Super User

Super User

حزب اللہ، فلسطین کے مزاحمتی گروہوں کی حمایت کرتی ہےحزب اللہ لبنان کے سربراہ سیدحسن نصراللہ نے کہا ہے کہ لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ، فلسطین کی اسلامی مزاحمتی گروہوں کی حمایت کرتی ہے۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل سے ٹیلی فونک گفتگومیں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیموں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے فلسطینی مجاہدین کی غیرمعمولی استقامت کو سراہا۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے اس کے ساتھ ہی جہاد اسلامی کے سکریٹری جنرل رمضان عبداللہ کی بھی بھرپور حمایت کااعلان کیا اور کہا کہ حزب اللہ موجودہ صورت حال میں صیہونی حکومت کے مقاصد کوناکام بنانے کےلئۓ فلسطینی گروپوں کے ساتھ ہرقسم کا تعاون کرنے کو تیار ہے۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ صیہونی وزیراعظم کو غزہ پٹی پر حملے میں بڑی طاقتوں کی حمایت حاصل ہے تو غزہ کے مظلوم عوام اور فلسطینی جہادی تنظیموں کو لبنانی مزاحمتی گروپوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

نجف، اپنے عیسائی ہم وطنوں کو پناہ دے گاعراق کا صوبہ نجف ان عیسائیوں کو پناہ دینے کے لئے آمادہ ہے کہ جو تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے زبردستی اسلام قبول کرنے یا جزیہ ادا کرنے کی دھمکی کے بعد موصل شہر سے فرار کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ عراق کی السومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق صوبے نجف اشرف میں انسانی حقوق کمیٹی کے سربراہ محسن التمیمی نے کہا ہے کہ نجف اشرف کی صوبائي کونسل عراق کے شمالی شہر موصل اور اس کے مضافات سے نقل مکانی کرنے والی عیسائی خاندانوں کا خیرمقدم کرتی ہے اور عیسائی خاندانوں کو اس صوبے میں پناہ دینے کے لئے مکمل طور پر آمادہ ہے۔ واضح رہے کہ دہشتگرد تکفیری گروہ داعش نے موصل شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں آباد عیسائیوں کو ہفتہ کے دن تک کی مہلت دی تھی کہ وہ اسلام قبول کریں یا پھرجزیہ ادا کریں اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ان کو قتل کردیا جائے گا۔ دہشتگرد گروہ داعش نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ موصل کے عیسائيوں کو موصل سے اپنا مال لے جانے کی اجازت نہیں ہے اور ان کے گھر بھی داعش کے قبضے میں آجائیں گے۔ عیسائیوں کے لئے داعش کے الٹی میٹم کے ساتھ ہی موصل کے عیسائیوں نے اپنا گھر بار چھوڑ دیا ہے اور وہ عراق کے پر امن علاقوں کی طرف نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق عراق کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ عیسائيوں کو زبردستی اسلام قبول کرنے یا جزیہ ادا کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

ملک کی عزت، شہداء کے خون کی برکت سے ہےاسلامی جمہوریہ ایران کی برّی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ملک کی عزت، سلامتی اور توانائی، شہداء کے خون کی برکت سے ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق جنرل احمد رضا پوردستان نے تھران میں فوجی یونیورسٹی میں ہونے والی تقریب میں کہا کہ آج ہمارے بعض ہمسایہ ملکوں میں بدامنی اور داخلی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، لیکن شہداء کے خون کی برکت سے ایران، امریکہ کے مقابلے میں پوری طاقت و توانائی سے ڈٹا ہوا ہے اور اپنے حقوق کا دفاع کررہا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی برّی فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ امریکہ، سپر طاقت کے عنوان سے پہچانا جاتا تھا، لیکن شہداء کے خون کی برکت سے دنیا میں امریکہ کی برتری کا خاتمہ ہوگيا اور اگر یہ شہداء نہ ہوتے تو ایران کو یہ عظمت حاصل نہیں ہوتی۔

غزہ پر زمینی حملے کو وسعت دیں گے، صہیونی حکومتغاصب صہیونی حکومت کی فوج نے غزہ پر زمینی حملے کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق صہیونی حکومت کی فوج نے آج صبح اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہےکہ وہ غزہ میں اپنے زمینی حملے کو وسعت دے رہی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ 13 روز کے دوران غزہ پر صہیونی حکومت کے فضائي اور زمینی حملوں میں 350 فلسطینی شہید اور 2600 زخمی ہوچکے ہیں۔ ادھر فلسطینی مزاحمت نے صہیونی حکومت کے ہر قسم کے حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کے علاقے کو صہیونی حکومت کے فوجیوں کے قبرستان میں تبدیل کردیا جائے گا۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ مزاحمت کے راکٹی حملوں سے صہیونی علاقوں میں شدید وحشت طاری ہے اور صہیونی پرامن مقامات کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی کارروائیاں، ناجائز قبضے کو مستحکم کرنے کا بہانہاسلامی تعاون تنظیم کے سابق سیکریٹری جنرل نے غزہ میں غاصب صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترکی کے نیوز چینل ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق اکمل الدین احسان اوغلو نے غزہ کے مظلوم عوام پر صہیونی حکومت کے وحشیانہ فضائی و زمینی حملوں کے جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی شہید و زخمی ہوئے ہیں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، اپنی وحشیانہ کارروائیوں کے ذریعے رعب و وحشت پھیلا کر مقبوضہ علاقوں پر اپنے ناجائز قبضے کو مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ اکمل الدین احسان اوغلو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سابق سیکریٹری جنرل نے فلسطینی عوام کے دوست ممالک سے اپیل کی کہ صہیونی حکومت کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کریں۔

الجزائر بم دھماکہ، سات سیکیورٹی اہلکار ہلاکالجزائر کے وسطی صوبے سدی بیل ابس میں سڑک کنارے بم دھماکے کے نتیجے میں سات سیکیورٹی اہل کار ہلاک ہوگئے ہیں۔ فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق شدت پسندوں کی جانب سے سیکورٹی اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ الجزائر کے وسطی صوبے سدی بیل ابس میں گشت کررہے تھے۔ الجزائر کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 3 فوجی اور 4 میونسپل گارڈز شامل ہیں جب کہ حملہ کرنے والوں کا تعلق اسلامی شدت پسند تنظیم سے ہے۔ واضح رہے کہ موجودہ حملہ اپریل میں ہونے والے حملے کے بعد سب سے بڑا حملہ ہے جس میں 14 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

اسلامی حکومتوں اور ملتوں کو بیدار ہوجانا چاہۓ

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے غزہ پٹی کی افسوسناک صورتحال سے متعلق ایران کے صدر اور حکومت کے بہت ہی مناسب مواقف کو سراہا ہے۔ صدر مملکت اور ان کی کابینہ نے کل رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ پٹی کی افسوسناک صورتحال ، فلسطینی عوام خصوصا فلسطینی بچوں اور خواتین کے قتل عام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ غزہ کی صورتحال واقعی تکلیف دہ ہے اور صیہونی حکومت اسلامی دنیا کی غفلت سے فائدہ اٹھا کر یہ مظالم روا رکھ رہی ہے۔ حضرت آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ غاصب صیہونیوں کے ہاتھوں غزہ کے لوگوں کے قتل عام کو دیکھ کر اسلامی حکومتوں اور ملتوں کو بیدار ہوجانا چاہۓ اور اپنے اختلافات ختم کرتے ہوئےآپس میں متحد ہوجانا چاہۓ۔

اسلامی حکومتوں اور ملتوں کو بیدار ہوجانا چاہۓ

رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر غور و فکر کے ساتھ قرآن کریم کی تلاوت ، رمضان المبارک سے فائدہ اٹھانے اور اس مہینے کے اعمال بجالانے کو اللہ تعالی کے ساتھ رابطے اور اپنے نفس پر قابو پانے کے اہم ترین راستے قرار دیا۔ اس ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے حکومت کی کامیابیوں کو عوامی حمایت اور رہبر انقلاب اسلامی کی پشت پناہی کا مرہون منّت قرار دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے صہیونی جارحیت کی مذمتپاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے غزہ پر غاصب صہیونی حکومت کے حملوں اور فلسطینیوں کو خاک و خون میں غلطاں کیئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے فلسطین کی سرزمین میں صہیونی حکومت کی جارحیت اور فلسطینیوں کے قتل عام کو رکوانے کے لئے عالمی اداروں خاص طور سے اقوام متحدہ کے فوری اقدام کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر فلسطین کے عوام کے حقوق کے دفاع اور بیت المقدس کے دارالحکومت کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے اسلام آباد حکومت کے عزم و ارادے اور وعدے پر تاکید کی۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے عوام کے دکھ درد اور غم میں برابر کا شریک ہے اور ہر مشکل گھڑی میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری، ایک سو ساٹھ شہیدغزہ پر اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں اتوار کی شام تک شہید ہونے والوں کی تعداد ایک سو ساٹھ ہوگئی جب کہ اب تک زخمی ہونے والوں کی تعداد ہزاروں سے تجاوز کرچکی ہے،اس کے علاوہ ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہیں،تاہم اسرائیلی جارحیت رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ادھر فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ سے غزہ کی صورتحال پر فلسطین کو عالمی تحفظ دینے کا مطالبہ کیا ہے ،فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صدرمحمود عباس اقوام متحدہ سے فلسطین کو با ضابطہ طور پر عالمی تحفظ میں لینے اور فلسطین سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے فوری قانونی کمیٹی بنائے جانے کے لئے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کو خط لکھیں گے جو اقوام متحدہ کے خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی رابرٹ سیری کو پیش کیا جائے گا، صدر محمود عباس فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف اقوام متحدہ کا انکوائری کمیشن بنانے کا بھی مطالبہ کریں گے۔

اسرائیل انسانیت کے لۓ بہت بڑا خطرہحزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے غاصب اسرائیل کے مقابلے میں فلسطینی استقامت کی حمایت پر تاکید کی ہے۔ لبنان کی العہد خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیخ نعیم قاسم نے آج غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کو غزہ میں فلسطین کی ملت کےخلاف اس حکومت کے مظالم کے نئے مرحلے سے تعبیر کیا۔ شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ اسرائیل، خواتین ، بچوں اور عام شہریوں کو قتل کر رہاہے اور ان کے گھروں کو منہدم کر رہا ہے۔ ان حملوں سے پتہ چلتا ہے کہ اسرائیل انسانیت کے لۓ بہت بڑا خطرہ ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے اسرائيل کو بحرانوں اور جنگوں کا سبب قرار دیا اور کہا کہ ملت فلسطین پر اسرائیلی مظالم جاری ہیں لیکن عالمی اداروں نے چپ سادھ رکھی ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی استقامت بھی لبنان کی استقامت کی طرح اسرائيل کے ساتھ جنگ میں فتح حاصل کرسکتی ہے کیونکہ حق فلسطینی استقامت کے ساتھ ہے۔