لاہور، نئے ایرانی ڈی جی خانہ فرہنگ نے چارج سنبھال لیا، علماء و مشائخ کی ملاقات

Rate this item
(0 votes)
لاہور، نئے ایرانی ڈی جی خانہ فرہنگ نے چارج سنبھال لیا، علماء و مشائخ کی ملاقات

خانہ فرہنگ ایران لاہور میں علمائے اہلسنت و مشائخ  عظام نے ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران جعفر روناس سے ملاقات کی۔ خانہ فرہنگ ایران لاہور میں مشائخ عظام اور اہلسنت  علمائے کرام  کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران جعفر روناس کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔ تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا آغاز ہوا، پیر اختر رسول قادری، سجادہ نشین آستانہ عالیہ حق باہو والٹن لاہور نے تلاوت کی۔ اس کے بعد رضوان حسین نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کی۔ دربار حضرت میاں میرؒ کے سجادہ نشین اور متولی پیر علی رضا شاہ گیلانی کا کہنا تھا کہ میں دربار عالیہ میاں میر سرکارؒ کا خدمتگزار ہونے کے ناطے آغا جان کو دوستوں کیساتھ پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ اس بزم کو سجانے میں شبیر احمد شگری کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمیں دوبارہ اکھٹا کیا، ہماری خواہش ہے کہ یہاں پھر سے جشن اہلبیت کرام علیھم السلام، حسن قرات، تقریری مقابلوں کی محافل اور نمائشوں کی وجہ سے خانہ فرہنگ آباد ہو۔ یہاں موجود مشائخ اپنی اپنی جگہ بہترین مقام رکھتے ہیں اور ان میں سے ہر نفر کے پیچھے ہزاروں عقیدتمند موجود ہیں۔

امجد حسین چشتی جنرل سیکرٹری جمعیت علمائے پاکستان نیازی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران لاہور جعفر روناس کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ جب انقلاب اسلامی ایران آیا اور لوگوں نے امام خمینی ؒ کیخلاف باتیں کیں تو سب سے پہلے ہمارے قائد مولانا عبدالستار نیازی نے امام خمینیؒ کی حمایت کی، جو اس وقت ممبر اسبلی تھے۔ ہم قاسم سلیمانی کے چہلم کے موقع پر ایران گئے وہ صرف ایران کے نہیں ہر غیرتمند مسلمان کے لیڈر تھے۔ ہمارا یہ بھی مطالبہ ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائین کے منصوبے کو  بھی پورا کیا جائے۔ علمائے اہلسنت کونسل کے نائب صدر محمد حسین گولڑوی نے کہا کہ یہاں پر مشائخ عظام اور اتحاد بین المسلمین  کے قائدین موجود ہیں، ہم سب کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران لاہور جعفر روناس کو پاکستان اور شہر لاہور میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ اس موقع پر محمد حسین گولڑوی نے پیر سید نصیر الدین نصیر کے فارسی میں خوبصورت اشعار اور نعتیہ کلام بھی پڑھا اور ساتھ ہی پیر مہر علی شاہ کے بارے میں بھی بتایا کہ وہ صرف صوفی نہ تھے بلکہ مدبر اور عالم دین بھی تھے، وہ شاعر ہفت زبان تھے اور ان کی فارسی کتاب "مجموعہ آغوش حیدر" تہران یونیورسٹی کے نصاب میں شامل ہے۔

جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے چئیرمین معصوم حسین نقوی کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے پاکستان علما و مشائخ کی سب سے بڑی جماعت ہے، آج یہان موجود افراد سے آپ اندازہ لگا لیں کہ ہم آپ سے کتنا پیار کرتے ہیں اور جس طرح گزشتہ دور میں پروگراموں کا سلسلہ تھا اسے دوبارہ شروع کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو خانہ فرہنگ کا ڈائریکٹر نہیں بلکہ امت مسلمہ کا سفیر بھی سمجھتے ہیں، اس لئے آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل  آقای جعفر روناس نے اس موقع پر  فرداً فرداً تمام علماء اور مشائخ کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں روحانی اور عرفانی چہرے دیکھ کر خوش ہوا ہوں، خانہ فرہنگ آپ کا اپنا گھر ہے یہاں آپ کو دعوت دینے کی ضرورت نہیں۔ ان شاءاللہ یہ محافل اور ملاقاتیں جاری رہیں گی۔ رمضان المبارک کی آمد بھی نزدیک ہے اور میں آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ رمضان المبارک میں قرآنی محافل کے پروگرام بھی ہوں گے جن میں آپ بھی شرکت کریں۔

ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ کا مزید کہنا تھا کہ جمعتہ الوداع یوم القدس مسلمانوں کا اہم دن ہے جسے ہم سب کو بھرپور انداز میں منانا چاہیئے۔ تقریب میں علامہ اصغر عارف چشتی ترجمان مذہبی امور پاکستان تحریک انصاف مشائخ ونگ، مفتی سید عاشق حسین شاہ مہتمم دارالعلوم  فاطمۃ الزھرا سلام اللہ علیھا، پپیر امیر سلطان سجادہ نشین اوگالی شریف وادی سون، خوشاب پنجاب، سید مناظر حسین گیلانی، سید عقیل حیدر رابطہ سیکرٹری جمعیت علمائے پاکستان نیازی، اور ماہر امور فرہنگی شبیر احمد شگری موجود تھے۔ جنھوں نے ترجمان کے فرائض ادا کئے۔ تقریب کے آخر میں دعائے خیر کی گئی اور وحدت و یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

Read 561 times