیطان کو اپنا سرپرست اور ولی بنائے گا وہ کھلے ہوئے خسارے میں رہے گا ۔ شیطان ان سے وعدہ کرتا ہے اور انھیں امیدیں دلاتا ہے اور وہ جو بھی وعدہ کرتا ہے وہ دھوکہ کے سوا کچھ نہیں ہے۔ یہی وہ لوگ ہیں جن کا انجام جہنم ہے اور وہ اس سے چھٹکارا نہیں پاسکتے ہیں "
شیطان کی ایک اور چال کہ جو اس کے ایجنڈے میں سر فہرست ہے ، انسانوں کی نظروں میں برائیوں کو مزین کر کے پیش کرنا ہے۔ یعنی شیطان خواہشات نفسانی سے فائدہ اٹھا کر انسان کے برے اعمال کواس کی نظر میں اچھا بنا کر پیش کرتا ہے۔ انسان جو بھی برا کام انجام دیتا ہے وہ اسے درست اور صحیح نظر آتا ہے۔
انسان کے ساتھ وعدے کرنا اور اسے برائیوں کی دعوت دینا بھی انسان کو گمراہ کرنے کے سلسلے میں شیطان کی ایک چال ہے۔
جب گناہ گار انسان دوزخ میں جائیں گے تو ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑا کریں گے اور ہر شخص دوسرے کو اس سلسلے میں قصوروار قرار دے گا ۔ دریں اثناء سب کہیں گے کہ شیطان قصور وار ہے اور وہ اپنے دوزخ میں جانے کا ذمےدار شیطان کو گردانیں گے لیکن شیطان ان سے کہے گا:
" میرا تہمارے اوپر کوئي زور نہیں تھا سوائے اس کے کہ میں نے تمہیں دعوت دی اور تم نے اسے قبول کر لیا۔ "
شیطان کی جانب سے انسانوں کے گمراہ کۓ جانے کی کوشش کبھی بھی ختم نہیں ہوتی ہے۔ قرآن کریم اور روایات میں اس کی گونا گوں مخفی اور آشکار چالوں سے پردہ اٹھایا گيا ہے۔ قرآن کریم اور روایات کی جانب رجوع کرنے سے انسان شیطان اور اس کے ساتھیوں سے آگاہ ہوسکتا ہے ۔ شیطان انسان کی سعادت کا دشمن ہے۔ اس لۓ وہ انسان کی سعادت کے راستے پرگھات لگا کر بیٹھا ہے تاکہ اسے فریب دے رک اپنے جال میں پھنسا لے۔
جناب هاجره
گرم ہوا چل رہی تھی اور ہاجرہ کا معصوم فرزند اسماعیل پیاس کی شدت سے تڑپ رہا تھا ادھر ماں اطراف خانہ کعبہ پانی کی تلاش میں ادھر ادھر دوڑرہی تھی۔ صفا و مروہ کی پہاڑیوں کے درمیان پانی کی تلاش میں سرگرداں و حیران ہاجرہ جب بھی دور سے بیایان کی طرف دیکھتیں تو انہیں پانی کا چشمہ نظر آتا تھا لیکن جب قریب پہنچتیں تو وہ سراب نکلتا ہاجرہ سات مرتبہ پانی کی تلاش میں صفا و مروہ کی پہاڑیوں کے درمیان دوڑیں مگر انہیں پانی میسر نہ ہوا لیکن پروردگارعالم نے ان کی سعی و کوشش کو ضائع نہیں کیا بلکہ اس کا اجر انہیں عظیم طریقے سے دیا ۔جب آپ تھک ہار کر اسماعیل کے قریب پہنچیں تاکہ انہیں بہلائیں تو اچانک ان کی نگاہ اس چشمے پر پڑی جو اسماعیل کے پیروں تلے جاری تھا آپ فورا سجدہ شکر بجا لائیں اور حضرت ابراہیم کی دعا کے بارے میں سوچنے لگیں کہ انہوں نے بیایان میں چھوڑ کر جاتے وقت انہیں اور اسماعیل کو خدا کے سپرد کیا تھا اور خداسے دعا کی تھی کہ خدایا لوگوں کے قلوب کو ان کی طرف موڑ دے اور پروردگار عالم نے حضرت ابراہیم کی دعا کو قبول کرلیا تھا اور پھر یہی چشمہ آب " زمزم " کے نام سے مشہور ہوگیا ۔
تاریخ انسانیت میں بہت سی ایسی خواتین گذری ہیں جنہوں نے اپنی ذاتی صلاحیتوں ، تقوی و ایمان ، تہذیب نفس اور خود سازی کے ساتھ کامیاب زندگی بسر کی ہے۔انہیں عظیم و گرانقدر خواتین میں سے ایک حضرت ابراہیم علیہ السلام کی شریک حیات اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی مادر گرامی جناب ہاجرہ ہیں اگر چہ ابتدائی دور میں وہ قصر میں ایک کنیز کے عنوان سے زندگی بسر کررہی تھیں لیکن عیش و عشرت کی زندگی کی خواہشمند نہ تھیں کیونکہ ان کا دل معنوی اور الہی جلوؤں سے سرشار تھا اسی لئے آپ دنیاکی زرق و برق سے بیزار تھیں وہ دنیا کی فریبی اور فانی چمک دمک کو معنوی درجات کی ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ تصور کرتی تھیں گویا اس مادی زندگی سے نکلنے کے لئے لمحات شمار کررہی تھیں اور ایک دن ان کی امیدوں میں بہار آگئی اور ان کے نصیب جاگ اٹھے اور انہیں خلیل خدا حضرت ابراہیم علیہ السلام کے گھروالوں کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا موقع فراہم ہوگیا اور پھر انہیں پیغمبر خدا حضرت ابراہیم کی شریک حیات بننے کا موقع بھی نصیب ہوا آپ اپنے شوہر نامدار کی پاکیزہ زندگي کی پیروی کرتے ہوئے ہدایت و کامرانی کی اعلی منزلوں پر فائز ہوئیں۔
جناب ہاجرہ ایک متقی و پرہیزگار ، سیاہ فام کنیز تھیں کہ جنہیں مصر کے ایک حاکم نے حضرت ابراہیم کی بیوی سارہ کو بطور تحفہ دیا تھا ۔ جناب سارہ جو بے اولاد اورحضرت ابراہیم کے وارث نہ ہونے کی بناء پر مضطرب و پریشان تھیں انہوں نے حضرت ابراہیم سے خواہش ظاہر کی کہ آپ اس متقی و پرہیزگار کنیز سے شادی کرلیں اور پھر اس طرح حضرت ابراہیم نے اپنی بیوی سارہ کی خواہش کا احترام کرکے ہاجرہ سے عقد کرلیا اب ہاجرہ ایک کنیز نہ تھیں بلکہ وہ اللہ کے خلیل ابراہیم کی شریک حیات بن چکی تھیں اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کے بڑھاپے کا سکون و سہارا بن گئیں۔ وقت گذرتا رہا ، ہاجرہ کے یہاں ایک معصوم بچہ پیدا ہوا حضرت ابراہیم نے اس کا نام اسماعیل رکھاایک دن جناب سارہ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام سے درخواست کی کہ ہاجرہ اور ان کے فرزند کو کسی دوسری جگہ منتقل کردیں ۔
خداوندعالم نے حضرت ابراہیم کو وحی فرمائی کہ اسماعیل اور ان کی ماں کو شام سے باہر لے جائیں حضرت ابراہیم نے کہا "خدایا میں انہیں کہاں لے جاؤں ؟" ارشاد ہوا اے ابراہیم انہیں امن و امان کی جگہ یعنی میرے حرم اور کرہ ارض کے پہلے مرکز پر لے جاؤ جسے میں نے خلق کیا ہے اور وہ مکہ ہے حضرت ابراہیم نے پیغام وحی الہی اور اس بے آب و گیاہ صحرا میں حضرت ہاجرہ نے اور اسماعیل کے محل سکونت کے بارے میں ہاجرہ کو خبر دی ہاجرہ جو اس سے پہلے سرسبز وشاداب اور بہترین آب وہوا سے سرشار سرزمین پر رہ چکی تھیں بغیر کسی چوں چرا کے مشیت الہی کے سامنے سر تسلیم خم کردیا اور خدا پر مکمل یقین و اعتماد رکھتے ہوئے شدید مصیبت و آلام کی وادی میں قدم رکھنے پر راضی ہوگئیں جب حضرت ابراہیم نے ہاجرہ میں صبر واعتماد کا مشاہدہ کیا تو ان کے خلوص و اعتماد کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے چنانچہ حضرت ابراہیم اپنے اہل وعیال کے ساتھ سرزمین مکہ پر پہنچے تو وہاں ایک درخت موجود تھا جناب ہاجرہ نے اپنی عبا اس درخت پر ڈال دی اور اپنے بچے کو اس کے سائے میں لے کر بیٹھ گئیں جب حضرت ابراہیم نےوہاں سے واپس جانے کا ارادہ کیا تو ہاجرہ نے کہا : اے ابراہیم آپ ہم لوگوں کو ایسی جگہ چھوڑ کر جارہے ہیں جہاں نہ پینے کے لئے پانی ہے اور نہ ہی کو ئی مونس و ہمدم بلکہ یہ تو ایک بے آب وگیاہ صحرا ہے ؟ ابراہیم نے کہا " جس خدا نے ہمیں حکم دیا ہے کہ تم لوگوں کو یہاں چھوڑ دوں وہی خدا تمہاری مشکلیں آسان کردے گا " ابراہیم نے اتنا کہہ کر دعا کے لئے ہاتھ بلند کئے اور اپنی بیوی اور معصوم بچے کو مکہ کے بے آب و گیاہ صحرا میں چھوڑ کر شام واپس چلے گئے ۔
جب حضرت ابراہیم علیہ السلام کوہ ذی طوی پر پہنچے تو انہوں نے بارگاہ خداوندی میں اس طرح دعا کی " پروردگارا میں نے اپنی ذریت میں سے بعض کو تیرے محترم مکان کے قریب بے آب وگیاہ وادی میں چھوڑ دیا ہے تا کہ نمازیں قائم کریں اب تو لوگوں کے دلوں کو ان کی طرف موڑ دے اور انہیں پھلوں کا رزق عطا فرما تا کہ وہ تیرے شکر گزار بندے بن جائیں۔" ( ابراہیم :۳۷)
اب اس گرم تپتی ہوئی زمین پر صرف دو انسان موجود ہیں ایک عورت اور دوسرا چھوٹا سا بچہ، ماں اور بیٹے کو پیاس لگی۔ ماں صفا اور مروہ پہاڑوں کے درمیان پانی کی تلاش میں بھاگ دوڑ کر رہی ہیں ارشاد رب العزت ہوتا ہے۔ إِنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَۃ مِنْ شَعَائِرِ اللہ "بے شک صفا اور مروہ دونوں پہاڑیاں اللہ کی نشانیوں میں سے ہیں۔" (بقرہ :۱۵۸)
ہاجرہ اور اسماعیل سرزمین وحی پر رہنے لگے ہاجرہ معنویت و پاکیزگی میں اس درجے پر فائز تھیں کہ ایسے حالات کا مشاہدہ کرنے کے باوجود ذرہ برابر بھی خوفزدہ نہیں ہوئیں کیونکہ آپ جانتی تھیں کہ پروردگار عالم کا وعدہ بر حق ہے اور فرشتہ وحی نے جس چیز کی خبر دی ہے کہ نسل ابراہیمی میں اضافہ ہوگا تو وہ یقینا پورا ہوگا کسی طرح رات گذری اور صبح ہوگئی اسماعیل کو شدید پیاس لگی اور ہاجرہ پانی کی تلاش میں ادھر ادھر دوڑنے لگیں لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا ادھر پروردگار عالم نے اسماعیل کے قدموں تلے چشمہ جاری کردیا جو ہزاروں برس گذرنے کے باوجود آج بھی اسی طرح جاری اور رحمت الہی کی عظیم نشانی ہے اور پھر رفتہ رفتہ پرندے ، جانور اور مختلف قبیلوں کے لوگ اس کے اطراف میں رہنے لگے اور ہاجرہ اور اسماعیل سے مانوس ہو گئے جب حضرت ابراہیم ان سے ملنے کے لئے تشریف لائے تو دیکھا کہ بہت سے لوگ وہاں آباد ہوگئے ہیں تو ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا۔
روایات کے مطابق جب حضرت اسماعیل علیہ السلام نے جوانی کی دہلیز پر قدم رکھا تو حضرت ابراہیم نے اللہ کے حکم اور ان کی مدد سے خانہ کعبہ کی تعمیر کی ۔فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام اس سلسلے میں فرماتے ہیں : ابراہیم ، کعبہ کی تعمیر میں مصروف تھے اور اسماعیل کوہ ذی طوی سے پتھر لاتے تھے اور جب ابراہیم و اسماعیل کعبہ کی تعمیر کرچکے تو جناب ہاجرہ نے اپنی عبا کعبہ کی دیوار پر آویزاں کردی "
جناب ہاجرہ فضائل و کمالات کے اعلی مقام پر فائز تھیں وہ حلیم و بردبار ، متقی و پرہیزگار، مادیات سے مبرہ اور صرف خالق کائنات سے لو لگائے تھیں اسی وجہ سے آپ نے وطن اور شوہر سے دوری اور ہر طرح کی سختی و آلام کو برداشت کیا اور اپنے معصوم بیٹے اسماعیل کے ساتھ برسہا برس زندگی بسر کی ۔ہاجرہ نے پرودگار عالم کے خاص بندے اور اس کے پیغمبر کی اپنے آغوش عطوفت میں پرورش کی اس دوران حضرت ابراہیم کبھی کبھی انہیں دیکھنے آیا کرتے تھے اس کے علاوہ ان کا کوئی مونس و ہمدم بھی نہ تھا ۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جناب ہاجرہ کی لیاقت و صلاحیت دیکھتے ہوئے جناب اسماعیل کی تربیت کی ذمہ داری کہ جو مشیت الہی تھی کہ انہی کی ذریت طاہرہ میں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پیدا ہوں گے انہیں سپرد کردی جناب ہاجرہ نے اپنے فرزند کی تربیت و پرورش بڑے ہی اچھے طریقے سے کی ۔ حضرت اسماعیل ابھی جوانی کی تیرہویں بہار ہی میں تھے لیکن معرفت الہی میں اس قدر غرق تھے کہ جب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے قربانی کے بارے میں حکم پروردگار سنایا تو اسماعیل نے حکم الہی کے سامنے سر تسلیم خم کردیا ۔خداوند عالم سورہ صافات کی آیت نمبر ایک سو دو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتا ہے کہ اسماعیل نے اپنے بابا کو مخاطب کرکے کہا: بابا آپ کو جو حکم دیا جارہا ہے اس پر عمل کریں انشاء اللہ آپ مجھے صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے"
اگر اسماعیل نے امر الہی کو ہر چیز پر مقدم کیا تو یہ ان کی ماں جناب ہاجرہ کی صحیح تربیت کی بہترین دلیل ہے ۔
جناب ہاجرہ راہ خدا کی وہ عظیم مسافر ہیں جنہوں نے مصر سے فلسطین اور وہاں سے حجاز کی طرف ہجرت کی اور اس دوران بہت زیادہ اور ناقابل تحمل سختی و پریشانی سے دوچار ہوئیں یہاں تک کہ خدا پر ایمان و عقیدہ راسخ کے ساتھ اپنے بیٹے اسماعیل کے لئے پانی کی تلاش میں صفا و مروہ کی پہاڑیوں کے درمیان ان کی سعی وکوشش ، شعائر الہی کا جزء اور واجبات حج کے اعمال کا ایک اہم حصہ قرارپائی اور وہ چشمہ جو ان کے فرزند اسماعیل کے پیروں کے نیچے جاری ہوا تھا وہ لوگوں کے قلوب کے لئے شفا اور نجات دہندہ قرار پایا ۔
خلاصہ یہ کہ پروردگار کی کنیز خاص ہاجرہ اس دار فانی سے ملک جاودانی کی طرف رخصت ہوگئیں اور انہیں جوار خانہ خدا میں دفن کردیا گیا جب کہ یہ امر بھی مشیت الہی سے انجام دیا گیا تھا تاکہ قیامت تک تمام خداپرست افراد اور طواف خانہ خدا کرنے والے اس عظیم کنیز کے ایثار و جذبے اور خدا پر توکل واطمینان کو ہمیشہ یاد رکھیں اور جان لیں کہ خدا کے نزدیک بہترین شخص وہ ہے جو سب سے زيادہ متقی و پرہیزگار ہو چنانچہ پروردگارعالم سورہ حجرات کی تیرہویں آیت میں ارشاد فرماتا ہے :" تم میں سے خدا کے نزدیک زیادہ محترم وہی ہے جو زیادہ پرہیزگار ہے۔"
رہبر معظم سے عمان کےبادشاہ سلطان قابوس اور اس کے ہمراہ وفد کی ملاقات

- ۲۰۱۳/۰۸/۲۶
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے عمان کے بادشاہ سلطان قابوس اور اس کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں ایران اور عمان کے دوستانہ اور گہرے روابط اور ایرانی قوم کے ذہن میں عمان کی حکومت کےبارے میں اچھے ماضی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص گیس کے شعبہ میں باہمی روابط کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے مواقع فراہم ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عمان کو اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے اچھا اور بہترین ہمسایہ ملک قراردیا اور علاقائی مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: علاقہ میں اس وقت سنگین اور حساس شرائط موجود ہیں جن کی بنا پر دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہمآہنگی کی ضرورت ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے علاقہ کے شرائط کو بحرانی قراردیتے ہوئے فرمایا: علاقہ کی موجودہ صورتحال کی اصل وجہ غیر علاقائی طاقتوں کی گوناگوں مداخلت ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے علاقائی ممالک کے سیاسی اختلافات میں مذہبی ، قومی اور دینی مسائل کی مداخلت کو علاقہ کے خطرناک مسائل میں قراردیتے ہوئے فرمایا: افسوس کا مقام ہے کہ علاقہ کے بعض ممالک کی حمایت سے ایک ایسا تکفیری گروہ تشکیل دیا گیا ہے جو تمام مسلمان گروہوں کے ساتھ لڑ رہا ہے لیکن اس گروہ کے حامیوں کو یہ جان لینا چاہیے یہ آگ ان کے دامن کو بھی اپنی لپیٹ میں لےلےگی۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکہ کی مکمل اور ہمہ گيرحمایت یافتہ اسرائيلی حکومت کو بھی علاقہ کے لئے ایک دائمی خطرہ قراردیتے ہوئے فرمایا: اسرائیلی حکومت کے پاس عام تباہی پھیلانے والے خطرناک ہتھیاروں کے انبار موجود ہونے کی وجہ سے علاقہ کے لئے اس کا حقیقی اورسنجیدہ خطرہ موجود ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: علاقہ میں عام امن و اماں کی ضرورت ہے اور یہ اہم ہدف اسی وقت محقق ہوگا جب علاقہ سے عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے مکمل خاتمہ اورممنوع ہونے کا اعلان کیا جائے۔

اس ملاقات میں صدر حسن روحانی بھی موجود تھے عمان کے بادشاہ سلطان قابوس نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے ساتھ ملاقات پر بہت ہی خوشی و مسرت کا اظہارکیا اور ایران و عمان کے تعلقات کو ثقافتی اور تاریخی رشتوں کے پیش نظر بہت ہی خوب توصیف کرتے ہوئے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے ساتھ مذاکرات میں تجارت ، ٹرانزیٹ اور دیگرمختلف شعبوں بالخصوص گیس کے شعبہ میں تعلقات کو فروغ دینے کی راہوں کا جائزہ لیا گيا ہے۔
عمان کے بادشاہ نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی علاقہ کے حساس اور سنگين شرائط اور اسرائیلی حکومت کے حقیقی خطرے کے بارے میں گفتگوکی تائیدکرتے ہوئے کہا: موجودہ شرائط سے باہر نکلنے کے لئے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون اور علاقائی عوام کے مفادات کو مد نظر رکھنا بہت ضروری ہے۔
افغانستانی صدر، پاکستان کے دورے پر
افغانستان کے صدر حامد کرزئي نے آج اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد دونوں رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ افغاں صدر حامد کرزئي نےاس موقع پر کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تمام اہم امور پر بات چیت ہوئي ہے جس سے آئندہ اچھے نتائج کی امید کی جاسکتی ہے۔ افغان صدر نے کہا کہ ہم کسی بھی مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیں گے اور پاکستان سے بھی یہ توقع رکھتے ہیں کہ مشکل وقت میں ہمارا ساتھ نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ کابل اور اسلام آباد دہشتگردی سے نمٹنے کے مسائل پرتوجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد اور کابل کو دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کاروائياں کرنا چاہیے۔ اس پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا افغانستان اور پاکستان کی سلامتی ایک دوسرے سے منسلک ہے۔ افغان صدر حامد کرزئي آج ایک روزہ دورے پر اسلام آباد گئےہیں۔
تشدد کے شکار مسلمانوں نےاسکولوں میں پناہ لے لی
میمانمار میں تشدد کا شکار مسلمانوں نے اسکولوں میں پناہ لے لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق میانمار کی حزب اختلاف کے ایک رکن پارلیمنٹ منیت نایگ نے کہا کہ سیکڑوں افراد بودھوں کےتشدد کےبعد اسکولوں میں پناہ لے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز بودھوں کےتشدد کے بعد کہ جسے سرکاری حمایت حاصل تھی اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز انتھا پسند بودھوں نے مسلمانون کے گھروں میں آگ لگادی تھی جو کل رات بارش سے بجھ گئی۔ انہوں نےکہا شورش زدہ علاقے میں کشیدگي پائے پائی جاتی ہے تاہم حالات کنٹرول میں ہیں۔ واضح رہے ایک ہزار انتھا پسند بودھوں نے انبالو گاؤں پرحملہ کرکے مسلمانوں کے گھروں کو نذر آتش کردیا تھا۔
عراق کے ۶ صوبوں میں نماز وحدت ادا کی گئی
عراق میں رواں سال کی ابتدا سے ہی داخلی کشیدگی عروج پر پہنچ گئی اور مغربی ممالک نے اس فرصت کو غنیمت سمجھتے ہوئے بے گناہ افراد کا کثرت سے قتل عام کرنا شروع کر دیا۔
اس کے باوجود کہ شیعہ و سنی علماء عراق میں بے گناہ عوام کے قتل عام کی مذمت کر رہے ہیں لیکن نامعلوم مسلح افراد ہر آئے دن شیعہ اور سنی علاقوں میں دھشتگردانہ اقدامات کر کے مذہبی کشیدگی پھیلانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
اس ملک میں مذہبی کشیدگی کو روکنے کے لیے عراق کے شیعہ و سنی علماء اور عوام مسلسل کئی مہینوں سے ایک ساتھ نماز جمعہ ادا کر کے شیعہ سنی اتحاد کا ثبوت دیتے آ رہے ہیں۔
الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز جمعہ کے دن بھی عراق کے چھے صوبوں میں شیعہ سنی علماء اور عوام نے ایک ساتھ نماز جمعہ ادا کی۔
سلطان قابوس کا سرکاری طور پر استقبال
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے سعدآباد کامپلیکس میں عمان کے بادشاہ سلطان قابوس کا سرکاری طور پر استقبال کیا۔ اس موقع پر سب سے پہلے ایران کا قومی ترانہ بجایا گيا جس کےبعد صدر حسن روحانی اور سلطان قابوس نے سلامی لی ۔ اس کےبعد دونوں ملکوں کے سربراہوں نے مذاکرات شروع کئے۔ سلطان قابوس کے تین روزہ دورہ تہران میں وزیر پٹرولیم اور وزیر داخلہ بھی ان کے ہمراہ ہیں اور ان کا یہ تیسرا دورہ تہران ہے۔ ادھر سلطان قابوس آج دوپہر کو تہران پہنچے ہیں۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایر پورٹ پر ان کا ا ستقبال کیا تھ۔ وزیر خارجہ ظریف نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی اطلاع نہیں ہےکہ سلطان قابوس کسی ملک کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ سلطان قابوس ایرانی حکام کے ساتھ دوطرفہ مسائل و تعاون اور علاقائي اور عالمی مسائل پر گفتگو کریں گے۔




















![جناب خدیجہ کبری[س] کی سیرت](/ur/media/k2/items/cache/ef2cbc28bb74bd18fb9aaefb55569150_XS.jpg)
