روضہ امام علی رضا (ع) میں عید نوروز کا جشن اور دعا و نیائش کا پروگرام

Rate this item
(0 votes)
روضہ امام علی رضا (ع) میں عید نوروز کا جشن اور دعا و نیائش کا پروگرام

عید نوروز اور نئے  ایرانی شمسی سال کی مناسبت سے حضرت امام علی بن موسیٰ رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے تمام صحنوں میں قالینیں بچھائی گئیں اور پورا حرم عود، عنبراور گلاب کی خوشبو سے مہکا ہوا تھا،  تحویل سال( نئے سال  کے آغاز ) کے وقت نماز،دعا و قرآن خوانی میں شرکت کے لئے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

عید نوروز کے اس خصوصی پروگرام کو اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام ٹی وی چینلوں پر براہ راست نشر کیا گيا ۔
اس پروگرام کے انعقاد کے وقت حرم مطہر کے تیس ہزاراعزازی خدام  پروگرام کو منظم کرنے،ماسک کی تقسیم،سینیٹائزر لگانے اور زائرین کوحفظان صحت سے متعلق نکات پرعمل کرنے کا مشورہ دینے میں مصروف رہے۔

آستان قدس  رضوی کے متولی حجت الاسلام احمد مروی نے جشن عید نوروز کے  پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ ہر سال دسیوں لاکھ زائرین کی  کوشش ہوتی ہے کہ خوشی و مسرت سے بھرپور ان لمحات کو حرم امام علی رضا علیہ السلام میں گزاریں لیکن کورونا کی وجہ سے گذشتہ سال بھی اور اس سال بھی ہم حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے زائرین و مہمانوں کی اس طرح پذیرائي نہ کرسکے جیسا کہ کورونا سے پہلے کے برسوں میں کیا کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ مومنین عید نوروز کے اس پر مسرت موقع پر اپنی توانائی کے مطابق غریبوں اور ضرورتمندوں کی مدد کریں گے تاکہ ہماری یہ عید نوروز حقیقی معنوں میں انسان دوستی، آپسی محبت و بھائی چارہ اور ایک دوسرے کے ساتھ نیکی و بھلائی کی مظہر ہو۔

حرم مطہر رضوی کے سربراہ اعلیٰ جناب محمد مہدی برادران نے اس بات پر تاکید فرماتے ہوئے کہ زائرین و مجاورین کی صحت و سلامتی کی حفاظت امام رضا علیہ السلام کی نورانی بارگاہ کی اولین ترجیح ہے ؛ کہا کہ جیسا کہ آستان قدس رضوی کے متولی نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ عید نوروز میں حفظان صحت کے نکات پرسختی سے  نگرانی کی جائے گی  اور صحت سے متعلق  نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تا کہ زائرین بغیرکسی پریشانی کے امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کی زیارت سے شرفیاب ہو سکیں۔
 

Read 455 times