سلیمانی
اسلام آباد میں ’’انقلاب اسلامی، مظہر وحدت امت مسلمہ‘‘ سیمینار کا انعقاد
رہبر کبیر امام خمینی (رہ) کی قیادت میں انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ کی مناسبت سے دنیا بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا، اس سلسلے میں پاکستان میں بھی مختلف تقاریب، سیمینارز اور مذاکروں کا اہتمام کیا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام بھی انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ کی مناسبت سے سیمینار بعنوان ’’انقلاب اسلامی، مظہر وحدت امت مسلمہ‘‘ کا اسلام آباد میں انعقاد ہوا۔ سیمینار میں مختلف مذہبی، سیاسی رہنماوں، دانشوروں اور سینیئر صحافیوں نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہمارے لیے آج کا دن عید کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ انقلاب اسلامی ایران اپنے 45ویں سال میں داخل ہوگیا ہے، انقلاب اسلامی ایران نہ تو مغرب اور نہ ہی مشرق کے نظریہ پر وجود میں آیا بلکہ خالصتاً اسلامی نظریہ پر برپا ہوا، جسے دنیا میں منفرد و نمایاں مقام حاصل ہوا، فلسطین آج انقلاب اسلامی کی وجہ معتبر ہوا، ایران نے موجودہ دور کی ترقی میں بدترین پابندیوں کے باوجود ہر شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی ہمارے لیڈر وہ ہوسکتے ہیں، جو نڈر اور بے باک ہوں، قوم کا درد رکھتے ہوں، نہ کہ ڈرے ہوئے، سہمے ہوئے ہوں۔ اسلامی دنیا کی سربراہی کے نام نہاد دعویدار سارے ہیں، لیکن حقیقت میں فلسطین کو ایک گولی تک دینے سے عاری ہیں، لیکن انقلاب اسلامی نے ان مقاومتی تحریکوں میں نئی روح پھونک دی، انقلاب اسلامی ایران نے امریکی استعماریت کی سپرمیسی کو ملیا میٹ کر دیا، امریکہ نہیں سننا چاہتا کہ ہمارے ملک کی آزاد خارجہ و داخلہ پالیسی ہو، طاغوت کو ایبسلوٹلی ناٹ کہنا قرآنی حکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران مت بکیں، مت پست ہوں، ہم بھوک اور سختیاں برداشت کر لیں گے، لیکن کسی کی غلامی برداشت نہیں کریں گے۔ میرے ملک کے باعزت و کریم عوام اٹھیں، مسلم غیر مسلم اٹھیں، شیعہ، سنی کھڑے ہوں، بلوچ، سندھی، پختون اور پنجاب کے باسی اٹھیں اور اپنے ملک کی عزت کی خاطر کمزور اور غیر ملکی کاسہ لیس حکمرانوں سے اپنے ملک کو محفوظ کریں۔
قبل ازیں سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلزپارٹی کے رہنماء سید نیئر حسین بخاری نے سیمنیار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے تمام عاشقان انقلاب اسلامی ایران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، انقلاب لانے کے لیے قربانی دینا ضروری ہے اور اسے قائم رکھنے کے لیے اس سے بھی بڑھ کر قربانیاں ایرانی عوام نے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران وہ اسلامی ملک ہے، جس نے مسالک سے بالاتر ہو کر فلسطین اور کشمیر کے مظلومین کی حمایت کی۔ ہمارے ملک کے ساتھ بھی ایرانی عوام کا خلوص روز روشن کی طرح عیاں ہے، ان پر پابندیوں کے باوجود وہ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں۔ لہذا ہمیں بھی اپنے ملک کے وسیع تر مفادات کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے۔
ایران کے ثقافتی قونصلر اسلام آباد جناب احسان خزاعی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شکریہ اور مبارک باد پیش کرتا ہوں، میں اس اقدام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے ظلم کی تمام تر زنجیروں کو توڑ پھینکا، ہمیں اپنی وحدت کی حفاظت اور تربیت بھی کرنی چاہیئے، کیونکہ اسلام دشمن عناصر امت مسلمہ کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی ہر ممکن کوشش میں مصروف ہیں، انقلاب اسلامی ایران ایک بہت بڑی ثقافتی تبدیلی کا نام ہے اور دنیا میں آنے والے دیگر انقلابات سے ممتاز ہے۔
علاوہ ازیں وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انقلاب اسلامی ایران جن مقاصد اور اہداف کے طور پر آیا، وہ اپنے اہداف پر موجود ہے۔ استقلال، آزادی اور جمہوری اسلامی یعنی ہمارا ملک کسی شرقی و غربی بلاک کا حصہ نہیں، امریکی مداخلت ہمارے ملک کی پہچان بن چکی ہے، ہم اپنے ملک کے فیصلے خود نہیں کرسکتے۔ امام خمینی (رہ) نے مغرب کے بڑے بڑے ماہرین اور دانشمندوں کے منصوبوں کی ایک فیصلے سے سے بساط لپیٹ دی، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورا ہفتہ وحدت کے طور پر اعلان کیا، ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منانے کے عظیم اعلان نے فلسطین کے مسئلے کو ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا۔
معروف اینکر پرسن امیر عباس نے کہا کہ ایرانی انقلاب بیسویں صدی کا غیر معمولی انقلاب ہے، باقی سب انقلاب ناکام ہوگئے، لیکن یہ واحد انقلاب ہے جو ناکام نہیں ہوا جبکہ چلی، اٹلی، فرانس اور افریقی انقلاب مٹ گئے، کیونکہ یہ انقلاب جن اہداف کو دوام دینے کے لیے وقوع پذیر ہوا، ان کو رائج کیا۔ ایران کے انقلاب نے پہلوی اور قاچاری بادشاہت کے ظالم ترین نظاموں کو ملیا میٹ کر دیا۔ مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ امام خمینی (رہ) کے اس عظیم انقلاب سے پہلے امت مسلمہ میں قوت مدافعت ختم ہوگئی تھی، مقاومت نام کی کوئی چیز نہیں تھی تو امام خمینی کا یہ طرہ امتیاز ہے کہ جنہوں نے روشن ضمیری اور رمز قرآن کو جاننے والے نے پوری امت مسلمہ کو نئی جہت اور جلا بخشی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی ایران ہی موجب بنا کہ اسلام کو اب کوئی جھکا نہیں سکتا۔ سیمینار میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے شرکت کی، پروگرام کے دیگر مقررین میں علامہ حیدر علوی، علامہ اقبال بہشتی اور ملک اقرار حسین بھی شامل تھے۔
خصوصی رپورٹ: عدیل عباس زیدی
عالمی میڈیا میں انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ کی کوریج
اسلام ٹائمز۔ دنیا کے مختلف ذرائع ابلاغ نے انقلاب اسلامی کی 44ویں سالگرہ کی تقریبات میں ایرانی عوام کی پرجوش شرکت کو رپورٹ کیا اور کوریج دی۔ اس حوالے سے روسی نیوز ایجنسی "اسپوٹینک" نے انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ پر نکلنے والی ریلیوں کی تصاویر جاری کیں اور لکھا کہ "عماد" بیلسٹک میزائل اور "شاہد 136" ڈرون کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر تہران کے آزادی اسکوائر میں آویزاں کیا گیا۔ عرب میڈیا "المیادین" نے بھی گیارہ فروری کی مناسبت سے نکلنے والی ریلیوں کی لائیو کوریج کی۔ اسی مناسبت سے المیادین نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر لکھا کہ ایران میں انقلاب اسلامی کی 44ویں سالگرہ پر نکلنے والی ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت کا کیا راز ہے۔؟ نیز چینی سفارت کار نے مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے ایران اور چین کے درمیان پائیدار دوستی جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ایران میں وقار اور خودمختاری اسلامی انقلاب کا تحفہ تھا: پاکستانی اسپیکر
تہران، ارنا – پاکستانی اسپیکر نے کہا ہے کہ اسلامی انقلاب کی فتح اسلامی جمہوریہ ایران کے لیے ایک اہم موڑ تھی اور وقار اور خودمختاری اس کا تحفہ تھا۔
یہ بات راجا پرویز اشرف نے ہفتہ کے روز ایک پیغام میں اپنے ایرانی ہم منصب محمد باقر قالیباف اور ایرانی عوام کو اسلامی انقلاب کی فتح کی 44ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی واقعہ ایران کی تاریخ میں ایک اہم موڑ تھا جسے علاقے اور دنیا پر بہت ہی موثر تھا۔
پرویز اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ ایران میں اسلامی انقلاب امید کا ایک نیا دور لے کر آیا کیونکہ ایرانی عوام اپنے وقار اور خودمختاری کے حصول کے لیے ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔
نائب پاکستانی اسپیکر "زاہد درانی" نے بھی اپنے ایرانی ہم منصب اور ایرانی قوم کو انقلاب اسلامی کی فتح کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایران کی ترقی، خوشحالی، امن اور فخر کے لیے دعاگو ہیں۔
دنیا کی کوئی بھی طاقت انقلاب اسلامی کا مقابلہ کرنے کی تاب نہیں رکھتی: شیخ زکزاکی
ائیجریا کی اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ زکزاکی نے کہا ہے کہ غربی اورصیہونی اتحاد کبھی بھی فتح حاصل نہیں کر پائے گا اورایران اسلامی اوردنیا کے اندر اسلامی نور کو بجھا نہیں پائے گا۔
انہوں نے انقلاب اسلامی کی چوالیسویں سالگرہ کے عنوان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امام خامنہ ای وہی امام خمینیؒ ہیں اورہم کہہ سکتے ہیں کہ امام خمینیؒ اگرچہ جسمانی طور پر ہمارے درمیان نہیں لیکن ان کی روح امام خامنہ ای میں موجود ہے۔
انہوں نے نائیجریا میں اسلامی تحریک کی تمام تر مخالفت، تشدد اور دشمنی کے باوجود ترقی اور پیشرفت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک انشاء اللہ حضرت صاحب الزمان (عج) کے ظہور تک جاری رہے گی اور کوئی بھی طاقت اس کا راستہ نہیں روک سکتی۔
شیخ زکزاکی نے نائیجریا میں شیعوں کے علاوہ اہل سنت اورعیسائیوں کے اسلامی تحریک کو پسند کرنے اور اس کا حصہ بننے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اہل سنت ، اہل تشیع اورحتی عیسائی بھی سب عدالت اورانسانیت کے ساتھ زندگی گزارنے کے خواہاں ہیں اور ان کا اس بات پر اعتقاد ہے کہ اسلامی تحریک ہی وہ تحریک ہے جو امور کی اصلاح کر سکتی ہے اور عوام کو مشکلات سے نکال سکتی ہے۔
انہوں نے جیل میں گزرے سالوں میں اسلامی تحریک کے جاری رہنے کے راز سے پردہ ہٹاتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی پہلی بار نہیں تھا کہ میں جیل گیا ہوں، تحریک کی فعالیت ہرگز نہیں رکی اورمیرے جیل جانے سے بھی یہ تحریک جاری رہی ہے اور الحمداللہ برادران موجود ہیں جو اپنے وظیفہ پر عمل درآمد کرکے اس تحریک کا جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شیخ زکزاکی 1935 میں نائیجریا کی ریاست کادونا کے علاقہ زاریا میں پیدا ہوئے، وہ اسلامی تحریک کے بانی اور ایک باتجربہ سیاستدان ہیں۔ انہوں نے اپنی جوانی میں امام خمینیؒ کے افکار سے آشنائی حاصل کی، ان سے متاثر ہوکر دینی اوراجتماعی سرگرمیوں کا آغاز کیا ۔
انہوں نے 1979 میں پیرس میں امام خمینیؒ سے ملاقات کی اوران کی شخصیت سے بہت زیادہ متاثر ہوئے،انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد وہ ایران آئے اور قم میں اپنی دینی تعلیم کا آغاز کیا اورتعلیم کے بعد واپس اپنے وطن نائیجریا لوٹ گئے اور وہاں پر انہوں نے اسلامی تحریک کی بنیاد رکھی اور پورے نائیجریا اورہمسایہ ممالک میں دینی مدارس کی بنیاد ڈالی جن کی تعداد 300 سے زیادہ ہے۔
اپنی دینی اور تبلیغی فعالیت کیوجہ سے انہیں کئی بار گرفتار کیا گیا۔ 2015 میں نائیجریا میں ان کے مرکز امام بارگاہ بقیہ اللہ میں فوج نے حملہ کر دیا جس میں سینکڑوں افراد شہید ہوگئے جن میں شیخ زکزاکی کی اپنے بیٹے بھی شامل تھے اور اس میں ان کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی، انہیں گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا گیا۔ ابھی تک شیخ زکزاکی کے چھ بیٹے ، ان کی بہنوں اوربھائیوں کے بیٹے بھی گزشتہ سالوں میں شہید ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ نائیجریا کی حکومت نے شیخ زکزاکی کی والدہ اور ان کے شہید بیٹوں کی قبور کو بھی ملیامیٹ کر دیا ہے
انقلاب اسلامی مفاداتی نہیں آفاقی شعوری انقلاب ہے، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے انقلاب اسلامی کی 44ویں سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ 1979ء میں انقلاب اسلامی جن آفاقی اہداف کے لئے برپا کیا گیا وہ ایسے ہیں کہ جس پر امت مسلمہ اور تمام باشعور انسان متحد و متفق ہے، انقلاب اسلامی کے لئے عوامی جدوجہد کا طریقہ کار اختیار کیا گیا جو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔ چنانچہ اگر امت مسلمہ کے اندر ملی یکجہتی کو مضبوط بناکر کوشش کی جائے اور عوام کو متحرک کیا جائے تو عوام کی طرف سے مثبت تعاون سامنے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کا بھی سب سے بڑا درس یہی ہے کہ قرآن و سنت کی آفاتی تعلیمات کا نفاذ ہو، تفرقے اور انتشار کا خاتمہ ہو، اتحاد کی فضاء قائم ہو لٰہذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں، تفرقہ بازی اور انتشار اور اس کے اسباب و عوامل کے خاتمے کی کوشش کریں اور پرامن عوامی جدوجہد کے ذریعہ تبدیلی لانے کی جدوجہد کریں۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے قائد اور رہبر حضرت امام خمینیؒ نے انقلاب برپا کرتے وقت اسلام کے زریں اصولوں اور پیغمبر اکرم ص کی سیرت و سنت کے درخشاں پہلوﺅں سے ہر مرحلے پر رہنمائی حاصل کی۔ یہی وجہ ہے کہ تمام سازشوں، مظالم، زیادتیوں، محاصروں، پابندیوں اور دیگر ہتھکنڈوں کے باوجود انقلاب اسلامی کرہ ارض پر ایک طاقتور انقلاب کے طور پر جرات و استقامت کی بنیادیں فراہم کررہا ہے، جس کی قیادت رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای مدظلہ کررہے ہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی نے اسلامی تہذیب و ثقافت کے فروغ اور امت مسلمہ کو استعماری و سامراجی قوتوں کے مذموم عزائم سے باخبر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا اور آج یہ جدوجہد ایک اہم ترین موڑ میں داخل ہوچکی ہے چنانچہ عالمی استعمار خائف ہوکرمختلف خطوں میں اسلامی دنیا کے خلاف نت نئی سازشوں میں مشغول ہے مگر انقلاب کے خلاف یہ تمام سازشیں ناکام ہونگی کیونکہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کا ایک ہی راز ہے کہ یہ محض عارضی اور مفاداتی انقلاب نہیں بلکہ آفاقی شعوری انقلاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ یہ انقلاب عالم اسلام اور انسانیت کا ترجمان انقلاب ہے، جس کے لیے سینکڑوں علماء، مجتہدین، مجاہدین، اسکالرز، دانشوروں اور عوام نے اپنی فکر، اپنے قلم، اپنی صلاحیت، اپنے عمل، اپنے سرمائے، اپنی ذات اور اپنے خاندان کی قربانیاں دے کر انقلاب اسلامی کی عمارت کو مضبوط کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی نے مسلمانوں کو ان کے مشترکات پر جمع کرنے اور فروعات کو نظر انداز کرنے کا جو درس دیا وہ قابل تقلید ہے۔ اسی درس اخوت و وحدت کے ثمرات دنیا کے تمام ممالک میں پھیل رہے ہیں چنانچہ پاکستان میں تمام مکاتب فکر کو مشترکات پر اکٹھا کرنے کا اعزاز ہمیں حاصل ہوا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں بھی آئین کی روشنی میں ایک ایسے عادلانہ نظام کی ضرورت ہے جس کے تحت تمام لوگوں کے حقوق کا تحفظ ہو، امن و امان کی فضاء پیدا ہو، عوام کو پرسکون زندگی نصیب ہو، لہٰذا عوام اور خواص سب کے اندر اتحاد و وحدت اور یکسوئی کے ساتھ جدوجہد کرنے کا شعور پیدا کرکے پرامن انداز میں پرامن طریقے اور راستے کے ذریعے تبدیلی لائی۔
گیارہ فروری ایران میں استبداد کے خاتمے کا دن: صدر رئیسی
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے تہران کے آزادی اسکوائر پر چوالیسویں جشن انقلاب کے شرکا سے اپنے خطاب میں جشن انقلاب کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بائیس بہمن مطابق گیارہ فروری، صدی کا معجزہ اور ایران سے استبداد اور اس سے وابستگی کے خاتمے اور استقلال و آزادی اور اسلامی جمہوریہ کے آغاز کا دن ہے۔ صدر مملکت نے ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ایرانی عوام کے ملین مارچ میں کی جانے والی بھرپور شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ایرانی عوام نے اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، شہدائے انقلاب، اور انقلاب کی اعلی و ارفع امنگوں سے عہد و پیمان کیا اور یہ میثاق ووٹ کی اہمیت سے کہیں زیادہ بالاتر ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے مختلف شعبوں منجملہ سائنس و ٹیکنالوجی، اقتصادی اور دفاعی نیز میڈیکل و صحت کے شعبوں میں ایران کی ترقی و پیشرفت اور کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے شعبوں میں ایران کا شمار علاقے میں اس وقت صف اول اوردنیا کے چوتھے ، پانچویں اور چھٹے ملک کی حیثیت سے ہوتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مختلف شعبوں میں ایران کی شاندار ترقی و پیشرفت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ دشمن ایران کی پیشرفت کو برداشت نہیں کرپا رہا ہے۔
صدر مملکت رئیسی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے آج تمام دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود مختلف سائنسی، اقتصادی اور دفاعی، اور میڈیکل سائنس کے میدانوں میں غیر معمولی ترقی کی ہے اور یہ کامیابی دشمن کو برداشت نہیں ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے جب یہ دیکھا کہ ایرانی عوام کی ترقی و پیشرفت کو نہیں روکا جاسکتا تو انہوں نے ایران میں بلوے اور ہنگامے کرانے کا منصوبہ تیار کرلیا لیکن انہیں ان سازشوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
صدر ابراہیم رئیسی نے جشن انقلاب کی ریلیوں میں کروڑوں ایرانیوں کی شرکت کو ایرانی عوام کے قومی اتحاد کا شاندار جلوہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پچھلے دنوں ہونے والے بلووں میں، دشمن کے فریب میں آگئے تھے انہیں یہ جان لینا چـاہئے کہ قوم کی آغوش کھلی ہوئی ہے اور وہ دوبارہ قوم کی آغوش میں لوٹ آئیں اور ہماری حکومت رہبرانقلاب اسلامی کی پدرانہ محبت وشفقت کو عملی شکل دے گی۔
انھوں نے اپنے خطاب میں ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے میں جانی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران مشکل کی گھڑی میں اپنے دوست اور ہمسایہ ملکوں کے ساتھ کھڑا ہے اور دشمن کو جان لینا چاہئے کہ اگر وہ اس علاقے میں اپنا قدم جمانے کی کوشش کر رہا ہے تو سخت غلطی میں ہے-
صدر مملکت نے کہا کہ ایران سمجھتا ہے کہ علاقے کی سلامتی کی ضمانت، علاقے سے امریکی فوجیوں کا انخلا ہے۔
اسلامی انقلاب کی 44 ویں سالگرہ، ایران امریکا مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا
تہران : ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی 44 ویں سالگرہ پر پورا ملک امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ جشن انقلاب کی 44 ویں بہار کا سلسلہ صبح ہوتے ہی ہوگیا۔ ملک کے 1400 چھوٹے بڑے شہروں اور چار ہزار سے زائد دیہی علاقوں میں مختلف شکلوں میں عوامی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ پورے میں صبح ٹھیک ساڑھے نو بجے ریلیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ ریلیوں کے شرکا نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ، ولی امرمسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تصاویر اٹھارکھی ہیں۔ تہران میں مرکزی تقریب آزادی اسکوائر پر ہوئی۔جشن آزادی کی خصوصی تقریبات کا سلسلہ گزشتہ شب سے ہی اپنے عروج کو پہونچ گیا جس کے تحت ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں بڑے زور و شور سے جشن منایا گیا، آتش بازی اور نوربارانی کا خاص اہتمام ہوا اور اسلامی اقدار پر استوار انقلاب کی نعمت پر بطور شکرانہ پورے ملک نے ٹھیک نو بچے صدائے اللہ اکبر بلند کی۔ دارالحکومت تہران میں بھی اہم مراکز پر جشن انقلاب کی خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں اور بھرپور لآتشبازی کی گئی۔ شہر کے آزادی اسکوائر بھی جشن کا خصوصی سماں نظر آیا جس کے دوران اسلامی انقلاب کی 44ویں فجر کے طلوع ہونے پر آزادی ٹاور پر ایک طلائی تمغہ بھی آویزاں کیا گیا اور ملک کے معروف ترانہ خواں اور فنکار حضرات نے قومی و ملی ترانے پیش کئے۔
تباہ کن زلزلے کے موقع پر بھی سیاست، امریکا کا شام کی مدد سے انکار
دمشق: انسانی حقوق کا دعویٰ کرنے والے امریکا نے شام میں تباہ کن زلزلے سے متاثرین کے لئے کسی بھی قسم کی امداد دینے سے انکار کردیا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے بدھ کو نامہ نگاروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم شام میں جاری امدادی کارروائیوں کے دوران کسی بھی طرح کی مدد نہیں کریں گے۔ شام میں ہمارے انسان دوستانہ مراکز ہیں اور ہم انہیں بجٹ فراہم کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر یہ کہہ رہے ہیں کہ زلزلے سے متاثرین کو نجات دلانے کے عمل میں ہم شام کی کوئی مدد نہیں کریں گے۔ انٹونی بلنکن نے یہ ایسے وقت کہا ہے جب متاثرین کو فوری طور پر عالمی سطح کی انسان دوستانہ امداد کی اشد ضرورت ہے ۔
وَالْفَجْرِ ﴿۱﴾سوگند به سپيده دم (۱) وَلَيَالٍ عَشْرٍ ﴿۲﴾
ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کا جشنء پورے ملک میں ریلیوں کی تیاریاں مکمل
ایران کے تمام شہروں اور قصبوں و دیہاتوں میں گیارہ فروری کے جشن انقلاب کا ملین مارچ ہفتے کی صبح شروع ہو جائے گا جس میں کروڑوں کی تعداد میں ایرانی عوام شرکت کرکے اسلامی انقلاب کی امنگوں اور اقدار سے اپنی وفادار کا بھر پور اعلان کریں گے
اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل کے چیئرمین نے اعلان کیا ہے کہ جشن انقلاب کی ریلیاں ایران کے ایک ہزار چار سو سے زائد شہروں اور اڑتیس ہزار قصبوں اور دیہاتوں میں نکالی جائیں گی۔
دارالحکومت تہران میں بھی ہمیشہ کی طرح عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت سے ایک اور تاریخی کارنامہ رقم کیا جائے گا۔
اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل کے چیئرمین موسی پور نے کہا کہ جشن انقلاب کی ریلیوں کے راستوں میں واقع اسٹالوں میں ایرانی ہنری اور دستکاری صنعتوں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔
تہران میں جشن انقلاب کے اجتماع سے صدر رئیسی خطاب کریں گے



















![جناب خدیجہ کبری[س] کی سیرت](/ur/media/k2/items/cache/ef2cbc28bb74bd18fb9aaefb55569150_XS.jpg)
